Inquilab Logo

پرائیویٹ ٹورآپریٹروں میں حج کوٹہ تقسیم، ۲۶۹؍ٹورآپریٹرس محروم

Updated: March 09, 2024, 8:50 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

زمروں کے مطابق ۵۶۴؍ٹورآپریٹرس میں ۳۵؍ہزار ۵؍کوٹہ تقسیم کیا گیا۔

A private tour operator`s office in the suburbs.Photo: INN
مضافات میں ایک پرائیویٹ ٹورآپریٹر کا دفتر۔ تصویر : آئی این این

پرائیویٹ ٹور آپریٹرس(پی ٹی او) میں حج ۲۰۲۴ء کیلئے کوٹہ تقسیم کردیا گیا۔ زمروں کے مطابق امسال ۳۵؍ ہزار۵؍ کوٹہ۵۶۴؍ ٹور آپریٹرس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔اہم بات یہ ہےکہ امسال سعودی حکومت کی نئی حج پالیسی ،جس میں ٹورآپریٹرس کی تعداد کم کرکے فی ٹور آپریٹر ۲؍ہزار عازمین لے جانے کی اہم شق رکھی گئی ہے ،اس سے ہندوستانی ٹور آپریٹرس کو مستثنیٰ رکھا گیا۔ اگر خدانخواستہ یہ پالیسی نافذ ہوجاتی اور سعودی حکومت کی پالیسی کی شق کا اطلاق ہوتا تو جو کوٹہ ۵۶۴؍ٹورآپریٹرس میںتقسیم کیا گیا ہے، وہ محض ۱۷؍ یا ۱۸؍ ٹور آپریٹرس ہی میں  سمٹ جاتا اور برسوں سے اس کاروبار سے وابستہ سیکڑوں ٹور آپریٹرس محروم ہوجاتے ۔نئی سعودی حج پالیسی سے مستثنیٰ رکھے جانے سے جہاں ٹور آپریٹرس نے راحت محسوس کی وہیں ۲۶۹؍ ٹور آپریٹرس کی فائلیں رد کردی گئیں جس سے ان کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مجموعی طورپر ۸۳۳؍ ٹورآپریٹرس نے اپنی فائلیں بھیجی تھیں۔اس تعلق سے وزارت برائے اقلیتی امور کی جانب سے سرکیولر جاری کرتے ہوئے ٹور آپریٹرس کومطلع کردیا گیا ہے۔
 جن ٹورآپریٹرس کی فائلیں رد کی گئی ہیں اور ان کوٹہ نہیں دیا گیا ہے، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ۲۰؍ مارچ  تک اپنا جواب پورٹل پر داخل کریں اورجو سوالات کئے جائیں ،ان کے جوابات دیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک وہ سوالات انہیں نہیں بھیجے گئے ہیں مگرجواب دینے کی تاریخ ۲۰؍مارچ ضرور طے کردی گئی ہے۔ موصول ہونے والے جوابات حکومت کی جانب سے مقرر کردہ سہ کمیٹی کے سامنے پیش کئے جائیں گے اور کمیٹی تین ہفتے میں یہ طے کرے گی کہ ان کے جوابات تشفی بخش ہیں یا نہیں۔ قیاس کیا جارہا ہے کہ اسی کی بنیاد پر ان کو آئندہ کیلئے خدمت کا موقع دیا جاتا ہے یا نہیں، یہ فیصلہ ہوگا۔
 کس کیٹیگری میں کتنا کوٹہ دیا گیا
  کیٹیگری ون میں۱۳۰؍ٹورآپریٹرس کا انتخاب کیا گیا اوران کو فی ٹورآپریٹر ۱۰۱؍کوٹہ دیا گیا ۔ کیٹیگری ۲؍میں۴۳۴؍ ٹورآپریٹروں کومنتخب کیا گیا اوران میں ہر ایک کو ۵۰، ۵۰؍ کا کوٹہ دیا گیا۔ یہ کوٹہ تجربہ اور خدمات کی میعاد کے پیش نظردیا گیا ہے۔ 
چند اہم شرائط
 حکومت کی جانب سے متعدد  مرتبہ یہ بتایا گیا کہ ٹور آپریٹرس کو جواب دہ بنانے اوران کی ذمہ داری یاد دلانے کیلئے کچھ اہم شرائط وضع کی گئی ہیں تاکہ وہ عازمین کے ساتھ دھوکہ دہی نہ کرسکیں ۔ ان میں سے چند اہم شقوں میں سے کیٹیگری ون میں خدمت کرنے والے ٹورآپریٹرس کیلئے سالانہ ٹرن اوورکم ازکم ۵؍ کروڑ روپے اور ایف ڈی(فکس ڈپازٹ) ۳۰؍ لاکھ ہونی چاہئے ۔ اسی طرح کیٹیگری ۲؍ کیلئے کم از کم ٹرن اوور ڈیڑھ کروڑ روپے اور ایف ڈی ۲۰؍ لاکھ روپے ہونی چاہئے۔
 ٹورآپریٹرس بہت محتاط ہیں
 ٹورآپریٹرس سے گفتگو کرنے پر انہوں نے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ۔ان کا کہنا ہے کہ اس وقت حالات ایسے ہیں کہ کچھ کہنا گویا خطرہ مول لینا ہے اس لئے کچھ نہ کہنے ہی میں  عافیت ہےورنہ مسائل توکئی ہیں۔ ویسے بھی کہنے سننے میں اس لئے بھی فائدہ نہیں ہے کیونکہ وہی کیا جارہا ہے جو حکومت کو کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK