• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھنڈی بازار: مسافرخانہ بلڈنگ کی انہدامی کارروائی پراسٹے

Updated: November 20, 2026, 10:32 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

بامبے ہائی کورٹ کے حکم سےاسی عمارت کی زیریں منزل پرواقع مسجد محفوظ، دورانِ کارروائی بھی نمازادا کی گئی۔ عدالت کےمطابق متنازع معاملات کی مناسب سماعت ضروری ہے۔

Municipal staff are removing debris from the portion of the building that was demolished prior to the court-issued stay. Photo: PTI
عدالت کے اسٹے سے قبل عمارت کے توڑے گئے حصے کے ملبے کو میونسپل عملہ ہٹارہا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

یہاں کے پاکموڈیا اسٹریٹ پر واقع ۲؍منزلہ حاجی اسماعیل حاجی حبیب مسافر خانہ بلڈنگ کو منہدم کرنے پر بامبے ہائی کورٹ نے ۲۵؍نومبر تک روک لگادی ہے ۔ یہ حکم برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی طرف سے اس عمارت کو منہدم کرنے کیلئے جمعرات کو شروع کی گئی کارروائی کو چیلنج کرنے والی ایک عرضی پر آیاہے  جہاں  انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کبھی اپنے خاندان کے ساتھ رہا کرتا تھا۔

اسی عمارت میں ایک مسجد بھی ہے جو جمعرات کو بی ایم سی کی انہدامی کارروائی کے دوران پوری طرح محفوظ رہی۔ عدالت کے حکم کے بعد بی ایم سی نے دوپہر کے بعد اپنی کارروائی روک دی ۔اس عمارت کو اس کی خستہ حالی کی وجہ سے منہدم کیا جا رہا تھا ۔چونکہ یہ عمارت بھنڈی بازار کلسٹر ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا حصہ ہے جس کاتعمیراتی کام سیفی برہانی اپلفٹمنٹ ٹرسٹ (ایس بی یو ٹی) کر رہا ہے۔ ایس بی یوٹی نے ۲۰۲۰ء کے بامبے ہائی کورٹ کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے  بی ایم سی سے ڈھانچے کو منہدم کرنے کی درخواست کی تھی۔

بامبے ہائی کورٹ کےچیف جسٹس مہیش چندر ترپاٹھی اور جسٹس ادویت سیٹھنا کی بنچ نے مذکورہ عمارت کو گرانے پر ۲۵؍نومبر تک روک لگادی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس معاملے میں انتہائی متنازع معاملات شامل ہیں جن کی مناسب سماعت کی ضرورت ہے  اور تمام متعلقہ فریقوں کو اس وقت تک اس معاملے میں کچھ نہ بولنے کی ہدایت کی ہے۔یہ حکم حاجی اسماعیل حاجی حبیب مسافر خانہ ٹرسٹ کی جانب سے دائر کی گئی ایک درخواست پر دیا گیا ہے۔ 

دریں اثناء جمعرات کی صبح سے پاکموڈیا اسٹریٹ اور اطراف کے علاقوں میں پولیس کا بھاری بندوبست رہا ۔چور بازار سے جے جے جنکشن اور بھنڈی بازار کی سبھی گلیوں اور سڑکوں پر پولیس اہلکار تعینات  تھے۔ ٹریفک نظام   بحال رکھنے کیلئے اضافی ٹریفک پولیس اہلکار بھی نظر آئے۔ میونسپل عملہ بھی بھاری تعداد میں جائے وقوع پر موجود تھا۔ انہدامی دستہ مذکورہ عمارت کے مخدوش حصوں کو احتیاط سےتوڑ رہا تھاتاکہ یہاں واقع مسجد کو کسی طرح کا نقصان نہ پہنچے۔ انہدامی کارروائی کیلئے کسی مشین مثلاً جےسی بی وغیرہ کا استعمال نہیں کیا گیابلکہ ساری کارروائی افرادی قوت کے ذریعےانجام دی گئی ۔ کارروائی کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔

’’ عدالت نے۲۵؍نومبرتک اسٹے دیا ہے‘‘

یہاں موجود رضا اکیڈمی کے کارکن محمد عمر خان نے انقلاب کو بتایا کہ ’’بی ایم سی عملے نے صبح ۶؍بجے سے اپنی کارروائی شروع کردی تھی ،  وہ مسافر خانہ بلڈنگ کے خستہ حال حصوں کو بغیر مشین استعمال کئے احتیاط سے توڑ رہے تھے تاکہ یہاں کی مسجدکے ڈھانچے کو نقصان نہ پہنچے۔ اس دوران اس مسجد میں فجر اور ظہر کی نماز بھی معمول کے مطابق اداکی گئی ۔عدالت کاحکم آتے ہی انہدامی دستہ اپنا کام بند کر کے لوٹ گیا ۔‘‘انہوں نےمزید بتایا کہ’’ حاجی اسماعیل حاجی حبیب مسافر خانہ ٹرسٹ کی جانب سے ایڈوکیٹ یوسف باغ والا نے بامبے ہائی کورٹ میں اس معاملہ کی پیروی کی۔ عدالت نے ان کی بحث پر ۲۵؍نومبر تک اسٹے دیا ہے۔ عدالت کے حکم  پر انہدامی کارروائی دوپہر تقریباً ۳؍بجے روک دی گئی تھی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK