میری ٹائم بورڈ نےمانڈوا سے گیٹ وے آف انڈیا تک فیری سروس شروع کرنے کی اجازت دےدی۔
EPAPER
Updated: September 02, 2026, 11:56 AM IST | Agency | Mumbai
میری ٹائم بورڈ نےمانڈوا سے گیٹ وے آف انڈیا تک فیری سروس شروع کرنے کی اجازت دےدی۔
ممبئی سے علی باغ سفر کرنے والے مسافروں اور سیاحوں کیلئے اچھی خبر ہے۔ مہاراشٹر میری ٹائم بورڈ نے ممبئی علی باغ فیری سروس جو مانسون کی وجہ سے بند کر دی گئی تھی، یکم ستمبرسے دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔ میری ٹائم بورڈ نے یکم ستمبر سے مانڈوا اور گیٹ وے آف انڈیا کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ ممبئی تا علی باغ سب سے قریب اور سب سے زیادہ وقت بچانے والا راستہ ہے اور یہ سروس سال کے تین مہینے بند رہتی ہے جس کا اثر یہاں کی سیاحت کی صنعت پر پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شدید تنقیدوں کے بعد سبھاش چندرا سے متعلق متنازع فیصلے پر روک
چونکہ اس راستے کو عام لوگوں کیلئے کھولا جا رہا ہے،اسلئے ممبئی سے علی باغ، مروڈ اور شری وردھن تعلقہ کے سیاحتی مقامات کی طرف جانے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔۹؍ مہینوں میں علی باغ کے مانڈوا ،وہاں سے گیٹ وے آف انڈیا اور گیٹ وے آف انڈیا سے مانڈوا تک کشتی کے ذریعے سفر کرنے والوں کی تعداد تقریباً ۱ء۵؍ ملین ہے ۔ پی این پی، مالدار، اجنٹا اور اپولو جیسی کمپنیوں کی مسافر کشتیاں اس آبی گزرگاہ پر چلتی ہیں۔ مانڈوا بندرگاہ سے ہر آدھے گھنٹے بعد ایک فیری بوٹ چھوٹتی ہے۔ فیری بوٹ کا سفر عام لوگوں کیلئے ا سپیڈ بوٹس کے مقابلے میں زیادہ سستا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، سڑکوں پر گڑھوں، آلودگی اور ٹریفک جام سے بچنے کے لیے، خاص طور پر علی باغ اور مروڈ تعلقہ کے مسافر ممبئی-گوا ہائی وے یا دیگر راستوں سے ممبئی جانے کے بجائے فیری بوٹ کا زیادہ استعمال کرتے ہیں۔یہ ممبئی میں سیاحوں کا سب سے پسندیدہ راستہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جس بس میں بچی کے ساتھ زیادتی ہوئی اس پر۶۳؍ ہزار جرمانہ بقایا
ممبئی کے زیادہ تر سیاح تاریخی گیٹ وے علاقے کی چمک، آلودگی سے پاک پانی کے سفر، سفر کے دوران بگلوں کانظارہ،اور اپنے سفر کو یادگار بنانے کے لیے اس راستے کا انتخاب کرتے ہیں۔ راستہ کھلنے سےسیاحتی پیشہ وروں کو امید ہے کہ علی باغ، مروڈ، شری وردھن تعلقہ میں سیاحت کا سیزن اچھا جائے گا۔