Inquilab Logo Happiest Places to Work

حکومت کا ۱۰؍ملین ہندوستانیوں کی حفاظت پر زور

Updated: March 04, 2026, 11:33 PM IST | New Delhi

وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ہندوستان کا خطے کی سلامتی اور استحکام میں ایک اہم حصہ ہے، حالات پرتشویش کا اظہار کیا

External Affairs Ministry Spokesperson Randhir Jaiswal
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال

 ایران اسرائیل اورامریکہ جنگ کے درمیان ہندوستان نے منگل کو مغربی ایشیا خطےاور مشرق وسطیٰ میں رہنے والے۱۰؍ ملین ہندوستانی شہریوں کے مفادات پر زور دیا۔ ہندوستان نے کہا کہ توانائی کی فراہمی میں ممکنہ رکاوٹیں تشویش کا باعث ہو سکتی ہیں۔نئی دہلی نے تنازع کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے ’مذاکرات اور سفارت کاری ‘پر زور دیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایک بیان میں کہا کہ ایک پڑوسی ملک کے طور پر، ہندوستان کا خطے کی سلامتی اور استحکام میں ایک اہم حصہ ہے اور یہ کہ موجودہ پیش رفت ’گہری تشویش ‘کو جنم دیتی ہے۔
 ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں اور تہران کے جوابی حملوں کے بعد اپنے دوسرے بیان میں ہندوستان نے کہا کہ مغربی ایشیا میں رہنے والے ہندوستانیوں کی حفاظت حکومت کی ’اولین ترجیح‘ ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہم نے نہ صرف تنازع میں شدت دیکھی ہے بلکہ اسے دوسرے ممالک میں بھی پھیلتے دیکھا ہے۔ تباہی اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جب کہ عام زندگی اور معاشی سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔
 وزارت خارجہ نے کہا’’ایک قریبی پڑوسی کے طور پر جو خطے کی سلامتی اور استحکام میں اہم کردار ادا کرتا ہے، یہ پیش رفت گہری تشویش کا باعث ہے۔‘‘ تاہم وزارت خارجہ نے امریکی اسرائیلی حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کا ذکر نہیں کیا۔انہوں نے مزید کہا’’تقریباً۱۰؍ ملین ہندوستانی شہری خلیجی خطے میں رہتے اور کام کرتے ہیں۔ ان کی حفاظت اور  بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم کسی بھی ایسی اپڈیٹ سے لاتعلق نہیں رہ سکتے جو ان پر منفی اثر ڈالے۔‘‘
 انہوں نے یہ بھی کہا’’ہماری تجارت اور توانائی کی سپلائی چین بھی اس جغرافیائی خطے سے گزرتی ہے۔ کسی بھی بڑے خلل کا ہندوستانی معیشت پر سنگین اثر پڑتا ہے۔‘‘ اس میں مزید کہا گیا’’عالمی افرادی قوت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ملک کے طور پر، ہندوستان تجارتی جہازوں پر حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔‘‘وزارت خارجہ نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں کچھ ہندوستانی شہری یا تو اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں یا لاپتہ ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا’’اس پس منظر میں، ہندوستان بات چیت اور سفارت کاری کے اپنے مطالبے کا سختی سے اعادہ کرتا ہے۔ ہم واضح طور پر تنازع کے جلد از جلد خاتمے کی حمایت کرتے ہیں۔ بدقسمتی سے، بہت سی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، اور ہم اس سلسلے میں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘گزشتہ۴۸؍ گھنٹوں میں وزیر اعظم نریندر مودی نے مندرجہ ذیل ممالک کےلیڈروں سے بات کی ہے:متحدہ عرب امارات، اسرائیل، سعودی عرب، اردن،بحرین، عمان، کویت، قطر۔
بین وزارتی گروپ تشکیل دیا گیا
  وزیر تجارت پیوش گوئل نے منگل کو کہا کہ حکومت نے مغربی ایشیا میں پیشرفت پر قریبی نظر رکھنے کے لیے ایک بین وزارتی گروپ تشکیل دیا ہے۔ برآمد کنندگان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کی وجہ سے مغربی ایشیا کے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے ہندوستان کی تجارت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔یہ گروپ تجارتی سرگرمیوںپر پڑنے والے اثرات  پرنظر رکھے گا ۔

iran Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK