Inquilab Logo Happiest Places to Work

تعلیم یافتہ نابینا نوجوانوں کیلئے نیرول میں مفت کمپیوٹر ٹریننگ سینٹر کا افتتاح

Updated: July 08, 2025, 12:05 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

مالی مشکلات کی وجہ سے کمپیوٹر سیکھنے سے محروم نابینا نوجوانوں کیلئے نوی ممبئی کے ’انامیکا ری ہیبلی ٹیشن فائونڈیشن‘ نے کمپیوٹر سینٹر کی سہولت مہیاکروائی

Munir Tasker, Manager, Law Department, Union Bank, inaugurating the center.
یونین بینک کے لاء ڈپارٹمنٹ کے منیجر منیر تیسکر سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے

نوی ممبئی اور اطراف کے علاقوں کےتعلیم یافتہ نابینا نوجوان بےروزگار کاسروے کرنے پر انکشاف ہوا ہےکہ کمپیوٹر کی نالج نہ ہونے سے انہیں ملازمت نہیں مل رہی ہے ،حالانکہ متعدد نابینا نوجوان کمپیوٹر سیکھنا چاہتے ہیں لیکن بھاری فیس اور مالی مشکلات کی وجہ سے وہ کمپیوٹر سیکھنے سے محروم ہیں ۔ ایسے میں نوی ممبئی کی معروف سماجی تنظیم ’انامیکا ری ہیبلی ٹیشن فائونڈیشن‘ نے اتوار کو نیرول میں ایک کمپیوٹر سینٹر کا افتتاح کیا جس میں نابینا نوجوانوں کو مفت میں کمپیوٹر کورسیز کی تربیت دینے کی سہولت فراہم کی گئی۔ سینٹر کا افتتاح یونین بینک کے لاء ڈپارٹمنٹ کے منیجر نابینا منیر تیسکر کے ہاتھوں کیا گیا ۔
 انامیکافائونڈیشن کے نگراں سبودھ جوہارے  کےمطابق ’’ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اس دور میں کمپیوٹر کی جانکاری ہونابہت ضروری ہے ، جس نے کمپیوٹر کی تربیت حاصل نہیں کی  ،ان کیلئے روزگار حاصل کرنا مشکل ہے ۔ عام نوجوانوں سے قطع نظر نابینائوں کے ساتھ بھی یہ مسئلہ درپیش ہے ۔ تعلیم یافتہ ہونے کےباوجود ان نابینائوںکو ملازمت نہیں مل رہی ہے جو کمپیوٹر چلانا نہیں جانتےہیں ۔ اس انکشاف کے بعد ہم نے نوی ممبئی کےعلاوہ چمبور، گوونڈی ، ڈومبیولی ، وانگنی اور دیگر کچھ علاقوں میں رہائش پزیر بصارت سے محروم تعلیم یافتہ نوجوانوں کا سروے کیا،جس کی رپورٹ چونکا دینےوالی آئی ہے۔ ان علاقوں کےسیکڑوں نابینا تعلیم یافتہ ہیں لیکن کمپیوٹر کی معلومات نہ ہونے سے انہیں ملازمت نہیں مل رہی ہے ۔ حالانکہ یہ نوجوان کمپیوٹر سیکھنا چاہتےہیں لیکن بنیادی کمپیوٹر کورسیز کی فیس ۵۔۶؍ ہزارروپے ہونے سے وہ کمپیوٹر نہیں سیکھ پا رہے ہیں ۔ ایسے نابینا نوجوانوں کو کمپیوٹر کی بنیادی تعلیم دینےکیلئے ہم نے مذکورہ کمپیوٹر سینٹر شروع کرنےکا فیصلہ کیا جہاں نابینا نوجوانوںکو مفت میں کمپیوٹرکی تعلیم دی جائے گی۔ ‘‘
  ایک سوال کے جواب میں انہوںنے بتایا کہ ’’ نابینائوںکے علاوہ یتیم بچوںکوبھی کمپیوٹر کی ٹریننگ کیساتھ موبائل مرمت کرنے کاکام سکھایا جائیگا۔ ۱۸؍سے ۳۰؍سال کے نابینا ان سہولیات سے استفادہ کرسکتےہیں ۔مارواڑی چال، سیکٹر ایک شیرونے گائوں، راجیو گاندھی  مجسمہ کے قریب ، نیرول ، نوی ممبئی  میں یہ سینٹر صبح ۱۱؍بجے سے شام ۶؍ بجے تک جاری رہےگا۔ فی الحال ۱۰؍نابینا نوجوانوں نے سینٹر میں نام درج کروایا ہے۔ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ’’ہم نے نوی ممبئی کے علاوہ وانگنی، گوونڈی ، چمبور اور واشی وغیرہ میں نابینا نوجوانوں سے ملاقات کر کےمذکورہ سروے تیار کیاہے۔‘‘
     سانپاڑہ یونین بینک کے لاءڈپارٹمنٹ کے منیجر منیر تسیکر ،جن کے ہاتھو ںمذکورہ سینٹر کا افتتاح کیاگیا نے کہاکہ’’ ان دنوں جس سے طرح کے مسابقتی حالات ہیں ایسےمیں عام نوجوانوں کیلئے ملازمت حاصل کرنا ایک چیلنج بناہواہے ،چنانچہ نابیناتعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے یہ مسئلہ مزید پیچیدہ ہے ۔ ایسےمیں انامیکافائونڈیشن کی جانب سے نابینا نوجوانوں کیلئے مفت کمپیوٹر ٹریننگ کی سہولت بہت اہم ہے۔ ہم ادارہ ھٰذا کے اس خدمت کا خیر مقدم کرتےہیں۔ سینٹر سے غریب  اور ضرورت مند نابنیانوجوان کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کرکے اپنے پیروں پر کھڑے ہوپائیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK