’مہاراشٹر نابھک مہامنڈل‘ نے معمول کے بر خلاف ۲؍ سال مکمل ہونے سے پہلے ہی نئے دام نافذ کر دیئے۔
EPAPER
Updated: June 07, 2026, 9:52 AM IST | Mumbai
’مہاراشٹر نابھک مہامنڈل‘ نے معمول کے بر خلاف ۲؍ سال مکمل ہونے سے پہلے ہی نئے دام نافذ کر دیئے۔
اب مہاراشٹر میں بال کٹوانے، ڈاڑھی بنوانے اور دیگر گرومنگ خدمات حاصل کرنا صارفین کیلئے نسبتاً مہنگا ہو گیا ہے۔ ریاست میں نائیوں نے مختلف خدمات کی قیمتوں میں ۲۰؍ فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے، جس کا اطلاق سنیچر سےکر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے ریاست بھر میں موجود ایک لاکھ سے زائد سیلون کے صارفین متاثر ہوں گے۔
یہ اضافہ’ مہاراشٹر نابھک مہامنڈل‘ کی جانب سے نافذ کیا گیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ سیلون چلانے کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور استعمال میں آنے والی اشیا کے داموں میں مسلسل اضافے کے باعث نرخوں پر نظرثانی ناگزیر ہو گئی تھی۔نئے نرخ نامے کے مطابق عام بال کٹوانے کی قیمت اب ۱۸۰؍ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ شیو کروانے کیلئے ۱۲۰؍ روپے ادا کرنا ہوں گے۔ اسی طرح ڈاڑھی تراشنے کی خدمت کیلئے ۱۵۰؍ روپے مقرر کئے گئے ہیں۔ دیگر خدمات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ سر کی مالش اب ۱۸۰؍ روپے میں کی جائے گی جبکہ بال دھونے کیلئے ۱۲۰؍ روپے وصول کئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: جب تک بیلٹ پیپر کا استعمال نہیں کیا جاتا انتخابات کا بائیکاٹ کریں: راج ٹھاکرے
پریمیم خدمات میں نسبتاً زیادہ اضافہ ہوا ہے، جہاں فیشل کی ابتدائی قیمت ۷۰۰؍ روپے اور ہیئر اسپا کی قیمت تقریباً ۶۰۰؍ روپے مقرر کی گئی ہے۔ نائی برادری کے نمائندوں کے مطابق سیلونوں میں استعمال ہونے والی مختلف اشیا، گرومنگ مصنوعات اور دیگر ضروری سامان کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ یاد رہے کہ عام طور پر سیلون میں نرخوں پر ہر دو سال بعد جنوری میں نظرثانی کی جاتی ہے، تاہم اس مرتبہ اخراجات میں غیر معمولی اضافے کے باعث مقررہ مدت سے قبل ہی نئی قیمتیں نافذ کر دی گئیں۔ اس تعلق سے مہاراشٹر نابھک مہامنڈل کے عہدیدار شیام اسکر کے مطابق، ’’ہم عموماً دو سال کے وقفے کے بعد جنوری میں نرخوں پر نظرثانی کرتے ہیں، لیکن اس بار سیلونوں میں استعمال ہونے والے سامان اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں تیز اضافے کے سبب درمیانی مدت میں ہی نرخ بڑھانے کا فیصلہ کرنا پڑا۔‘‘