Inquilab Logo

گوونڈی: لائبریری کی پوری جگہ طلبہ کے حوالے کرنے کا مطالبہ

Updated: February 28, 2024, 9:40 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

بی ایم سی میں متعدد مرتبہ شکایات کی گئیں۔ مقامی رکن اسمبلی پرلائبریری کی جگہ ذاتی مصرف میں لینے کا الزام۔ ایم ایل اے نےغلط بتایا۔

The library in Govindi Shahu Maharaj Maidan regarding which complaints have been made in BMC. Photo: INN
گوونڈی شاہو مہارا ج میدان میں وہ لائبریری جس کے تعلق سے بی ایم سی میں شکایات کی گئی ہیں۔ تصویر : آئی این این

یہاں شیواجی نگر میںواقع شاہو مہاراج میدان میں بی ایم سی کے ذریعے ۴؍سال قبل قائم کردہ لائبریری کو اصل حالت میں لانے اور پوری جگہ طلبہ کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اس کےت علق سے بی ایم سی ’ایم‘ ایسٹ وارڈ آفس ، ڈپٹی میونسپل کمشنر اور ایڈیشنل میونسپل کمشنر وغیرہ سے کئی مرتبہ شکایات کرنے کیساتھ ’لائبریری بچاؤ ‘ پمفلٹ بھی تقسیم کرکے لوگوں کو متوجہ کیاگیا۔ عتیق سر، ساجد خان اور انجینئر تنویر نے یہ پمفلٹ شائع کرائے اورکئی مرتبہ شکایات بھی کیں۔ 
نمائندۂ انقلاب کے بات چیت کرنے پر انہوں نے بتایاکہ ’’۵؍ہزاراسکوائر فٹ ایریے پر لائبریری اوراسٹڈی سینٹر بنائی گئی تھی اور کئی سو طلبہ نے پڑھنے کی غرض سے رجسٹریشن کرایا ہے۔‘‘ عتیق کے مطابق خود میرا رجسٹریشن نمبر۵۰۶؍ ہے۔ مگر اب وہ جگہ مختصر کردی گئی اور مقامی رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے لائبریری کی جگہ اپنے مصرف میں لے لی ہے۔ وہ یہاں’ہاؤسٹن‘نام سے کمپنی چلارہے ہیں اور میزنن فلور بناکر اپنا دفتر بھی قائم کرلیا ہے۔ اسی طرح انہوں نے لائبریری سے متصل اس حصے میں جہاں پڑھائی کرنے والے طلبہ کچھ دیر چہل قدمی کرلیتے تھے، وہاں کرکٹ ٹرف بناکر فی گھنٹے کے حساب سے چارج لے کر اسے مہیا کرارہے ہیں۔ اس طرح جن مقاصد کے تحت لائبریری قائم کی گئی تھی وہ مقصد فوت ہوگیا ہے، طلبہ کو بیٹھنے میں دشواری ہورہی ہے۔ ہم لوگوں نے اور کچھ دیگر ساتھیوں نے بی ایم سی میں کئی بارتحریری شکایت کی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ لائبریری کی پوری جگہ طلبہ کو دی جائے اور لائبریری ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ کے حوالے کی جائے جو گوونڈی میں منظم طریقے سے دوسری لائبریری چلارہا ہے اور بڑی تعداد میں طلبہ استفادہ کررہے ہیں۔‘‘ان حضرات نے یہ بھی بتایا کہ ’’۲۷؍ فروری کو گارڈن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ہمیں بلایا گیا تھا اور یہ یقین دلایا گیا ہے کہ آپ لوگوں کی شکایات پر مثبت قدم اٹھایا جائیگا۔‘‘
شکایت کرنا اورآرٹی آئی نکالنا کچھ لوگوں کا پیشہ ہے:مقامی رکن اسمبلی 
رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے ان شکایات کے تعلق سے وضاحت کی اور بی ایم سی میں کی گئیں شکایات کی نقل فراہم کراتے ہوئے کہا کہ’’ لائبریری اور اسٹڈی سینٹر کا قیام طلبہ کی صلاحیتیوں کو نکھارنے کے لئے کیا گیا ہے، وہ استفادہ کررہے ہیں۔ یہ صحیح ہے کہ ہم نے اسکل ڈیولپمنٹ کے لئے ہاؤسٹن نام سے سینٹر قائم کیا ہے مگراس کے لئے بی ایم سی سے ۵؍ہزاراسکوائر فٹ زمین ۲۵؍ہزار روپے ماہانہ کرائے پر لی ہے، اس میں کچھ حصہ لائبریری کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے اور میزنن فلور پر دفتر بنایا گیا ہے، وہاں میٹنگیں وغیرہ بھی ہوتی ہیں لیکن اس سے بچوں کی پڑھائی کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہے‌۔ طلبہ کے لئے تمام سہولتیں ہیں اور ضرورت پڑنے پر مزید انتظام کیا جائے گا۔‘‘ 
انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ہاؤسٹن‘ اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر میں گوونڈی اور مانخورد کے نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کیلئے محض آدھار کارڈ دینے پرمفت میں ان کوٹریننگ دی جاتی ہے۔ یہ درست ہے کہ میدان کے ایک حصے میں ہم نے کرکٹ ٹرف بنایا ہے، مگر اس کے لئے جگہ بی ایم سی سے ماہانہ ۹؍ہزار روپے کرائے پرلی گئی ہے، اسے کم سے کم چارج پر کھیل کود میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو فراہم کرایا جاتا ہے۔‘‘ ابوعاصم اعظمی کے مطابق ’’یہاں جاری تمام سرگرمیاں طلبہ کے فائدے کیلئے ہیں مگر کچھ لوگو ںکا مقصد غیرضروری طور پررخنہ اندازی کرکے لوگو ں کوگمراہ کرنا ہوتا ہے، یہ اسی طرح کی کوشش ہے۔‘‘

govandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK