کانگریس لیڈر نے کمرشل گیس سلنڈر کی قیمتیں بڑھانے پر کہا کہ حکومت مسلسل عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال رہی ہے۔
پرمود تیواری۔ تصویر:آئی این این
کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہونے کے بعد کانگریس کے راجیہ سبھا کے ڈپٹی لیڈر اور رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری نے مرکزی حکومت پر عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف وزیر اعظم ’من کی بات‘ کرتے ہیں، وہیں دوسری طرف ان کی حکومت گیس سلنڈر کے دام بڑھا کر عام لوگوں پر اقتصادی بوجھ ڈال رہی ہے۔پرمود تیواری نے پیر کو کہا کہ۱۹؍کلو والے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں ۴۲؍ روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد دہلی میں اس کی قیمت۳۱۱۳ء۵۰؍ روپے اور کولکاتا میں ۳۲۵۵ء۵۰؍روپے پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ۵؍کلو والے چھوٹے سلنڈر کے دام میں ۱۱؍ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے طلبہ، مزدوروں اور چھوٹے کاروباریوں پر براہ راست اثر پڑے گا۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ جنوری سے جون کے درمیان۱۹؍کلو والے کمرشل سلنڈر کی قیمت میں کل۱۵۶۰؍روپے اور۵؍کلو والے سلنڈر کی قیمت میں ۳۲۳؍روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اسے لوٹ کا سلسلہ بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت مسلسل عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال رہی ہے۔پرمود تیواری نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں۱۱۶؍ ڈالر فی بیرل سے گھٹ کر۹۲؍ ڈالر فی بیرل کے آس پاس آ گئی ہیں، اس کے باوجود ایل پی جی کے دام بڑھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت عام لوگوں کی جیب کاٹ رہی ہے اور لوگ اس صورتحال کو اچھی طرح سمجھ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ گیس کمپنیوں نے یکم جون سے۱۹؍ کلو والے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں۴۲؍ روپے کا اضافہ کیا ہے۔ اس سے پہلے یکم مئی کو بھی کمرشل سلنڈروں کے دام بڑھائے گئے تھے۔