Inquilab Logo

مشکوک پاکستانی صحافی کو مدعو کرنے کےالزام پر حامد انصاری برہم

Updated: July 14, 2022, 2:48 PM IST | Agency | New Delhi

بی جےپی لیڈروں کی ہنگامہ آرائی کو جھوٹ پر مبنی قراردیا، واضح کیا کہ نصرت مرزا کو نہ کبھی مدعو کیا، نہ ہی ملاقات کی

Mohammad Hamid Ansari Former Vice President of India.Picture:INN
سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری۔ تصویر: آئی این این

 نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ پر فائز رہتے ہوئے مشکوک پاکستانی صحافی کو مدعو کرنے کے الزامات کا بدھ کو حامد انصاری نے منہ توڑ جواب دیا اور  اسے پوری طرح  ’’جھوٹ پر مبنی ‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نائب صدر جمہوریہ نہ خود کسی کو مدعو کرتا ہے اور نہ کسی سے ملاقات کرتا ہے بلکہ اس کی ہر ملاقات  مرکزی حکومت کی وزارت خارجہ طے کرتی ہے۔  بی جے پی کو آڑے ہاتھوں  لیتے ہوئے  انہوں  نے کہا کہ ’’میرے خلاف جھوٹ کا طومار باندھا جارہاہے۔‘‘   پاکستانی صحافی نصرت مرزا جوآئی ایس آئی کے قریبی  رہ چکے ہیں، نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں  سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے مدعو کیا تھا اور اس ملاقات کے دوران حاصل ہونے والی  معلومات انہوں نے آئی ایس آئی کو فراہم کی تھی۔  اس کے بعد سے بی جےپی حامد انصاری پر حملہ آور ہے، ساتھ ہی اس نے کانگریس کو بھی نشانہ بنایا۔   بدھ کو حامد انصاری نے اس سلسلے میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’کل اور آج میرے خلاف ذاتی طور پرمیڈیاکے کچھ حلقوں نے  اور بی جےپی ترجمان  نے جھوٹ کا طومار باندھ رکھا ہے۔ کہا جارہاہے کہ نائب صدر جمہوریہ کی حیثیت سے میں نے نصرت مرزا کو مدعو کیا، نئی دہلی میں  دہشت گردی پر ایک کانفرنس میں ان سے ملاقات کی اور یہ کہ جب میں ایران میں ہندوستان کا سفیر تھا تو قومی مفادات سے غداری کی جس کا الزام حکومت کے ایک سابق افسر نے لگایا ہے۔‘‘ 
 انہوں  نے اپنے خلاف جھوٹے پروپیگنڈہ کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ جگ ظاہر ہے کہ نائب صدر جمہوریہ کی جانب سے غیر ملکی شخصیات کو دعوت نامے حکومت ہند  کے مشورہ پر عام طورپر وزارت خارجہ کے توسط سے بھیجے جاتے ہیں۔‘‘  سابق نائب صدر جمہوریہ نے مزید کہا کہ ’’میں نے ۱۱؍ دسمبر ۲۰۱۰ء کو دہلی میں  دہشت گردی پر ایک کانفرنس کا افتتاح کیاتھا مگر جیسا کہ عام طورپر ہوتا ہے، اس کے مدعوئین کی فہرست منتظمین  نے تیار  کی ہوگی۔ میں  نے نہ کبھی انہیں (نصر مرزا کو) مدعو کیا ، نہ کبھی  ان سے ملاقات کی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK