Inquilab Logo

گورنر بھگت سنگھ کوشیاری عہدہ چھوڑنے کےخواہشمند،وزیر اعظم مودی سےرابطہ

Updated: January 24, 2023, 10:33 AM IST | Mumbai

سلسلہ وارٹویٹ پیغامات میںگورنرنے کہا کہ وہ وزیر اعظم سے کہہ چکے ہیںکہ انہیںتمام تر سیاسی ذمہ داریوں سے فارغ کردیاجائے

Maharashtra Governor Bhagat Singh Koshyari
مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری

مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے ایک بار پھر اپنے عہدے سے  دست بردار ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ایک ٹویٹ کے ذریعے گورنر کوشیاری نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے حالیہ ممبئی دورہ کے موقع پر انہوں نے اس سلسلے میں وزیر اعظم مودی سے بھی رابطہ کیا تھا۔چھترپتی شیواجی مہاراج سےمتعلق متنازع بیان پر سیاسی تنازع کھڑا ہونے کے بعد کوشیاری کے عہدہ چھوڑنے کی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں۔ ٹویٹس کی ایک سیریز میں کوشیاری نے کہا ہے کہ وہ گورنر کے طور پر مہاراشٹر میں گزارے گئے اپنے تین سالہ دور کو کبھی نہیں بھولیں گے۔
ممبئی دورے   پر  و زیر اعظم مودی کو بتایا تھا
 مہاراشٹر کے گورنر کوشیاری نے ٹویٹ کیا کہ ’’جب گزشتہ دنوں وزیر اعظم مودی ممبئی کےد ورہ پر آئے تھے تب میں نے  ان سے گفتگو کے دوران اپنی اس خواہش کا اظہار کیا تھا۔میں نے  وزیر اعظم مودی سے کہا ہے کہ میں تمام سیاسی ذمہ داریوں سے فارغ ہونا چاہتا ہوں۔ میں اپنی باقی زندگی پڑھنے لکھنے اور دیگر سرگرمیوں میں گزارنا چاہتا ہوں۔‘‘
`مہاراشٹر سے جو پیار ملا اسے کبھی نہیں بھول سکتا
 کوشیاری نے ٹویٹ کرکے گورنر کے عہدے سے الگ ہونے کا واضح اشارہ دیا ہے۔ کوشیاری نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ’’ `مہاراشٹر جیسی عظیم ریاست کے سرکاری ملازم یا گورنر کے طور پر کام کرنا میرے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ مہاراشٹر سادھو سنتوں، سماجی کارکنوں اور بہادر جنگجوؤں کی سرزمین ہے۔ تین سال سے زیادہ عرصے  کے دوران مہاراشٹر میں جو پیار اور احترام ملا ہے، اسے میں کبھی نہیں بھول سکتا۔‘‘
شیواجی  سے متعلق  بیان پر تنازع ہوا تھا 
 مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے ایک پروگرام میں کہا تھا `جب ہم مڈل اسکول، ہائی اسکول میں پڑھتے تھے تو ہمارے اساتذہ ہم سے پوچھتے تھے، آپ کا پسندیدہ لیڈر کون ہے؟ جسے سبھاش چندر بوس پسند کرتے تھے، جسے جواہر لعل نہرو پسند کرتے تھے یا جسے مہاتما گاندھی پسند کرتے تھے، ہم اسے اپنا ہیرو کہتے تھے۔ لیکن مجھے لگتا ہے کہ اگر کوئی آپ سے پوچھے کہ آپ کا آئیکون کون ہے، آپ کا پسندیدہ ہیرو کون ہے، تو آپ کو باہر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ کو یہیں مہاراشٹر میں مل جائے گا۔
 اسی پروگرام میں شیواجی کا ذکر کرتے ہوئے بھگت سنگھ کوشیاری نے مزید کہا تھا’’ `شیواجی پرانے دور کی بات ہے۔ میں نئے دور کی بات کر رہا ہوں۔ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر سے لے کر نتن گڈکری تک آپ کو اپنی مثالی شخصیات یہاں ملیں گی۔کوشیاری کے اس بیان کے بعد مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل مچ گئی تھی اور ان کے خلاف کئی مقامات پر مظاہرے ہوئے تھے۔مہاوکاس اگھاڑی نے کوشیاری کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تھا۔ اسی دوران ادھو اور راج ٹھاکرے نے بھی کوشیاری پر تنقید کی تھی اور انہیں واپس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK