Updated: October 31, 2025, 7:00 PM IST
| Riyadh
سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کیلئے ویزا پالیسی میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی میعاد تین ماہ سے کم کر کے ایک ماہ کر دی ہے۔ نیا ضابطہ جلد نافذ العمل ہوگا، جس کا مقصد زائرین کے بڑھتے ہوئے ہجوم کو مؤثر انداز میں منظم کرنا اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں بھیڑ کو کنٹرول کرنا ہے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ عمرہ کیلئے ملک میں داخلے کے ویزے کی مدت اب جاری ہونے کی تاریخ سے صرف ۳۰؍ دن ہوگی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل عمرہ ویزا ۹۰؍ دن (۳؍ ماہ) کیلئے مؤثر ہوتا تھا۔ وزارت کے ذرائع نے العربیہ کو بتایا کہ اگرچہ ویزے کی مجموعی میعاد کم کر دی گئی ہے، لیکن جو زائرین مملکت میں داخل ہو جائیں گے، وہ حسبِ سابق زیادہ سے زیادہ تین ماہ تک قیام کر سکیں گے۔ وزارت کے مطابق، یہ اقدام عمرہ سیزن کے دوران غیر معمولی بھیڑ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ جون کے اوائل میں نئے عمرہ سیزن کے آغاز کے بعد سے غیر ملکی زائرین کو جاری کئے گئے ویزوں کی تعداد ۴۰؍ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ صرف پانچ ماہ کے اندر یہ تعداد گزشتہ سیزن کے مقابلے میں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے، جو وزارت کی انتظامی صلاحیت اور جدید نظام کے مؤثر استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل نےالقدس میں مزید ۱۳۰۰؍ غیرقانونی یہودی بستیاں تعمیر کرنے کی منظوری دی
نئے ضوابط کے تحت، اگر کسی زائر نے ویزا جاری ہونے کے بعد ۳۰؍ دن کے اندر سعودی عرب میں داخل نہیں ہوا تو اس کا ویزا خود بخود منسوخ کر دیا جائے گا۔ وزارت نے واضح کیا کہ یہ قانون اگلے ہفتے سے نافذ ہو جائے گا۔ قومی کمیٹی برائے عمرہ و زیارت کے مشیر احمد باجیفر نے العربیہ سے گفتگو میں کہا کہ یہ فیصلہ عمرہ زائرین کی متوقع بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، خاص طور پر موسمِ گرما کے اختتام اور مکہ اور مدینہ میں درجہ حرارت میں کمی کے بعد جب زائرین کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد مقدس شہروں میں بھیڑ بھاڑ کو کم کرنا، انتظامی سہولت میں بہتری لانا، اور زائرین کو بہتر خدمات فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بین اینڈ جیری: شریک بانی بین کوہن کا فلسطین کیلئے تربوز فلیور والی آئس کریم کا اعلان
خیال رہے کہ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب عمرہ اور حج کے انتظامات میں ڈجیٹل ٹرانسفارمیشن، ای ویزا سسٹم، اور اسمارٹ حج پروگرام جیسے جدید اقدامات متعارف کرا رہا ہے۔ ان اقدامات کے ذریعے زائرین کیلئے سہولیات بڑھانے، ویزا کے عمل کو تیز تر بنانے اور ہجوم کو منظم انداز میں تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔