’کاواساکی ہیوی انڈسٹریز‘ ہروہلی میں اپنی خدمات کوتوسیع دیگی ،۱۰؍برسوں میں تقریباً ۶۰۰؍نئی ملازمتیں پیدا ہونے کی امید۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 12:42 PM IST | Bengaluru
’کاواساکی ہیوی انڈسٹریز‘ ہروہلی میں اپنی خدمات کوتوسیع دیگی ،۱۰؍برسوں میں تقریباً ۶۰۰؍نئی ملازمتیں پیدا ہونے کی امید۔
کرناٹک کو جاپان سے بڑی خوشخبری ملی ہے۔ کاواساکی ہیوی انڈسٹریز نے ہروہلی میں اپنی خدمات کی توسیع کیلئے اگلے۱۰؍ برسوں میں۸۰۰؍کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔ اس سے تقریباً۶۰۰؍نئی ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔ یہ اعلان۲۳؍سے۲۵؍ نومبر تک وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور وزیر صنعت ایم بی پاٹل کی قیادت میں کرناٹک کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے۳؍روزہ دورۂ جاپان کے بعد کیا گیا ۔
۱۰۱؍ گرین فیلڈ پروجیکٹ ملے
اس وقت کرناٹک میں۵۲۵؍سے زائد جاپانی ادارے کام کر رہے ہیں اور ریاست نے ۲۰۱۶ء سے اب تک جاپان کے۱۰۱؍گرین فیلڈ پروجیکٹس کو حاصل کیا ہے۔ وفد نے ٹویوٹا موٹر کارپوریشن کے ساتھ مینوفیکچرنگ کی توسیع، مقامی سطح پر پیداوار، ہائبرڈ موبیلیٹی اور کرناٹک میں مستقبل کی آٹوموبائل سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھئے: وہاٹس ایپ سے بیرونِ ملک سفر کیلئے ای سم خریدنا ہوگا آسان، جیو بھی شراکت دار
ریاست نے سومیتومو کے ساتھ مجوزہ جاپانی صنعتی پارک، جے ایکس میٹلز کے ساتھ الیکٹرانک کمپونینٹس کی مینوفیکچرنگ اور نیٹورین کے ساتھ خصوصی مینوفیکچرنگ کے مواقع پر بھی بات چیت کی۔ وفد نے الیکٹرانکس، اسٹیل، دواسازی، بایو ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، انجینئرنگ اور جدید مینوفیکچرنگ جیسے شعبوں کی سرکردہ جاپانی کمپنیوں کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔
بنگلور کے علاوہ دیگر علاقوں پر بھی توجہ
وفد نے بنگلور کے علاوہ ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی جاپانی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے امکانات پر غور کیا، تاکہ متوازن صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور کنڑ عوام کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ وفد نے بنگلور میں اپنانے کے لیے جاپان کے شہری ترقیاتی نظام، عوامی نقل و حمل، میٹرو پر مبنی ازسرنو ترقی اور سائنسی طریقے سے کچرے کے انتظام کے ماڈل کا بھی مطالعہ کیا۔ جے ای ٹی آر او کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں مجوزہ صنعتی ٹاؤن شپ کے قریب ایک جاپانی اسکول قائم کرنے اور کرناٹک کے آئی ٹی آئی طلباء کو جاپانی زبان کی تربیت دینے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ کرناٹک نے جاپان کی حکومت اور سرکردہ کمپنیوں کو۲۰؍ سے۲۲؍ اپریل تک بنگلورمیں منعقد ہونے والی گلوبل انویسٹرس میٹ ’انویسٹ کرناٹک۲۰۰۷ء‘ میں شرکت کی دعوت دی ہے اس موقع پر مخصوص جاپان پویلین قائم کرنے کی تجویز بھی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستانی صارفین انسٹاگرام ریلز اب ٹی وی پر بھی دیکھ سکیں گے، میٹا کا نیا ایپ
بنگلور کے قریب صنعتی پارک
ریاستی وزیر ایم بی پاٹل نے سومیتومو کارپوریشن، میجی سیکا فارما اور مٹسوبشی کیمیکل گروپ کے نمائندوں سے گفتگو کے بعد بتایا کہ مکند سومی اسپیشل اسٹیل نے گزشتہ سال کوپل میں خصوصی نوعیت کا اسٹیل تیار کرنےکیلئے ۲؍ ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔سومیتومو کارپوریشن نے بھی بنگلورکے قریب۱۰۰؍ایکڑ اراضی پر نجی صنعتی پارک قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔