Inquilab Logo

طویل بلاک میں آج سے لوکل ٹرین مسافروں کو پریشانی نہیں ہوگیا

Updated: February 07, 2022, 11:21 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سینٹرل ریلوےکا دعویٰ ،کہا : اب طویل مسافتی ٹرینوں کیلئے کام جاری ہے اور آج رات میں وہ بھی پورا کرلیا جائے گا۔ انفرااسٹرکچر بلاک میں کئےجانے والے کاموں سےمسافروں کو مزید سہولتیں ملنے کی امید

Track repairs are being carried out during the infrastructure bl.Picture:INN
انفرااسٹرکچر بلاک کے دوران پٹریوں کی مرمت کا کام کیا جارہا ہے۔تصویر: انقلاب

سینٹرل ریلوے  میں آج سے چاروں لائنوں‌ پر معمول کے مطابق ٹرینیں چلائی جائیں گی اور کوئی لوکل ٹرین‌ رد نہیں کی جائےگی۔ سینٹرل ریلوے  کے دعوے سے یہ واضح ہورہا ہے کہ۷۲؍گھنٹے کے طویل بلاک کے سبب مسافروں کو۲؍ دن سے ہونے والی  پریشانی پوری طرح ختم ہوجائے گی۔البتہ ابھی پانچویں اور چھٹی لائن کا کام جاری ہے جس سے طویل مسافتی ٹرینوں کو گزارا جائے گا۔ یہ کام بھی آج رات میں ۱۲؍ بجے تک ختم ہوجائے گا جس سے طویل مسافتی ٹرینوں کی منسوخی بھی ختم کردی جائے گی اوروہ بھی معمول کے مطابق پٹریوں پر دوڑیں گی۔اس انفراسٹرکچر بلاک میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ انجینئرس اور بڑی تعداد میں  مینٹیننس ڈپارٹمنٹ کا عملہ لگایا گیا ہے جبکہ اعلیٰ افسران بھی نگرانی کررہے ہیں۔   اس تعلق سے سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او شیواجی ستار نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ انفرااسٹرکچر بلاک اس طرح ترتیب دیا گیا تھا کہ خاص طور پرلوکل ٹرین کے مسافروں کو کم سے پریشانی ہو، چنانچہ بلاک کو۲؍ حصوں میں تقسیم کیا گیا۔ پہلے۲۸؍گھنٹے کے بلاک میں اپ فاسٹ لائن کا کام کیا گیا جو اتوار کی صبح۴؍ بجے تک پورا ہوگیا۔ اس سے یہ فائدہ ہوا کہ لوکل ٹرینیں چلانے کیلئے اتوار سے چاروں لائنیں اپ سلو، ڈاؤن سلو، اپ فاسٹ اور ڈاؤن فاسٹ سبھی مہیا ہوگئی ہیں اس لئے اب لوکل ٹرینوں کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ آج چونکہ کام‌ کاج کا دن ہے اس لئے لوکل ٹرینیں چلانے پر خاص توجہ دی گئی اور کام پورا کرنے میں کامیابی حاصل بھی ہوگئی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ  اتوار کی صبح سے۴۴؍ گھنٹے کے بلاک کا دوسرا مرحلہ شروع کیا گیا اور پانچویں اور چھٹی لائن کا کام کیا جارہا ہے۔ پیر اور منگل کی درمیانی شب میں یہ تمام کام پورا ہوجانے کے بعد سینٹرل ریلوے کے مسافروں کیلئے ۶؍لائنیں مہیا ہوجائیں گی جس سے ان کو مستقبل میں سفر کی مزید سہولتیں ملیں گی اور ان کا وقت بھی بچے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK