Inquilab Logo

بورڈ امتحانات کے ہال ٹکٹ جاری،طلبہ پُرجوش، امتحان کی تیاریوں میں مصروف

Updated: January 31, 2024, 10:52 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

متعدد طلبہ کے ہال ٹکٹ میں مضامین اور دستخط بدلنےکی شکایت ، بیشتر اسکول انتظامیہ کا ہال ٹکٹ اپنے پاس رکھنے کافیصلہ، امتحانی سینٹر جاننے سے متعلق طلبہ میں تجسس

Students and teachers of Anjuman Khairul Islam Madanpura with hall ticket.
انجمن خیر الاسلام مدنپورہ کی طالبات اور معلمات ہال ٹکٹ کے ساتھ۔

 مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائرسیکنڈری ایجوکیشن کے ذریعے تعلیمی سال ۲۵۔۲۰۲۴ء میں منعقد ہونے والے ۱۰؍ویں اور ۱۲؍ویں جماعت کے امتحان کے ہال ٹکٹ بدھ کو اسکول اور جونیئر کالج میں جاری کردیئے گئے۔ ہال ٹکٹ جاری ہونے سےطلبہ پُر جو ش دکھائی دیئے۔ متعدد طلبہ کے ہال ٹکٹ میں مضامین اور دستخط بدلنےکی شکایت پائی گئی ہے۔ بیشتر اسکول انتظامیہ نے ہال ٹکٹ ڈائون لوڈ کرکےاپنے پاس ہی محفوظ رکھاہے۔ انتظامیہ کے مطابق ہال ٹکٹ ملنے کےبعد طلبہ اسکول نہیں آتےہیںجبکہ ان دنوں اسکول میں ماہرین کے ذریعے طلبہ کی کائونسلنگ اور پڑھائی کروائی جارہی ہے۔ طلبہ بھی امتحان کی تیاری میں مصروف ہوگئےہیں ۔ انجمن اسلام سیف طیب جی اُردو گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی پرنسپل شمع تارا پوروالا نے  انقلاب کوبتایاکہ ’’ فی الحال ہم نے بارہویں جماعت کی طالبات کا ہال ٹکٹ ڈائون لوڈ کیا ہے جن میں سے چند ہال ٹکٹ میں طلبہ کے دستخط بدل دیئے گئے ہیں۔ کچھ طالبات کے مضامین تبدیل ہوگئے ہیں۔ اس کےعلاوہ سبھی ہال ٹکٹ ۱۰۰؍ فیصد درست ہے۔ جن ہال ٹکٹ میں خامی پائی گئی ہے،انہیں درست کرنے کیلئے واشی بورڈ بھیج دیاگیاہے۔ بارہویں کی طالبات کی ہال ٹکٹ کی ہارڈ کاپی نکال لی گئی ہےلیکن ابھی ان کی تقسیم نہیں ہوئی ہے ۔ جمعرات یکم فروری سے ان کا پریکٹیکل امتحان شروع ہونےوالاہے۔ پریکٹیکل امتحان کیلئے جب طالبات آئیں گی ،اس وقت انہیں ہال ٹکٹ دینے کافیصلہ کیا گیاہے ۔ عموماً  یہ ہوتاکہ  ہال ٹکٹ ملنے کے بعد کچھ طالبات ہال ٹکٹ سنبھال کرنہیں رکھتی ہیں  جس سے عین امتحان کےوقت پریشانی ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے ہم نے طالبات کو ہال ٹکٹ نہیں دیاہے۔‘‘
   احمدسیلراُردو ہائی اسکول ،ناگپاڑہ کے پرنسپل محمد عارف خان کےمطابق ’’ ایس ایس سی کے طلبہ کیلئے ہمارے یہاں فی الحال اسپیشل کلاسیز جاری ہیں۔ تعلیمی ماہرین کےذریعے طلبہ کی ذہن سازی اور انہیں امتحان شروع ہونے سے قبل ،اہم مشورے  دیئے جارہے ہیں، اس لئے ہم نے انہیں ہال ٹکٹ نہیں دیا ہے ۔ ہال ٹکٹ ملنےکےبعد متعدد طلبہ اسکول نہیں آتےہیں۔ ہم چاہتےہیںکہ جب تک اسکول میں مذکورہ کلاس جار ی ہے،طلبہ ان کلاس سے استفادہ کریں۔ پریکٹیکل امتحان شروع ہونے سے ایک دو دن پہلے ہم طلبہ کو ہال ٹکٹ دیںگے۔ ‘‘
 انجمن خیرالاسلام گرلز ہائی اسکول ،مدنپورہ کی پرنسپل مومن قیصر جہاں کے بقول’’ ہم نے ایس ایس سی کا ہال ٹکٹ ڈائون لوڈ کرلیالیکن ابھی طالبات میں اس کی تقسیم نہیں کی ہے ۔ ہم جمعرات کو ہال ٹکٹ تقسیم کریں گے۔ طالبات میں ہال ٹکٹ سے متعلق بڑاتجسس ہے۔ وہ اپنا امتحان سینٹر جاننا چاہتی ہیں۔ ہم نے بدھ کو کچھ طالبات کو ان کے ہال ٹکٹ دکھادیئےہیں لیکن انہیں  دیانہیں ہے ۔دراصل ہال ٹکٹ ملنے کےبعد اس کی حفاظت نہ ہونے سے بڑی پریشانی ہوتی ہے۔ ہال ٹکٹ  گم ہونےپر  دقتیں  ہوتی ہیں۔ ‘‘
 کمو جعفر سلیمان گرلز ہائی اسکول کی معلمہ کےمطابق ’’ ہمارے اسکول کے طالبات کی ہال ٹکٹ آگئی ہے لیکن ابھی ایس ایس سی کی طالبات کے پریلیم امتحان کارزلٹ اور ان کیلئے جمعرات کو اسکول میں الوداعی پارٹی رکھی ہے۔یہ سب کام کے ہونے کےبعد ہی ہم طالبات کےدرمیان ہال ٹکٹ تقسیم کریںگے۔ ‘‘
 کرافورڈ مارکیٹ کی بارہویں جماعت کی طالبہ ضوبیہ مومن نے انقلاب کوبتایاکہ ’’میں مہاراشٹر کالج میں پڑھتی ہوں۔مجھے میرا ہال ٹکٹ مل گیاہے ۔ میرا سینٹر انجمن اسلام سیف طیب جی اسکول بیلاسس روڈ پر ہے۔ جو میرے کالج سے بالکل قریب ہے ۔ میں کالج سےقریب سینٹر لگنےپر بہت خوش ہوں۔ ‘‘
 واضح رہےکہ ایچ ایس سی کاامتحان ۲۱؍ فروری سے ۱۹؍مارچ  تک اور ایس ایس سی امتحان یکم سے۲۶؍مارچ  تک منعقد کیاجائے گا۔

education Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK