موہن یادو سرکار نے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں راہل گاندھی کے پروگرام کی اجازت نہیں دی، کانگریس نئی جگہ کی تلاش پر مجبور، ۵۰؍ ہزار کی شرکت متوقع۔
EPAPER
Updated: September 03, 2026, 10:34 AM IST | Agency | Indore
موہن یادو سرکار نے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں راہل گاندھی کے پروگرام کی اجازت نہیں دی، کانگریس نئی جگہ کی تلاش پر مجبور، ۵۰؍ ہزار کی شرکت متوقع۔
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کا اندور میں مجوزہ ’’چھاتروں کی گونج‘‘ پروگرام ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے کیوں کہ مدھیہ پردیش حکومت نے کانگریس کو جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں پروگرام منعقد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیاہے۔ اس معاملہ نے موہن یادو حکومت اور اپوزیشن کانگریس کے درمیان نیا سیاسی تنازع پیدا کر دیا ہے۔ کانگریس تعلیم، امتحانی بے ضابطگیوں اور بے روزگاری کو قومی انتخابی مسئلہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: لندن: میئر صادق خان پر گاڑی کا ٹیکس ادا نہ کرنے پر جرمانہ، ٹیم کا ملکیت سے انکار
یہ پروگرام ۱۲؍ستمبر کو ہونا تھا لیکن اب۱۹؍ ستمبر کو منعقد کیا جائے گا۔کانگریس نے ابھی تک پروگرام کیلئےنئی جگہ طے نہیں کی ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹوری نے بدھ کو تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد پروگرام ملتوی کرنےکا اعلان کیا۔پارٹی کو اندور اور آس پاس کے علاقوں سے تقریباً۵۰؍ہزار طلبہ کےاس پروگرام میں پہنچنے کی امید ہے۔ اجازت سے متعلق تنازع بنیادی طور پر نہرو اسٹیڈیم کے استعمال کی اجازت کے تعلق سے ہے۔ یہ اندور میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام ہے۔ کانگریس لیڈروں نے پروگرام کیلئے اسٹیڈیم کرائے پر لینے کی درخواست کی تھی اور کہاتھا کہ ’’چھاتروں کی گونج‘‘ روایتی سیاسی پروگرام نہیں ہےبلکہ طلبہ کے ساتھ تعلیم، روزگار اور ان کے مستقبل کے مسائل پر گفت وشنید کا پروگرام ہے۔جیتو پٹوری نے وزیر اعلیٰ موہن یادو کو خط لکھ کر۱۲؍ستمبر کے پروگرام کی اجازت مانگی تھی۔ کانگریس کی اندور شہر کی اکائی کے صدر چنٹو چوکسی کی بھی دلیل ہے کہ ’’چھاتروں کی گونج‘‘ سیاسی پروگرام نہیں ہے، اس لیے نہرو اسٹیڈیم میں اجازت نہ دینے کا کوئی سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔
یہ بھی پڑھئے: ’رچ ڈیڈ پور ڈیڈ‘ کے مصنف رابرٹ کیوساکی پر۱ء۲؍ ارب ڈالر کاقرض: رپورٹ
دوسری طرف اندور میونسپل کارپوریشن کا کہنا ہے کہ فیصلہ اسٹیڈیم کے استعمال کے تعلق سےپہلے سے موجود پابندیوں کے تحت کیا جا رہا ہے۔ میونسپل کمشنر کشتیج سنگھل نے کہا کہ انتظامیہ نہرو اسٹیڈیم میں کسی بھی پروگرام کے انعقاد سے متعلق ہائی کورٹ کے رہنما اصولوں کا جائزہ لینے کے بعد ہی فیصلہ کرے گی۔میئر پشپ مترا بھارگوا نے بھی عدالتی حکم کا حوالہ دیکر کہا ہے کہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے واضح طور پر ہدایت دی ہے کہ اسٹیڈیم کا استعمال کھیل کود کی سرگرمیوں یا ریاستی سطح کے سرکاری پروگراموں کیلئے ہی کیا جا سکتا ہے۔