Updated: July 14, 2026, 8:04 PM IST
| Madrid
مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل کے دورۂ اسپین کے دوران باہمی تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون، اختراع (انوویشن) اور عوامی روابط کو فروغ دے کر ہندوستان اور اسپین کے درمیان دوطرفہ اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کی توثیق کی گئی۔
کارلوس_کیورپو، حکومت اسپین کے پہلے نائب صدر اور پیوش گوئل۔ تصویر: ایکس
مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل کے دورۂ اسپین کے دوران باہمی تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون، اختراع (انوویشن) اور عوامی روابط کو فروغ دے کر ہندوستان اور اسپین کے درمیان دوطرفہ اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کی توثیق کی گئی۔
وزارتِ تجارت و صنعت کی جانب سے منگل کو جاری کردہ بیان کے مطابق پیوش گوئل اور اسپین کی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں دونوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مضبوط سیاسی مفاہمت کی بنیاد پر ایسی ملاقاتیں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔پیوش گوئل نے پیرکو اپنے سرکاری دورے کے اسپین مرحلے کا آغاز کیا۔ اس دوران انہوں نے ہندوستان- اسپین اقتصادی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور تجارت، سرمایہ کاری، اختراع اور صنعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مقصد سے کئی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں شرکت کی۔
دونوں ممالک اس وقت اپنے سفارتی تعلقات کے ۷۰؍سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہند اوراسپین دو لسانی ثقافت، سیاحت اور مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) ۲۰۲۶ء بھی منایا جا رہا ہے، جس کے باعث اس دورے کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق پیوش گوئل نے اسپین کی حکومت کے سینئر وزراء، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور ہند اوراسپین تجارتی فورم سے بھی خطاب کیا۔
یہ بھی پڑھئے:’’اوینجرز: ڈومز ڈے‘‘کے ٹکٹ ریلیز سے پانچ ماہ پہلے فروخت ہوں گے
انہوں نے اسپین کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر برائے معیشت، تجارت و کاروبار کارلوس کوئرپو کابالیرو سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں لیڈروں نے منڈی تک رسائی بہتر بنانے، سپلائی چین کو مضبوط کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی شراکت داری کو وسعت دینے پر تبادلۂ خیال کیا۔ بات چیت میں خاص طور پر قابلِ تجدید توانائی، گرین ہائیڈروجن، جدید مینوفیکچرنگ، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے اور اختراع کے شعبوں پر توجہ مرکوز رہی۔دونوں نے نئے سرمایہ کاری منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے اور کاروباری اعتماد کو مضبوط بنانے کے لیے فاسٹ ٹریک میکانزم سے بھرپور استفادہ کرنے پر اتفاق کیا۔ ساتھ ہی یہ بھی طے پایا کہ رواں سال کے اختتام پر ہند-اسپین اقتصادی تعاون سے متعلق مشترکہ کمیشن کا اگلا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے:ورلڈ کپ سیمی فائنل میں لیونل میسی اور ہیری کین آمنے سامنے
پیوش گوئل نے اسپین کے وزیر صنعت و سیاحت جورڈی ہیریو بوہر سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران صاف توانائی، نقل و حرکت (موبیلیٹی)، جدید مینوفیکچرنگ اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں نے آٹوموبائل، ریلوے اور اسمارٹ بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی اور صنعت سے صنعت کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔