Inquilab Logo

طویل عرصے سے ناراض ہاردک پٹیل نےکانگریس پارٹی سےاستعفیٰ دے دیا

Updated: May 19, 2022, 10:26 AM IST | Agency | Ahemdabad

سونیا گاندھی کو بھیجے گئے استعفے میں ہاردک نے تلخ زبان کا استعمال کیا ، الزام لگایا کہ کانگریس کے پاس متبادل سیاست نہیں ہے ، وہ صرف احتجاج کررہی ہے

Hardik Patel.Picture:INN
پٹیل برادری کے اہم لیڈر ہاردک پٹیل۔ تصویر: آئی این این

وزیر اعظم مودی کی آبائی ریاست گجرات میں اہم اپوزیشن کانگریس کے کارگزار صدر اورپاٹیدار ریزرویشن تحریک کے قد آور  لیڈر  ہاردک پٹیل نے پارٹی قیادت پرشدید  تنقید کرتے ہوئے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔۲۰۱۵ء کی پاٹیدار ریزرویشن تحریک  سے سرخیوں میں آئے ۲۸؍سالہ ہاردک نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات سے قبل مارچ ۲۰۱۹ء میں باضابطہ طور پر کانگریس کادامن تھاما تھا اورجولائی۲۰۲۰ء میں انہیں ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی کا ورکنگ صدر بنایا گیاتھا۔کانگریس صدر سونیا گاندھی کو بھیجے گئے اپنے استعفیٰ میں پٹیل نے جس طرح کی تلخ زبان کا استعمال کیا ہے اور رام مندر اوردفعہ ۳۷۰؍ ہٹانے جیسے  موضوعات کی حمایت کی ہے اس سے ان کے جلد ہی بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں۔  ہاردک پٹیل نے اپنے استعفیٰ کو سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ  کردیا ہے۔ انہوں نے اپنے استعفیٰ میں الزام لگایا کہ کانگریس صرف احتجاج کی سیاست کررہی ہے۔ اس نے رام مندر، آرٹیکل ۳۷۰؍ اورجی ایس ٹی جیسے ضروری  موضوعات کی  یوں ہی مخالفت کی۔ اس کے پاس ترقی کی متبادل سیاست کا فقدان ہے۔ انہوں نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی پر بالواسطہ حملہ کرتے ہوئے لکھا کہ پارٹی کی  قیادت گجرات اور ملک کے مسائل کو لے کر سنجیدہ نہیں ہے۔ ملاقات کے دوران پارٹی  لیڈر ، ان کے مسائل سے زیادہ موبائل فون پر نظر رکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گجرات میں پارٹی کے بڑے لیڈر اپنے ذاتی مفاد کے لئے فروخت ہو چکے ہیں۔ وہ ریاست کی ثقافت اور عوام کی توہین کرکے اعلیٰ لیڈروں کو چکن سینڈوچ پہنچانے میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ `آج میں ہمت کرکے کانگریس پارٹی کے عہدے اور پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ میرے اس فیصلے کا میرے تمام ساتھی اور گجرات کے عوام خیر مقدم کریں گے۔ ادھر یہ بھی کہا جارہا ہے کہ پاٹیدار برادری کے  اہم لیڈر نریش پٹیل کو کانگریس میں اہمیت دئیے جانے اور کانگریس لیڈران کی ان سے ملاقات سے بھی ہاردک پٹیل ناراض تھے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK