Inquilab Logo

عازمین حج کا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا

Updated: July 27, 2020, 9:02 AM IST | Agency | Mecca

یہ منتخب عازمین گھروں میں ایک ہفتے کاقرنطینہ گزارنے کےبعد اب ۴؍ دن مکہ میں بھی قرنطینہ میں   رہیں گے،مکہ پہنچتے ہی انہیں وزارت حج وعمرہ کی جانب سے احرام، فیس ماسک، جائے نماز اور رمی جمرات کیلئے کنکریاں فراہم کردی گئیں

Hajj 2020 - Pic : PTI
عازمین جدہ ایئر پورٹ پر ۔ تصویر : پی ٹی آئی

کورونا وائرس  کے دوران تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ حج ۲۰۲۰ء کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں اور سعودی عرب کے مختلف شہروں  سے منتخب عازمین حج  مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔ یہ عازمین  ایک ہفتے اپنےگھروں پر قرنطینہ   میں گزار کر مکہ پہنچے ہیں جہاں ہوٹل کے کمروں  میں انہیں  مزید ۴؍ دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔ 
  واضح رہے کہ دنیا بھر میں پھیلی ہوئی کورونا کی وبا کی وجہ سے حکومت سعودی عرب  نے  امسال  حج  کو انتہائی مختصررکھنے کافیصلہ کیا ہے۔  ارکان حج کا  آغاز ۸؍ ذی الحجہ سے ہوگا جو ۱۳؍ ذی الحجہ تک جاری رہیںگے۔ انگریزی تاریخوں کے مطابق حج کا آغاز ۲۸؍ جولائی کو ہوگا جو ۲؍ اگست کو تکمیل کو پہنچے گا۔امسال  سعودی عرب میں مقیم   ۱۶۰؍ ممالک کے ۷۰۰؍ افراد کو حج کیلئے منتخب کیاگیاہے۔ان کا انتخابی الیکٹرانک طریقے سے ہوا ہے ۔ یہ سب ۶۵؍ سال سے کم عمر اور ہر طرح کی بیماری سے محفوظ افراد ہیں۔ سعودی عرب کے وزیر برائے امور حج ڈاکٹرمحمد صالح بن طاهر بنتن   کے مطابق’’حج ۲۰۲۰ء ہر لحاظ سے غیر معمولی ہے۔  امسال حج انتہائی غیر معمولی حالات میں منعقد ہورہا ہے  جب کہ پوری دنیا کورونا وائرس کی وبا سے پریشان ہے۔ اس کا اثر سعودی عرب پر بھی ہے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے صحت کے ساتھ حج کی تکمیل کیلئے انتہائی سخت اقدامات کئے گئےہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ اس بات کا پورا خیال رکھاگیا ہے کہ کسی بھی طرح سے کورونا کا وائرس عازمین حج یا خدام کو متاثر نہ کرسکے۔  انہوں نے بتایا کہ’’امسال کوئی بھی حکومتی اہلکار یا حاجیوں کی خدمت میں مامور شخص حج نہیں کریگا۔‘‘
 مکہ مکرمہ میں الگ الگ کمروں میں ۴؍ دن کے قرنطینہ کے بعد تمام  عازمین حج کی طبی جانچ کی جائے گی اور مثبت نتائج کی بنیاد پر انہیں  طبی عملہ کے ساتھ میدان عرفات کیلئے روانہ کردیا جائے گا۔ میدان عرفات میں عازمین کے قیام کیلئے خیمے پہلے ہی نصب کئے جاچکے ہیں۔ سفر اور قیام کے دوران عازمین حج کو سوشل ڈسٹنسنگ کی  پوری سختی  سے پابندی کرنی ہوگی۔  
 گھروں میں ایک ہفتے کے قرنطینہ کے بعد مکہ مکرمہ پہنچنےوالے عازمین کو وزارت حج وعمرہ کی  جانب سے ایک مخصوص کِٹ دیا گیاہے جس میں ، فیس ماسک، احرام، جائے نماز، رمی جمرات کیلئے کنکریاں اور صاف صفائی کی چیزیں مثلاً شیونگ کا سازوسامان، ذاتی استعمال کی چیزیں اور حج سے متعلق  رہنمائی کیلئے کتابچہ شامل ہے۔  نائب وزیر برائے حج وعمرہ عبدالفتاح بن سلیمان نے بتایا کہ ’’عازمین حج میں ۱۶۰؍ ممالک کو نمائندگی دی گئی ہے۔  اس سے قبل  حفاظتی اقدامات کے تحت  مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں جراثیم کش ادویات سے صفائی ستھرائی کے انتظامات کو کئی گنا بڑھا دیا گیا ہے۔

mecca Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK