میئرکے امیدوار ولاس پاٹل کو پولیس سیکوریٹی میں اجلاس گاہ لایا گیا ۔ وہپ کی خلاف ورزی پر بی جے پی کا نااہلی کی کارروائی ا نتباہ۔
EPAPER
Updated: February 21, 2026, 9:58 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
میئرکے امیدوار ولاس پاٹل کو پولیس سیکوریٹی میں اجلاس گاہ لایا گیا ۔ وہپ کی خلاف ورزی پر بی جے پی کا نااہلی کی کارروائی ا نتباہ۔
یہاں جمعہ کو میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے انتخاب ضلع کلکٹر و پریسائیڈنگ آفیسر ڈاکٹر شری کرشن ناتھ پنچال کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بی جے پی کے باغی کارپوریٹر نارائن چودھری میئر جبکہ کانگریس کے عبدالطارق مومن نائب میئر منتخب ہوئے۔ میئر الیکشن کیلئے میونسپل کارپوریشن کے ہیڈکوارٹرز اور اس کے اطراف میں غیر معمولی حفاظتی انتظامات کئے گئے۔ مرکزی شاہراہ کو دونوں جانب بیریکیڈنگ کر کے مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی رکھی گئی۔
میئر کے عہدے کیلئے۱۰؍کارپوریٹروں نے نامزدگیاں داخل کی تھیں جن میں سے۶؍ امیدواروں نے ووٹنگ سے قبل اپنے کاغذات واپس لے لئے۔ باقی ۴؍ نامزدگیوں میں سے۲؍ایک ہی امیدوار کی تھیں۔ آخری مرحلے میں بھیونڈی سیکولر فرنٹ کے نا رائن چودھری، کونارک وکاس اگھاڑی کے ولاس پاٹل اور بی جے پی کی کارپوریٹر اسنیہا پاٹل کے درمیان مقابلہ ہوا۔ ووٹنگ کے نتیجے میں نارائن چودھری کو۴۸؍ ووٹ، ولاس پاٹل کو۲۵؍ ووٹ اور اسنیہا پاٹل کو۱۶؍ ووٹ ملے۔
عبدالطارق مومن کو۴۳؍ ووٹ ملے
نائب میئر کے عہدے کیلئے۷؍ کارپوریٹروں نے نامزدگیاں داخل کی تھیں جن میں سے۲؍ امیدواروں نے اپنے نام واپس لے لئے جبکہ ایڈوکیٹ مایوریش پاٹل کی نامزدگی مسترد قرار دی گئی۔ بعد ازاں آخری مقابلہ بھیونڈی وکاس اگھاڑی کے جاوید دلوئی، کانگریس کے عبدالطارق مومن اور بی جے پی کے سہاس نکاتے کے درمیان ہوا۔ نتائج کے مطابق عبدالطارق مومن کو۴۳؍ ووٹ، جاوید دلوئی کو ۲۵؍ووٹ اور سہاس نکاتے کو۲۱؍ ووٹ ملے۔ اس طرح عبدالطارق مومن نائب میئر منتخب ہوئے۔
میئر کے امیدوار اور سابق میئر ولاس پاٹل عدالتی تحویل میں تھے اور انہیں پولیس سیکوریٹی میں اجلاس گاہ لایا گیا۔ مقررہ وقت تک نہ پہنچنے پر نامزدگی واپس لینے کے عمل پر تنازع پیدا ہوا۔ پریسائیڈنگ آفیسر کی جانب سے ووٹنگ سے۱۵؍ منٹ قبل نامزدگی واپس لینے کی مہلت دی گئی تھی، تاہم ولاس پاٹل کی عدم موجودگی پر ان کے حامیوں نے اعتراض کیا۔ وقت پر باضابطہ اعتراض نہ ہونے کے باعث کارروائی جاری رکھی گئی۔ بعد ازیں ولاس پاٹل اجلاس گاہ پہنچے اور نامزدگی واپسی کا عمل مکمل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: میرا روڈ: ٹیپو سلطان کی جگہ اشفاق اللہ خان کا نام
ڈیولپر سے میئر تک کا سفر
کامت گھر علاقے کے تاڑالی کے رہائشی ۵۸؍ سالہ نارائن چودھری ڈیولپر سے میونسپل کارپوریشن کے میئر منتخب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے پدم شری انا صاحب جادھو ودیالیہ سے نویں جماعت تک تعلیم حاصل کی اور کم عمری ہی میں کاروبار سے وابستہ ہو گئے۔ سماجی تنظیم ’آپریشن مکت بھیونڈی‘ کے صدر ڈاکٹر شفیق احمد صدیقی کے مطابق نارائن چودھری طالب علمی کے دور سے ہی ملنسار طبیعت کے حامل اور سیاسی شعور رکھنے والے شخص رہے ہیں۔ ان کا سیاسی سفر جاوید دلوی کے بھیونڈی وکاس منچ سے شروع ہوا۔ بعد ازاں وہ سماجوادی پارٹی اور شیو سینا سے وابستہ رہے اور پھر بی جے پی میں شامل ہوئے۔ رواں سال بی جے پی کے ٹکٹ پر کارپوریٹر منتخب ہونے کے بعد بھیونڈی سیکولر فرنٹ کی حمایت سے میئر کے منصب تک پہنچے۔
میئر منتخب ہونے کے بعد نارائن چودھری نے شہر کی ہمہ جہت اور پائیدار ترقی کا عزم دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی، صفائی، نکاسی آب، سڑکوں اور اسٹریٹ لائٹس جیسی بنیادی سہولیات کی بہتری ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ صحت، تعلیم اور عوامی خدمات کو مضبوط بنانے، خواتین، نوجوانوں اور بزرگ شہریوں کیلئے فلاحی اسکیموں کے موثر نفاذ اور شفاف و بدعنوانی سے پاک انتظامیہ کے قیام پر بھی زور دیا۔
وہپ کی خلاف ورزی پر نااہلی کی کارروائی
بی جے پی کے گروپ لیڈر سنتوش شیٹی نے کہا کہ پارٹی وہپ کے خلاف ووٹنگ کرنے والے کارپوریٹروں کے خلاف نااہلی کی کارروائی شروع کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جن اراکین نے ہدایات کے برعکس ووٹ دیا ہے، ان کے خلاف قواعد کے مطابق سخت اقدام کیا جائے گا۔