’’کمیشن دو، فائل منظور کرواؤ‘‘، کارپوریٹر شیلیش پانڈے نے بدعنوانیوں کے خلاف منفرد انداز میں احتجاج کرتے ہوئے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی،افسران پر سنگین الزامات لگائے۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 12:22 PM IST | Ali Imran | Nagpur
’’کمیشن دو، فائل منظور کرواؤ‘‘، کارپوریٹر شیلیش پانڈے نے بدعنوانیوں کے خلاف منفرد انداز میں احتجاج کرتے ہوئے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی،افسران پر سنگین الزامات لگائے۔
ناگپور میونسپل کارپوریشن کی جنرل میٹنگ میں کانگریس کارپوریٹر شیلیش پانڈے نے بدعنوانی اور انتظامی بے ضابطگیوں کے خلاف منفرد انداز میں احتجاج کرتے ہوئے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔ وہ ڈاکو کا بھیس دھار کر اجلاس میں پہنچے اور میونسپل افسران پر ٹھیکیداروں سے کمیشن لے کر فائلیں منظور کرنے اور انہیں کام دینے کے الزامات عائد کیے۔ شیلیش پانڈے نے اپنے اس علامتی احتجاج کے ذریعے میونسپل انتظامیہ میں ٹھیکیداروں کے بڑھتے اثر و رسوخ کو نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق افسران مبینہ طور پر پیسے لے کر ٹھیکیداروں کے کام اور فائلیں منظور کرتے ہیں، جبکہ دیگر افراد کی فائلیں التوا میں رکھی جاتی ہیں۔ کانگریس پہلے بھی الزام عائد کرتی رہی ہے کہ میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی سے وابستہ افراد کو ترجیح دی جاتی ہے اور ترقیاتی کاموں کی منظوری میں امتیازی رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: این سی پی (شرد) کے کچھ اراکین شندے کے رابطے میں!
دلچسپ بات یہ ہے کہ شیلیش پانڈے ڈاکو کے بھیس میں اجلاس پہنچے اور اُن کے ساتھ کانگریس کارپوریٹر منجو چچنکر اور اسنیہل ٹھاکرے بھی احتجاج میں شریک تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر میونسپل انتظامیہ اور ٹھیکیداروں کے مبینہ گٹھ جوڑ پر طنز کیا گیا تھا۔ ایک پلے کارڈ پر درج نعرہ ’’نگر سیوک بننے سے اچھا ہے ٹھیکیدار بنو‘‘ خاص طور پر توجہ کا مرکز رہا۔ ڈاکو کا روپ دھارنے اور پلے کارڈز کے ذریعے احتجاج کرنے کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ میونسپل کارپوریشن میں عوامی نمائندوں کے بجائے ٹھیکیداروں کا اثر و رسوخ بڑھتا جا رہا ہے۔
اس منفرد احتجاج نے جنرل میٹنگ میں میونسپل انتظامیہ کے کام کاج اور ترقیاتی کاموں کی منظوری کے طریقۂ کار پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کردیے۔