Inquilab Logo Happiest Places to Work

جی ایس ٹی کلیکشن ۲ء۴۲؍ لاکھ کروڑ روپے تک پہنچا

Updated: May 02, 2026, 2:01 PM IST | New Delhi

۸ء۷؍فیصد کا اضافہ، ایران جنگ کے درمیان کلیکشن کےسارے ریکارڈ ٹوٹ گئے ، حکومت نے اپریل کے مہینے میں  خوب کمائی کی۔

Maharashtra remained at the top in terms of GST collection among the states. Photo: INN
ریاستوں کے جی ایس ٹی کلیکشن کے اعتبار سے مہار اشٹر سرفہرست رہا۔ تصویر: آئی این این

ایران جنگ کی وجہ سے خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس کا ہندوستان کی معاشی سرگرمیوں پر فوری طور پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا ہے۔ ملک میں اپریل کے مہینے میں جی ایس ٹی کلیکشن۲ء۴۲؍ لاکھ کروڑ روپے کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا۔ ماہرین کےمطابق نئے مالی سال کے پہلے مہینے میں جی ایس ٹی کلیکشن میں زبردست اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ملک کی معیشت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ اپریل میں جی ایس ٹی کلیکشن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ۸ء۷؍فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ 
اس سے پہلے ایک مہینے میں سب سے زیادہ جی ایس ٹی کلیکشن کا ریکارڈ گزشتہ سال اپریل میں بنا تھا، جب یہ۲ء۳۷؍ لاکھ کروڑ روپے تھا۔ اس بار نیٹ جی ایس ٹی کلیکشن۲ء۱۱؍ لاکھ کروڑ روپے رہا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ۷ء۳؍ فیصد زیادہ ہے۔ اپریل میں کل ریفنڈ بھی۱۹ء۳؍ فیصد بڑھ کر۱۳؍ ہزار ۷۹۳؍ کروڑ روپے ہو گیا۔ اس طرح نیٹ جی ایس ٹی ریوینیو ۲؍ لاکھ ۱۰؍  ہزار۹۰۹؍ کروڑ روپے رہا جس میں درآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی کا اہم کردار رہا۔ 
اپریل میں ’گراس امپورٹ ریوینیو‘۲۵ء۸؍ فیصد بڑھ کر۵۷؍ ہزار۵۸۰؍ کروڑ روپے ہو گیا جبکہ ’گراس ڈومیسٹک ریوینیو‘۴ء۳؍ فیصد اضافے کے ساتھ ۱ء۸۵؍ لاکھ کروڑ روپے رہا۔ کسٹمز سے نیٹ ریوینیو یعنی درآمدات پر جی ایس ٹی میں ۴۲ء۹؍ فیصد اضافہ ہوا جبکہ ’نیٹ ڈومیسٹک ریوینیو‘ میں صرف۰ء۳؍ فیصد اضافہ ہوا۔ اس سے واضح ہے کہ اپریل میں جی ایس ٹی کلیکشن میں اضافے میں بیرونی تجارت کا اہم کردار رہا۔ 

یہ بھی پڑھئے: سعودی وزیر:ہمارے ترکیہ کے ساتھ تعلقات، اسٹریٹجک ہیں

۵؍ سرفہرست ریاستیں  
جی ایس ٹی کلیکشن میں سرفہرست ۵؍ ریاستوں میں مہاراشٹر(۱۳؍ ہزار۷۹۳؍کروڑ روپے)، کرناٹک(۵؍ ہزار۸۲۹؍کروڑ روپے)، گجرات(۵؍ ہزار۴۵۵؍ کروڑ روپے)، تمل ناڈو(۴؍ ہزار۷۲۴؍کروڑ روپے) اور اتر پردیش(۴؍ ہزار۳۹۹؍ کروڑ روپے) شامل ہیں۔ 
پورے مالی سال۲۶-۲۰۲۵ء کے لئے ’گراس جی ایس ٹی کلیکشن‘۸ء۳؍ فیصد بڑھ کر۲۲ء۲۷؍لاکھ کروڑ روپے ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال(۲۰۲۵ء) میں یہ۲۰ء۵۵؍ لاکھ کروڑ روپے تھا۔ ’نیٹ جی ایس ٹی کلیکشن‘۱۹ء۳۴؍ لاکھ کروڑ روپے رہا جو مالی سال ۲۵-۲۰۲۴ء کے مقابلے میں ۷ء۱؍ فیصد زیادہ ہے۔ یہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود مضبوط معاشی سرگرمیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ 
جی ایس ٹی کلیکشن کا ریکارڈایک نظر میں 
اپریل میں جی ایس ٹی کلیکشن۲ء۴۲؍ لاکھ کروڑ روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچا۔ 
یہ کلیکشن گزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں ۸ء۷؍فیصد زیادہ ہے۔ 
گزشتہ سال اپریل میں جی ایس ٹی کلیکشن۲ء۳۷؍ لاکھ کروڑ روپے تھا۔ 
نیٹ جی ایس ٹی کلیکشن بھی۷ء۳؍ فیصد بڑھ کر۲ء۱۱؍ لاکھ کروڑ روپے ہو گیا۔ 
مہاراشٹر، کرناٹک، گجرات، تمل ناڈو اور اتر پردیش سرفہرست رہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK