گلوکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غزہ کے باشندوں کی مدد کریں۔ شدید بارش کی وجہ سے غزہ کے ۷۰؍ ہزار سے زائد خیمے زیرآب آگئے ہیں اور حالات نہایت خراب ہیں۔
EPAPER
Updated: November 11, 2026, 10:04 PM IST | Los Angeles
گلوکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غزہ کے باشندوں کی مدد کریں۔ شدید بارش کی وجہ سے غزہ کے ۷۰؍ ہزار سے زائد خیمے زیرآب آگئے ہیں اور حالات نہایت خراب ہیں۔
غزہ میں شدید بارش اور سیلاب سے بے گھر فلسطینی خاندانوں کی مشکلات کے درمیان امریکی گلوکارہ بلی آئیلش نے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (انروا) کی ہنگامی امدادی اپیل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔ پیر کو انہوں نے یکے بعد دیگرے دو اسٹوریز کے ذریعے غزہ کی صورت حال کی جانب اپنے کروڑوں فالوورز کی توجہ مبذول کرائی اور امدادی سرگرمیوں کے لیے عطیات دینے کی اپیل کو آگے بڑھایا۔ ان پوسٹس میں انروا کی جانب سے فراہم کردہ معلومات اور عطیات جمع کرانے کے براہ راست لنکس شامل تھے۔ ایک اپیل میں بتایا گیا کہ شدید بارش اور سیلاب سے غزہ میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ غزہ میں رواں موسم سرما کی پہلی شدید بارش ۶؍ نومبر کی شام سے شروع ہوئیں اور ہفتے کے اختتام تک مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی۔ بے گھر فلسطینیوں کے لیے قائم خیمہ بستیاں زیر آب آگئیں، عارضی پناہ گاہوں میں پانی داخل ہوگیا اور لوگوں کے گدے، کمبل، کپڑے اور دیگر ضروری سامان تباہ ہوگیا۔ اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور (اوچا) کی ۹؍ نومبر کی رپورٹ کے مطابق ۸؍ نومبر تک ۲۶؍ ہزار سے زیادہ خاندانوں نے اپنے خیموں، پناہ گاہوں یا ذاتی سامان کو پہنچنے والے نقصان کے بعد امداد کی درخواست کی تھی۔ ابتدائی جائزوں میں ۶؍ ہزار سے زیادہ خاندانی پناہ گاہیں مکمل طور پر تباہ اور ۱۷۴۰۰؍ کو نقصان پہنچنے کی اطلاع دی گئی۔
Billie Eilish via instagram story!💔 https://t.co/NvP8PBTo56
— Billie Eilish News ★ (@BillieNewsBRA) November 8, 2026
غزہ کے حکام کے مطابق طوفانی بارش کے ابتدائی ۱۲؍ گھنٹوں میں تقریباً ۷۰؍ ہزار خیمے زیر آب آگئے یا متاثر ہوئے۔ کئی مقامات پر بارش کا پانی گندے پانی اور سیوریج کے ساتھ مل کر خیمہ بستیوں میں جمع ہوگیا، جس سے رہائشی مقامات کیچڑ اور آلودگی کا شکار ہوگئے۔ خیموں میں رہنے والے خاندانوں کے لیے صورت حال اس لیے بھی زیادہ سنگین ہے کہ ان میں سے بیشتر پہلے ہی جنگ کے باعث کئی مرتبہ نقل مکانی کرچکے ہیں اور ان کے پاس اپنا سامان محفوظ رکھنے یا بارش سے بچنے کا کوئی مناسب انتظام نہیں ہے۔ بارش نے انسانی جانوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا۔ اوچا کی رپورٹ میں ایک شیرخوار بچے کے ڈوب کر جاں بحق ہونے اور دیر البلح کے قریب بارش سے کمزور ہونے والے ریت کے ٹیلے کے خیموں پر گرنے کے واقعے کا ذکر کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی امدادی تنظیم انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے مطابق اس حادثے میں کم از کم ۵؍افراد، جن میں بچے بھی شامل تھے، ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ اس واقعے نے ان خطرات کو نمایاں کردیا ہے جن کا سامنا ایسے خاندانوں کو ہے جو مضبوط عمارتوں کے بجائے عارضی خیموں میں موسم سرما گزارنے پر مجبور ہیں۔
اقوام متحدہ اور امدادی اداروں کے مطابق غزہ کی تقریباً ۴ء۱؍ ملین آبادی ایسی پناہ گاہوں میں رہ رہی ہے جو موسم سرما کی بارش، سردی اور تیز ہواؤں سے مناسب تحفظ فراہم نہیں کرتیں۔ کئی خیمے پہلے ہی پرانے اور خستہ حال ہیں، جب کہ سیلابی پانی نے ان کے اندر موجود بستروں اور کمبلوں کو بھی ناقابل استعمال بنا دیا ہے۔ امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ یہ محض بارش سے پیدا ہونے والا عارضی مسئلہ نہیں بلکہ رہائش، نکاسی آب اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی سے جڑا ایک وسیع انسانی بحران ہے۔ انروا کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب کے راستے صاف کرنے، جمع پانی نکالنے اور خیموں کی مرمت کے لیے ترپالیں اور دیگر سامان تقسیم کرنے میں مصروف ہیں۔ ایجنسی کے زیر انتظام ۳۲؍ ایسے اسکولوں میں بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جنہیں بے گھر افراد کی پناہ گاہوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔ تاہم ادارے نے خبردار کیا ہے کہ خیموں، ترپالوں، کمبلوں اور گرم کپڑوں کے ذخائر تیزی سے ختم ہورہے ہیں۔ انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے مطابق یکم نومبر تک غزہ میں امدادی اداروں کے پاس صرف تقریباً ۲۸۰۰؍ خیمے موجود تھے، جب کہ ضرورت تقریباً ایک لاکھ ۲۱؍ ہزار خیموں کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی فوجیوں کیلئے کیٹی پیری کا نجی کنسرٹ، چوطرفہ مذمت
امدادی کارروائیوں میں ایندھن کی قلت، تباہ شدہ نکاسی آب کے نظام اور ضروری سامان کی رسد میں رکاوٹیں بھی مشکلات پیدا کررہی ہیں۔ امدادی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام کی جانب سے تعمیراتی اور پناہ گاہوں سے متعلق بعض ضروری اشیا کی غزہ میں آمد پر عائد پابندیاں بھی بحران کو بڑھا رہی ہیں۔ ان کے مطابق محض ترپالیں تقسیم کرنا کافی نہیں، بلکہ ایسے مضبوط خیمے، مرمتی سامان، گدے، کمبل اور دیگر اشیا درکار ہیں جو موسم سرما کے سخت حالات کا مقابلہ کرسکیں۔ بلی آئیلش اس سے پہلے بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ مارچ ۲۰۲۴ء میں انہوں نے اپنے بھائی اور موسیقار فنیاس او کونل کے ساتھ آسکر ایوارڈز کی تقریب میں ’آرٹسٹس فار سیز فائر‘ کے سرخ بیج پہن کر شرکت کی تھی، جن کے ذریعے غزہ میں جنگ بندی کی حمایت کا اظہار کیا گیا تھا۔ جولائی ۲۰۲۵ء میں انہوں نے رفح کے باشندوں کو جبراً بے دخل کرنے کے مجوزہ منصوبے پر بھی تنقید کی تھی۔ اسی سال ستمبر میں انہوں نے فلسطین کے لیے منعقدہ ’ٹوگیدر فار فلسطین‘ مہم میں بچوں کی معروف معلمہ مس ریچل کے ساتھ مل کر غزہ کے بچوں کے لیے امدادی اپیلوں کو آگے بڑھایا تھا۔ حالیہ انسٹاگرام پوسٹس کے ذریعے آئیلش نے ایک بار پھر اپنی عالمی مقبولیت کو انسانی امداد کی اپیل کے لیے استعمال کیا ہے۔ ان کی جانب سے انروا کے عطیات کے لنکس شیئر کیے جانے کا مقصد غزہ میں متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری مدد جمع کرنا ہے۔ ایسے وقت میں جب موسم سرما کی شدت بڑھ رہی ہے اور ہزاروں خاندانوں کے پاس بارش اور سردی سے بچنے کے لیے مناسب چھت تک موجود نہیں، امدادی اداروں کے لیے ضروری سامان کی فراہمی اور اس کی غزہ تک رسائی ایک فوری چیلنج بن گئی ہے۔