Inquilab Logo

ہریانہ : بی جے پی اُمیدواروں کی شدید مخالفت

Updated: April 07, 2024, 12:22 AM IST | Agency | Chandigarh

’’ہمیں دہلی جانے سے کیوں روکا؟ راستے میں کیلیں کیوں بچھائیں؟‘‘ بی جے پی اُمیدواروں سے کسانوں کے سوالات۔

Chief Minister Nayab Singh`s rally at Jaind`s new grain market amid tight security. Photo: INN
جیند کی نئی اناج منڈی میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان وزیر اعلیٰ نایاب سنگھ کی ریلی۔ تصویر : آئی این این

ہریانہ میں بی جے پی امیدواروں کیلئے انتخابی مہم  چلانا مشکل ہو تاجارہا ہے۔ کسانوں کی مخالفت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ بی جے پی لیڈر سخت حفاظتی انتظاما ت  کے درمیان بمشکل ہی ریلی نکل پا رہے ہیں۔ یہ حالت تب ہے جب  تمام پارٹیوں نے اپنے امیدواروں کا نام بھی ظاہر نہیں کردیا ہے۔ بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کو یہ مخالفت دیکھ کرتشویش میں مبتلا ہے۔ کسانوں کے سوال انہیں لگاتار پریشان کر رہے ہیں۔ وہ پوچھ رہے ہیں کہ آخر دہلی جانے سے ہمیں کیوں روکا گیا؟ نہ صرف روکا بلکہ ایسا سلوک کیا گیا جیسے ہم دشمن ملک کے شہریت تھے۔ 
اچانک بی جے پی میں شامل ہونے والے اورحصار لوک سبھا سیٹ سے امیدوار بنائے جانے والے رنجیت سنگھ چوٹالہ ویسے تو برہمنوں پر دیئے جانے والے اپنے بیان کیلئے پہلے ہی معافی مانگ چکے ہیں لیکن جمعرات کو حصار میں اگروہا بلاک کے گاؤں شیام سکھ میں جب وہ انتخابی مہم چلانے پہنچے تو انہیں نئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔  ’پگڑی سنبھال جَٹ کسان سنگھرش سمیتی‘ سے  وابستہ کسانوں نے نعرے بازی کی جس سے ان کے جلسہ میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ بڑی مشکل سے پولیس اہلکاروں نے مظاہرہ کر نے والے کسانوں کو روکا۔ حالات اس قدر خراب ہو گئے کہ رنجیت چوٹالہ کو آدھی تقریر  چھوڑ کر ہی گاڑی میں بیٹھ کر لوٹنا پڑا۔

یہ بھی پڑھئے: انتخابی معرکہ آرائی، سونیا گاندھی اور وزیراعظم مودی کی ریلیاں

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہاں بھی رنجیت چوٹالہ نے ایک ایسا بیان دے دیا جس پر انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا  ۔ہنگامہ کے درمیان رنجیت چوٹالہ نے یہ کہہ کر کسانوں کو خاموش کرنے کی کوشش کی ،’’ ہماری پارٹی کو پورا ملک ووٹ دے رہا ہے۔ آپ کو ٹھیک نہ لگے تو ووٹ نہ دینا۔‘‘ کسان ان سے پوچھ رہے تھے کہ کسانوں کو دہلی جانے سے روکنا غلط تھا یا درست ؟  ان سے کہا گیا کہ وہ صرف  ’یس ‘یا ’نو‘ میں جواب دیں۔ اس پر رنجیت چوٹالہ نے خالصتان معاملہ کو کسانوں کے ساتھ جوڑنا چاہا۔ یہاں بات اور بگڑ گئی اور کسان ناراض ہو گئے۔ ان کیخلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ کسانوں نے رنجیت چوٹالہ سے پوری ریاست میں کسانوں پر  لاٹھی چارج سے متعلق بھی سوال پوچھا۔ چوٹالہ نے  ٹال مٹول سے کام لیا۔ کسانوں نے جب پوچھا کہ فصل بیمہ سے متعلق کسان دھرنے پر بیٹھے تھے، ان پر لاٹھی چارج کیوں کیاگیا تو اس پر بھی رنجیت چوٹالہ  نے جواب نہیں دیا۔ اس سے ایک دن قبل سونی پت لوک سبھا سے بی جے پی امیدوار موہن لال بڑولی کی جیند میں جلانا اسمبلی حلقہ میں گاؤں نندگڑھ میں زبردست مخالفت ہوئی۔ وہ بدھ  کی شام ۵؍ بجے کے قریب گاؤں نندگڑھ میں پہنچے تھے۔ یہاں پر گاؤں والوں نے ان سے پرانے کاموں کا حساب کتاب مانگا۔ گاؤں والوں نے کہا کہ گاؤں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا۔
موہن لال نے کہا،’’ یہ بات تو سابق رکن پارلیمنٹ رمیش کوشک ہی بتا سکتے ہیں۔ آپ لوگوں کو ان کے پاس لے چلیں گے تو آپ پوچھ لیجئے گا۔‘‘ لیکن عوام نہیں مانے اورپوچھا کہ پھر آپ کس کیلئے آئے  ہیں؟ انہوں نے اس پر کہا کہ وہ نریندر مودی کو پھر سے وزیر اعظم بنانے آئے ہیں۔ اس کے بعد ناراض عوام نے نعرے بازی شروع کر دی۔اسی طرح سرسہ سے بی جے پی امیدوار اشوک تنور کو زبردست احتجاج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کسان تنظیمیں گاؤں میں کئی دنوں سے ان کی لگاتار مخالفت کر رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ فتح آباد کے گاؤں کرنولی، اہلی صدر، حکماوالی، الیکا، کاریاں اور ہڑولی سمیت درجنوں گاؤں میں انہیں زبردست مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ ٹوہانا اسمبلی حلقہ میں کھنورا، امیم فتح پوری اور دیگر گاؤں ایسے تھے جہاں طے شدہ پروگرام بھی مخالفت کے بعد منسوخ کرنے پڑے۔ رَتیا کے بھی کئی گاؤں میں اشوک تنور کو مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ کسان تنظیمیں بی جے پی امیدواروں سے جو سوالات پوچھ رہی ہیں، وہ اس طرح ہیں:کسانوں کو دہلی کیوں نہیں جانے دیا گیا؟ ان کو روکنے کیلئے راستوں میں کیلیں کیوں بچھائی گئیں؟بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور کے۱۰؍ سال بعد بھی ایم ایس پی کا وعدہ پورا کیوں نہیں کیا؟وزیر اعظم مودی نے سوامی ناتھن رپورٹ کو نافذ کرنے کا وعدہ کیا تھا، اسے پورا کیوں نہیں کیا گیا؟بڑے بڑے سرمایہ داروں کے۱۶؍ لاکھ کروڑ روپے معاف کر دیئے، کسان مزدور کا ایک بھی پیسہ کیوں نہیں معاف کیا گیا؟کسان جب سیلاب سے مر رہا تھا تب آپ کہاں تھے؟منریگا میں گزشتہ۱۰؍ سال میں ایک بار بھی پورے سو دن کا کام کیوں نہیں دیا گیا؟ تحریک آپ کی نظر میں درست تھی یا غلط؟ اگر درست تھی تو آپ نے کسانوں کی حمایت کیوں نہیں کی؟کورونا بحران میں غریب مزدوروں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کیلئے بسیں اور ٹرینیں کیوں نہیں چلائی گئیں؟جبکہ غریب مزدور ہزاروں کلومیٹر پیدل چلتے ہوئے راستوں میں مارے گئے ۔ کورونا بحران میں ریمیڈیسیور کمپنی کا ٹیکہ ٹیسٹ میں فیل ہو گیا تھا، اس کے باوجود آپ کی پارٹی نے رشوت لے کر اسے کلین چٹ کیوں دی؟لکھیم پور کھیری میں کسانوں کو اپنی گاڑی سے کچلنے والوں کو سزا دینے کی جگہ بی جے پی نے دوبارہ ٹکٹ کیوں دیا؟بجلی بلوں میں سرچارج کے نام پر حکومت کے ذریعہ غریبوں سے ہزاروں روپے کیوں وصول کئے گئے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK