پھلوں کے بادشاہ الفانسو (ہاپوس) کے جی آئی ٹیگ پر دو پڑوسی ریاستوں میں قانونی محاذ آرائی ،چنئی میں جی آئی رجسٹری کی حتمی سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 12:31 PM IST | Siraj Shaikh | Konkan
پھلوں کے بادشاہ الفانسو (ہاپوس) کے جی آئی ٹیگ پر دو پڑوسی ریاستوں میں قانونی محاذ آرائی ،چنئی میں جی آئی رجسٹری کی حتمی سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ۔
عالمی منڈی میں ’پھلوں کے بادشاہ‘ کے طور پر پہچانے جانے والے کوکن کے مشہور ’ہاپوس‘ (الفانسو) آم کے مالکانہ حقوق اور اس کی اصل شناخت برقرار رہے گی یا گجرات کے ولساڈ آم کو بھی ’ہاپوس‘ کے نام سے الگ جغرافیائی اشارہ (GI Tag) ملے گا، اس اہم قانونی جنگ کا فیصلہ اب آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
چنئی میں واقع جغرافیائی اشارے کی رجسٹری (GI Registry) نے اس معاملے پر حتمی سماعت مکمل کرنے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔اس ضمن ملنے والی اطلاعات کے مطابق مہاراشٹر کے کوکن خطے کے رتناگیری، سندھودرگ، رائے گڑھ، تھانے اور پال گھر،ان پانچ اضلاع کے ہاپوس آم کو کسانوں کی طویل جدوجہد کے بعد اکتوبر۲۰۱۸ء میں باضابطہ جی آئی ٹیگ دیا گیا تھا۔ تاہم، فروری۲۰۲۳ء میں گجرات کے گاندھی نگر کی تنظیم ’بھارتیہ کسان سنگھ‘ اور ’نوساری زرعی یونیورسٹی‘ نے جنوبی گجرات میں پیدا ہونے والے آم کے لیے ’ولساڈ ہاپوس‘ کے نام سے الگ جغرافیائی درجہ بندی کی درخواست دائر کی تھی۔اس معاملے میں چنئی میں واقع جی ائی رجسٹری نے حتمی سماعت کےبعدفیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: انڈیا اتحاد نے ہر سطح پر حد بندی بل کی پوری قوت سے مخالفت کا فیصلہ کیا
گجرات کے کسانوں کا موقف
گجرات کے کسانوں کا کہنا ہے کہ ولساڈ اور نوساری کے علاقوں میں بھی ڈیڑھ سو سال سے زائد عرصے سے اس آم کی کاشت ہو رہی ہےاور ولساڈ کا ساحلی علاقہ بھی سہیادری کے اسی آب و ہوا کے دائرے میں آتا ہے اور یہاں صدیوں سے اس آم کی کاشت ہو رہی ہے۔ان کے مطابق ان کے آم کی خوشبو، رنگ اور ذائقہ منفرد ہے اور اس کا سیزن کوکن کے بعد شروع ہوتا ہے۔اس لیے مقامی کسانوں کو الگ شناخت ملنی چاہئے ۔ولساڈ کے کاشتکاروں کا موقف ہے کہ الگ جی آئی ٹیگ ملنے سے ان کی فصل کو اپنی اصل شناخت ملے گی اور تاجر ان کے آم کو کسی دوسرے علاقے کے نام پر فروخت نہیں کر سکیں گے۔
کوکن کے کاشتکاروں کی شدید مخالفت
کوکن ہاپوس پروڈیوسرز ایسوسی ایشن اور ڈاکٹر بالاصاحب ساونت کوکن زرعی یونیورسٹی نے گجرات کی اس درخواست کی شدید مخالفت کی ہے۔ان کا ماننا ہے کہ کوکن کی سرخ مٹی اور آب و ہوا اس آم کو منفرد بناتی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’ہاپوس‘ نام کا اشتراک صارفین میں الجھن پیدا کرے گا اور کوکن کے اصلی ہاپوس کی عالمی ساکھ اور معیار کو نقصان پہنچے گا۔ اس تنازع میں کروڑ روپے کی ملکی اور برآمدی تجارت داؤ پر لگی ہوئی ہے ۔
یہ بھی پڑھئے: صدارتی الیکشن میں جموں کشمیر کے اراکین اسمبلی کا ووٹنگ کا حق بحال کرنے کی تجویز
مصالحت کی تجویز مسترد
سماعت کے دوران جی آئی رجسٹری نے وسیع تر مفاد میں دونوں فریقوں کو باہمی رضامندی اور مصالحت سے معاملہ حل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ تاہم، کوکن جی آئی ٹیگ کے تمام متعلقہ اداروں اور کاشتکاروں نے کسی بھی قسم کے سمجھوتے کی تجویز کو یکسر مسترد کر دیا ہے ۔ اب دونوں ریاستوں کے آم کے کاشتکاروں اور تجارتی حلقوں کی نظریں چنئی رجسٹری کے محفوظ کیے گئے فیصلے پر مرکوز ہیں جو ہندوستان میں زرعی اجناس کی جغرافیائی شناخت کے مستقبل کا تعین کرے گا۔