Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج سپریم کورٹ میں شنوائی، ملزمین پُر اُمید

Updated: July 24, 2025, 7:06 AM IST | Mumbai

جمعیۃ بھی انصاف کی لڑائی جاری رکھنے کیلئے پُرعزم، حکومت مہاراشٹر کو جلد بازی پر سماعت سے قبل ہی سرزنش کا سامنا کرنا پڑا

All the accused in the Mumbai train blasts were released on Monday. Now they face the challenge of proving their innocence in the Supreme Court.
ممبئی ٹرین دھماکوں کے ملزم بنائے گئے تمام افراد پیر کو رہا کردیئے گئے۔ اب ان کے سامنے سپریم کورٹ میں بھی اپنی بے گناہی ثابت کرنے کا چیلنج ہے۔

ٹرین  بم دھماکوں   کے کیس میں  بامبے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف داخل کی گئی  عرضی پر سماعت  سے ایک روز قبل بدھ کو ہی مہاراشٹر سرکار کو سپریم کورٹ کی سرزنش اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ منگل کی صبح ہائی کورٹ کےفیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے  داخل کی گئی اپیل کو سپریم کورٹ نے نہ صرف اسی وقت سماعت کیلئے منظور کرلیا تھا بلکہ جمعرات ۲۴؍ جولائی کو شنوائی کاوقت بھی طے کردیاتھا ۔اس کے باوجود بدھ کو پھر سرکاری وکیل نے یہ معاملہ کورٹ کے نوٹس میں لاکر جلد سماعت کی اپیل کی۔
ایسے فیصلوں پر روک شاذونادر لگتی ہے
  مہاراشٹر حکومت کے  وکیل نے بدھ کو جب  چیف جسٹس بی آر گوَئی ،جسٹس کے ونود چندرن اور جسٹس جوائے مالا  باغچی کی بنچ کے سامنے کیس کا ذکر کیا تو بنچ نے  حیرت کااظہار کیاکہ اس معاملے میں جلدبازی کی وجہ کیا ہے؟ بنچ نے اس کے ساتھ ہی یہ بھی واضح کردیا کہ ’’جلد بازی کیوں؟  ۸؍ افراد کو پہلے ہی رہا کیا جا چکا ہے۔ ایسے معاملوں  میں  رہائی پر روک کا حکم شاذ ونادر ہی   دیا جاتا ہے۔‘‘ سپریم کورٹ کا یہ تبصرہ ان ملزمین اوران کے اہل خانہ کیلئے ڈھارس کی حیثیت رکھتا ہے جو ۱۹؍ سال کی قیدو بند کی صعوبتیں  برداشت کرنے کے بعد رہا ہوئے ہیں۔ 
 مہاراشٹر حکومت کی اپیل میں خامی
  اس سرزنش پر مہاراشٹر سرکار کے وکیل نے  وضاحت پیش کی کہ وہ بطور احتیاط بنچ کو یاد دہانی کرارہے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ بنچ   نے منگل کو ہی اس معاملے پر ۲۴؍ جولائی کو سماعت کرنے کا اعلان کردیاتھا مگر  منگل کی سہ پہر تقریباً۳؍ بجے کورٹ کی رجسٹری نے جو مقدمات کو سماعت کیلئے  درجہ بند کرتی ہے، (مہاراشٹر سرکار کی ) اپیل میں طریقہ کار کی خامی کی نشاندہی کی ہے۔ وکیل نے کہا کہ اس کی وجہ سے اندیشہ تھا کہ کہیں یہ کیس جمعرات کی سماعت کیلئے لسٹ ہونے سے رہ نہ  جائے، لہٰذا بطور احتیاط بنچ کے سامنے اس کا تذکرہ کرنے کی ضرورت محسوس کی گئی۔ 
چیف جسٹس کی بنچ سماعت نہیں کریگی
  تازہ ترین اطلاعات کے مطابق  یہ معاملہ پہلے چیف جسٹس آف اندیا کی بنچ میں پیش ہونا تھا مگر اب جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس این کوٹیشور سنگھ اس اہم مقدمہ کی سماعت کریں ۔  یہ مقدمہ  سیریل نمبر ۲۲ پر درج ہے۔ 
مہاراشٹر سرکار فیصلے پر روک لگوانے کی متمنی
 جلد سماعت   پر بار بار اصرار پرجب سپریم کورٹ نے مہاراشٹر سرکار کی سرزنش کی اور کہا کہ بری کرنے کے فیصلوں پر روک  شاذو نادر ہی لگائی جاتی ہے تو سرکاری  وکیل نے کہاکہ’’شاید ہم   (بنچ) کے اراکین کو قائل کر نے میں کامیاب ہو جائیں ۔‘‘     بہرحال ہائی کورٹ نے اپنےفیصلے میں اے ٹی ایس کی جانچ  کے جس طرح بخئے ادھیڑے ہیں اور جس طرح ملزمین کو بے گناہی  کیلئے شواہد کا حوالہ دیا ہے  اس کی وجہ سے فیصلے پر فوری روک کا امکان کم ہی بتایا جارہاہے۔ 
ملزمین پُرامید، جمعیۃ پُرعزم
 جمعرات کو اپیل پر سماعت کا پہلا مرحلہ ہے جس کے تحت قوی امکان ہے کہ سپریم کورٹ کوئی عبوری   فیصلہ دینے سے پہلے متعلقہ فریقین کو اپنا اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیتے ہوئے  نوٹس جاری کریگا۔ جمعیۃ علماءہند نے سپریم کورٹ میں  بھی ملزمین کی پیروی کا عزم ظاہر کیا ہے جبکہ رہا ہونےوالے نوجوان اوران کے اہل خانہ دل تھام کر سپریم کورٹ  میں سماعت کا انتظار کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK