تائیوانی کنٹریکٹ مینوفیکچررکمپنی نے ۳۰۰؍ایکڑاراضی کا سودا کیا۔ کمپنی نے اس زمین کیلئے ۳۰۰؍کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے
تائیوانی کنٹریکٹ مینوفیکچرر فاکسکون نے بنگلور میں۳۰۰؍ ایکڑ اراضی خریدی ہے۔ اس زمین پر ایپل کی آئی فون بنانے کی فیکٹری لگائی جائے گی۔ کمپنی نے بنگلور کے دیوان ہل علاقے میں اس زمین کیلئے۳۰۰؍ کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔ یہ زمین کا سودا اس کی ذیلی کمپنی فاکسکون ہون ہائی ٹیکنالوجی انڈیا میگا ڈیولپمنٹ کے ذریعے کیا گیا ہے۔ منگل کو لندن اسٹاک ایکسچینج میں ایک فائلنگ کے ذریعے یہ اطلاع دی گئی۔فاکسکون ایپل کی مصنوعات کی ایک بڑی صنعتکار ہے۔
ایک لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا
بتایا جا رہا ہے کہ اس زمین پر۷۰۰؍ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے ایک جدید ترین فیکٹری بنائی جائے گی۔ اس فیکٹری کی تعمیر کے بعد تقریباً ایک لاکھ افراد کو روزگار فراہم کرنے کی بات کہی جارہی ہے۔ اس سال مارچ میں مرکزی آئی ٹی وزیر راجیو چندر شیکھر اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰـ بسواراج بومائی نے ایسا دعویٰ کیا تھا۔
چین پر انحصار کم ہوگا
چین اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے بہت سی کمپنیاں چینی سپلائرس پر انحصار کم کر رہی ہیں۔ وہ اپنے کنٹریکٹ مینوفیکچررس پر دوسرے ممالک میں پلانٹ لگانے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔فاکسکون کے ہندوستان میں دوسرا پلانٹ لگانے کے فیصلے کو بھی اس سے جوڑا جا رہا ہے۔
فاکسکون آئی فون بنانے والی دوسری بڑی کمپنی
ایپل اپنے آئی فون کی مینوفیکچرنگ خود نہیں کرتا بلکہ دوسری کمپنیاں کرتی ہیں۔فاکسکون آئی فون بنانے والی دوسری بڑی کمپنی ہے۔ مکمل طور پر شروع ہونے کے بعد یہ ہندوستان میں کمپنی کا سب سے بڑا پلانٹ ہوگا۔ کمپنی کے ویتنام، چین، امریکہ، ہندوستان، جاپان اورچیک جمہوریہ میں بھی پروڈکشن پلانٹس ہیں۔فاکسکون کا خود چین کے شہر زینگزو میں ایک بڑا پلانٹ ہے جس میں تقریباً۲؍ لاکھ افراد کام کرتے ہیں۔ سیزن میں یہ تعداد مزید بڑھ جاتی ہے۔
فاکسکون کا تمل ناڈو میں بھی پلانٹ ہے
فاکسکون نے ۲۰۱۹ءمیں ہی تمل ناڈو میں آئی فون مینوفیکچرنگ پلانٹ شروع کیا تھا۔ اس وقت وہاں تقریباً۱۵؍ہزار لوگ کام کرتے ہیں۔ نومبر۲۰۲۲ء میں کمپنی نے کہا تھا کہ وہ پلانٹ کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے تقریباً ۵۳؍ ہزار مزید ملازمین بھرتی کرے گی۔بنگلور میں بھی کمپنی زیادہ سے زیادہ ملازمتیں فراہم کرنے کا ہدف بنارہی ہے۔