Inquilab Logo

ہاتھرس : کرسنڈا گاؤں میں ڈینگوسے دہشت

Updated: September 14, 2021, 11:49 AM IST | Agency | Hathras

گاؤں کے ۸؍ افرادمیں ڈینگوکی تصدیق کے بعد سے خوف کا ماحول ، محکمۂ صحت کی ٹیمیں سر گرم ، کیمپ لگا کر دوائیں تقسیم کی جارہی ہیں ، جمع پانی نکالا جارہا ہے ، صفائی ستھرائی کی جارہی ہے ، انتظامیہ کی جانب سے بھی میٹنگ کی جارہی ہے

District Magistrate Ramesh Ranjan during a meeting at the Collectorate Auditorium..Picture:INN
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ رمیش رنجن کلکٹریٹ آڈیٹوریم میںمیٹنگ کے دوران ۔ تصویر: آئی این این

اتر پر دیش کے  ہاتھرس ضلع کے کر سنڈا گاؤں میں سنیچر کو ڈینگو کے ۸؍ مریضوں کی تصدیق کے بعد انتظامیہ مستعد ہوگیا ہے۔ اتوار کی صبح ہی سے محکمۂ صحت کی ۳؍ ٹیمیں  گاؤں پہنچ گئی ہیں، جن علاقوں سے ڈینگو کے مریض  ملے ہیں  ، وہاں سے کئی افراد کے خون کے نمونے لئے گئےہیں۔ پیر کو گاؤں میں کیمپ لگا کر دوائیں بھی تقسیم کی گئیں۔  سنیچر سے پیر تکمحکمۂ صحت کی ٹیم کرسنڈا میں کئی بار کیمپ لگاکر دوا ئیں تقسیم کرچکی ہے۔ مریضوں کا معائنہ بھی کیا جاچکا ہے لیکن ابھی تک صورتحال قابو میں نہیں آئی ہے جبکہ گائوں میں اینٹی لاروا کا چھڑکائو کیا گیا ۔ صفائی کی گئی ہے اور جمع پانی کو ختم کرادیا گیا ہے۔اس کے بعد بھی مسلسل بخار اور ڈینگو کے مریض ملنے سے گائوں میں خوف ہے۔ پیر کو بھی  بخار نئے مریض نکلنے سے گائوں والوں کے ہاتھ پیر پھول گئے۔فوراً علاج کے لئے سعد آباد اور آگرہ کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ سنیچر کو کرسنڈا میں ۸؍سالہ پورنیما اگروال ،۱۴؍سالہ راکھی، ۲۰؍سالہ شبھم، ۴۵؍سالہ پشپا دیوی اور۲۱؍سالہ پردیپ کمارمیں ڈینگو  کی تصدیق کی کے بعد انہیں علاج کیلئے آگرہ کے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔  ڈاکٹر بر بھاس  اپادھیائے نے کرسنڈا گاؤں  میں مریضوں کی جانچ کی ۔ گھر گھر جا کر مریضوں کے خون  کے نمونے لئے۔گاؤں میں اب بھی بڑی تعداد میں مریض بخار میں مبتلا ہیں جن میں ارچنا( ۷)،چنچل (۸)، وکرانت(۲۱)، راموتی(۴۴)،اپوروا(۲۲)،شالو سکسینہ (۱۵)، خوشی(۷)سمیت ۱۲؍ افراد شامل ہیں۔ ان کابدن بخار سے تپ رہا ہے۔  ان کا علاج ہاتھر س اور آگرہ میں ہورہا ہے۔    اسی دوران پردلنگر گاؤں بھی ڈینگو سے متاثر جہاں سنیچر کی دیر شام۱۰؍ افراد میں ڈینگو کی تصدیق کے بعد  سے گائوں والوں میں دہشت پائی جارہی ہے، یہاں بھی محکمۂ صحت محکمہ کی ٹیم  خیمہ زن ہے۔ صفائی کارکنوں کے ذریعے نگر پنچایت کی جانب سے گائوں میں کیڑے مار دوائوں  کا چھڑکائو کرایا جارہا ہے۔ اتوار کی صبح گائوں میں کیڑے مار دوائوں کا چھڑکائو کرایا گیا۔  لگاتار ڈینگو کے کیس  نکلنے کے بعد اب دیہی علاقوں میں دہشت پائی جارہی ہے۔ضلع میں اب تک ڈینگو کے ۲۱؍ کیس  سامنے آئے ہیں۔ ادھر ضلع  میںپچھلے۱۵؍ دن سے بخار اور ڈینگو کے مشتبہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ضلع میں اب تک ۸؍افراد کی بخار کی وجہ سے موت ہوچکی ہے۔محکمۂ صحت کی جانب سے مسلسل  کیمپ لگا کرمریضوں کو دوائیں دستیاب کرائی جارہی ہیں۔ ڈینگو اور ملیریا کے ساتھ کووڈ کا ٹیسٹ بھی کرایا جارہا ہے۔   پیر کو ضلع مجسٹریٹ رمیش رنجن کی صدارت میں متعدی بیماریوں کے مؤثر کنٹرول کیلئے کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں متعلقہ افسران  سے میٹنگ  ہوئی  ۔ اس دوران ڈی ایم نے اہم ہدایات دیں ۔ اس موقع پر انہوں نے سینی ٹائزیشن، فاگنگ اور صاف صفائی پر زور دیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK