غریب مریض پریشان، نجی ایجنسی کا بل بقایا ہونے سے جانچ کی سہولت معطل، نجی اسپتالوں میں۵؍ سے۶؍ ہزار روپے خرچ ہورہے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 10:36 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
غریب مریض پریشان، نجی ایجنسی کا بل بقایا ہونے سے جانچ کی سہولت معطل، نجی اسپتالوں میں۵؍ سے۶؍ ہزار روپے خرچ ہورہے ہیں۔
سرکاری اسپتالوں میں غریبوں کو بہتر اور مفت طبی سہولتیں فراہم کرنے کے دعوے اس وقت کھوکھلے ثابت ہوتے دکھائی دے رہے ہیں جب شاہ پور کے سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں سٹی اسکین جیسی اہم طبی سہولت گزشتہ ۴؍ ماہ سے بند پڑی ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ مشین کسی بڑی تکنیکی خرابی کے سبب نہیں بلکہ نجی ایجنسی کرشنا ڈائیگناسٹک لمیٹڈ کا بل بقایا ہونے کے باعث بند ہے۔ اس کا خمیازہ غریب، قبائلی اور دیہی علاقوں کے مریضوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے، جنہیں نجی اسپتالوں میں سٹی اسکین جانچ کیلئے۵؍ سے۶؍ ہزار روپے تک خرچ کرنے پڑ رہے ہیں۔ شاہ پور اور اطراف کے قبائلی و دیہی علاقوں کیلئے سب ڈسٹرکٹ اسپتال ایک اہم طبی مرکز ہے۔ یہاں آنے والے مریض پہلے ہی علاج اور ادویات کے اخراجات سے پریشان رہتے ہیں، ایسے میں سٹی اسکین جیسی ضروری جانچ کے لئے ہزاروں روپے خرچ کرنا ان کے لئے کسی بڑی آزمائش سے کم نہیں۔ حادثات، سر کی چوٹ، دماغی امراض اور دیگر سنگین بیماریوں کی تشخیص میں سٹی اسکین کا اہم کردار ہوتا ہے اور کئی مرتبہ اس جانچ کے بغیر مریض کا اگلا علاج بھی طے نہیں ہو پاتا۔ اس کے باوجود ۴؍ ماہ سے یہ سہولت بند رہنا محکمہ صحت کی ترجیحات اور سرکاری طبی انتظامات پر سنگین سوال کھڑے کرتا ہے۔
مزید تشویش ناک بات یہ ہے کہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے اعلیٰ حکام کو مسلسل خط و کتابت اور یاددہانی کرائے جانے کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے۔ مریض سمیتی کے رکن ہیمنت مورے نے بھی ضلع صحت افسر سے متعدد مرتبہ مشین شروع کرنے کا مطالبہ کیا لیکن اب تک کوئی ٹھوس قدم سامنے نہیں آیا۔ سوال یہ ہے کہ جب نجی ایجنسی کا بل بقایا ہے تو اس کی ادائیگی اور متبادل انتظام کی ذمہ داری کس کی ہے؟ کیا محض ادائیگی کے تنازع کے باعث غریب مریضوں کو ضروری طبی جانچ سے محروم رکھا جاسکتا ہے؟
شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ سبھاش دھامنے نے اس صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نجی اسپتالوں میں سٹی اسکین کے لئے۵؍سے ۶؍ہزار روپے خرچ کرنا عام مریضوں کے بس کی بات نہیں ہے۔ عوامی نمائندوں اور انتظامیہ کو اس مسئلے کو صرف تکنیکی یا دفتری معاملہ سمجھنے کے بجائے انسانی اور سماجی مسئلے کے طور پر دیکھنا چاہئے۔
اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر گجیندر سنگھ پوار نے بتایا کہ سٹی اسکین مشین ۳۰؍ جولائی۲۰۲۶ء سے بند ہے۔ کرشنا ایجنسی کا بل بقایا ہونے کے باعث ایجنسی نے سروس بند کردی ہے۔ سہولت دوبارہ شروع کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کی سطح پر خط و کتابت اور مسلسل پیروی کی جارہی ہے۔