Inquilab Logo

گوا: انتخابی وعدوں پرکانگریس اورترنمول کانگریس کے درمیان زبانی جنگ میں شدت

Updated: December 13, 2021, 12:12 PM IST | Agency | Panaji

ترنمول کانگریس کے ریاست میںاقتدار میںآنے پرہر گھر کی خاتون کو ۵؍ ہزار روپے فراہم کرنے کے دعوے پر چدمبرم کا طنز ،کہا’’ ریاست کا بھگوان بھلا کرے ‘‘

P. Chidambaram. Picture:INN
کانگریس لیڈر پی چدمبرم ۔ تصویر: آئی این این

گوا میں انتخابی وعدوں پر اتوار کو کانگریس اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے لیڈروں کے درمیان ایک دوسرے کو نشانہ بناتے ہوئے لفظی جنگ دیکھنے میں آئی۔      ترنمول کانگریس نے سنیچر کواعلان کیا تھاکہ ریاست میں اگلے سال کے آغاز میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ہر گھر کی ایک خاتون کو گارنٹیڈ آمدنی سپورٹ کے طور پر۵؍ ہزارروپے فراہم کئے جائیں گے۔ ترنمول کانگریس کے اس منصوبے پر طنز کرتے ہوئے کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہا کہ گوا کا بھگوان ہی بھلاکرے۔گوا کے لئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے انتخابی مبصر اور کانگریس کے سینئر لیڈر نے ٹویٹ کیا’’یہاں ایک ایسا ریاضی داں جو اقتصادیات کے نوبیل انعام کا مستحق ہے۔ گوا میں ساڑھے تین لاکھ گھرانوں کی ہر خاتون کو ماہانہ ۵؍ ہزار روپے دینے پر کل۱۷۵؍ کروڑ روپے کاخرچ آئے گا۔ جس پر ہر سال۲۱۰۰؍کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔یہ گوا ریاست کیلئے ایک ’چھوٹی ‘رقم ہے جس پر مارچ۲۰۲۰ء  کے آخر میں ۲۳۴۷۳؍ کروڑ روپے کا قرضہ تھا۔گوا کا بھگوان بھلاکرے، گواکو بھگوان بچائے۔‘‘ ٹی ایم سی کی مہوا موئترا نے کانگریس لیڈر پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو نافذ کرنا ممکن ہے۔انہوں نے  ٹویٹ کیا’’ہاں پی چدمبرم سر، گوا کے۳ء۵؍ لاکھ خاندان کی ہر خاتون کو ماہانہ۵؍ ہزارروپے دینے سے ایک سال میں۲۱۰۰؍ کروڑ روپے خرچ ہوں گے جو کل بجٹ کا صرف۶ ؍ سے۸؍ فیصد  ہے اور اس پر عمل درآمد ممکن ہے۔ کووڈ کے بعد معیشت کو آسانی سے چلانے کے لیے لوگوں کے ہاتھ میں پیسہ دینا ضروری ہے تاکہ معاشی نظام میں لیکویڈیٹی برقرار رہے۔
 ترنمول کانگریس لیڈر یتیش نائک نے کہا کہ یہ اسکیم بجٹ کی تفصیلات کو بغور سمجھنے کے بعد تیار کی گئی ہے۔ریاست کی اقتصادی سرگرمیوں اور بجٹ کی تفصیلات کو سمجھنے کے بعدگوا ترنمول کانگریس نے گرہ لکشمی کارڈ کا تصور  پیش کیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک اچھے منصوبے کی ضرورت ہے جو گواکے لوگوں کو حق دلائے نہ کہ ان پراحسان کرے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK