• Sun, 25 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوجوانوں کیلئے’صحت آپ کی دہلیز پر‘ اسکیم متعارف

Updated: January 24, 2026, 11:25 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

بالاصاحب ٹھاکرے کی صدسالہ پیدائش پر ایکناتھ شندے کاعوام کیلئے فلاحی اسکیموں کااعلان جبکہ ایک ڈیڑھ سال سےبند آپلا دواخانہ اسکیم سے غریب عوام علاج نہیں کرواپارہےہیں

A private hospital in Bandra, where people used to come in large numbers for treatment, has been closed.
باندرہ میں بند پڑا ایک آپلا دواخانہ جہاں لوگ بڑی تعداد میں علاج کے لئے آتے تھے۔( تصویر:انقلاب)

الاصاحب ٹھاکرے کی صدسالہ پیدائش کےموقع پرجمعہ کونائب وزیر اعلیٰ اور شیوسینا(شندے) کے صدر ایکناتھ شندے نے ریاست کےعوام کیلئے فلاحی اسکیموں کی ایک سیریز پر عمل کرنےکااعلان کیاہے جن میں سے ’صحت آپ کی دہلیز پر‘ مہم کےتحت بالخصوص نوجوانوں میں ذیابیطس ، سروائیکل اور بریسٹ کینسر کا جلد پتہ لگانے کی کوشش کی جائے گی۔ ایک طرف عوام کے صحت کااس قدر خیال رکھنے کادعویٰ کیاجارہاہے، دوسری جانب ۲۰۲۲ءمیں ایکناتھ شندے نے آپلا دواخانے کی جو اسکیم شروع کی تھی،وہ بی ایم سی اور متعلقہ ڈائگنوسٹکس سینٹر کامعاہدہ ختم ہونے سے بندپڑی ہے جس سے غریبوں کو علاج کروانےمیں دشواری ہو رہی ہے ۔ علاوہ ازیں انہوںنے ایک مرتبہ پھرزیر و پریسکرپشن اسکیم کو مضبوط کرنے کا اعلان کیاہے،جوگزشتہ ایک سے ڈیڑھ سال سے صرف اعلان کی حد تک محدود ہے۔ کیامذکورہ ’صحت آپ کی دہلیز ‘پر مہم کابھی یہی حشر ہوگا ؟  
 بالاصاحب ٹھاکرے کی صدسالہ پیدائش کےموقع پرنائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے منترالیہ کے قریب بالاصاحب بھون میں میڈیا سے خطاب کرنے سے پہلے قلابہ میں بالاصاحب ٹھاکرے کے مجسمے کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بعدازیں پریس کانفرنس سے اپنے ۴۲؍ منٹ کے خطاب میں،ایکناتھ شندے نے ’آروگیہ آپلیہ داری‘ (صحت آپ کی دہلیز پر) کے آغاز کا اعلان کیا جسے شہری بلدیاتی اداروں کے ذریعہ نافذ کیا جائے گا۔ اس پروگرام کی کلیدی توجہ کے تحت نوجوانوں میں ذیابیطس ، سروائیکل اور بریسٹ کینسر کا جلد پتہ لگانے کیلئے بڑے پیمانے پر مہم چلائی جائے گی تاکہ ان امراض پرقابوپایاجاسکے۔ انہوں نے اس اسکیم کیلئے اضافی فنڈز مختص کرنےکااعلان بھی کیا،ساتھ ہی بی ایم سی کے اسپتالوں میں زیرو نسخے کے علاج کی اسکیم کو مضبوط کرنے کا بھی ازسرنو اعلان کیاجو گزشتہ ایک ڈیرھ سال سے صرف اعلان تک محدودہے۔
 واضح رہےکہ۲۰۲۲ءمیں بالاصاحب ٹھاکرے کی صدسالہ پیدائش کےموقع پر ایکناتھ شندے،جو اس وقت وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر فائزتھے،نے عوام کی طبی سہولت کیلئےآپلادواخانہ اسکیم متعارف کروائی تھی جس کےذریعے غریب عوام کامفت علاج اور ۳۷؍ قسم کے خون کی جانچ کی سہولت فراہم کی گئی تھی جس سےغریب مریضوں کو علاج کروانےمیں آسانی ہورہی تھی لیکن بی ایم سی اور کرشناڈائگنوسٹکس سینٹر کےدرمیان بل کی ادائیگی کےتنازع سے یہ اسکیم گزشتہ ایک ڈیڑھ سال سے بند پڑی ہے۔ بی ایم سی نے نئے ٹینڈر کے ذریعےاسے جلد ازجلد دوبارہ شروع کرنےکااعلان ضرور کیاہے لیکن ابھی تک یہ اسکیم شروع نہیں ہوسکی ہے جس سے لوگوںکو علاج کروانےمیں دشواری ہورہی ہے۔ ابھی آپلادواخانہ اسکیم دوبارہ شروع نہیں ہوسکی ہے ایسے میں صحت آپ کی دہلیزپر مہم کااعلان کرناکتناکارگر ہے؟
 اسی طرح بی ایم سی اسپتالوںمیں صفر نسخے کےذریعے علاج کی اسکیم نافذکرنےکااعلان بھی ایکناتھ شندےنےکیاتھا جس کامقصد مریضوںکو تمام دوائیں اور دیگر طبی سہولیات اسپتال کےمعرفت فراہم کرنی تھیں لیکن ابھی تک اس اسکیم پر عمل نہیں ہوسکاہے۔اس تعلق سے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہاہےکہ’’ بی ایم سی کے اسپتالوں میں زیرو نسخے کے علاج کی اسکیم کو جلد متعارف کرایاجائے گا اس کیلئے علاحدہ فنڈ مختص کیاجائے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK