راجستھان کے کچھ حصوں میں تو درجہ ٔ حرارت۳۶؍ ڈگری تک درج کیاگیا ہے جبکہ قومی راجدھانی میں بھی پارہ ۳۱؍ ڈگری تک پہنچ چکا ہے۔
EPAPER
Updated: February 27, 2026, 9:37 AM IST | New Delhi
راجستھان کے کچھ حصوں میں تو درجہ ٔ حرارت۳۶؍ ڈگری تک درج کیاگیا ہے جبکہ قومی راجدھانی میں بھی پارہ ۳۱؍ ڈگری تک پہنچ چکا ہے۔
فروری ابھی پوری طرح ختم بھی نہیں ہوئی ہےاورشمالی ہندکے بیشتر حصوں میں اپریل مئی جیسی گرمی شروع ہوگئی ہے۔ دہلی، اتر پردیش، بہار اورراجستھان جیسی ریاستوں میں درجہ حرارت بڑھتا جارہا ہے۔ راجستھان کے کچھ حصوں میں تو درجہ ٔ حرارت۳۶؍ ڈگری تک درج کیاگیا ہے۔ ادھرقومی راجدھانی علاقے میں جیسے جیسے سردی رخصت ہورہی ہے، گرمی اپنا رنگ دکھانے لگی ہے۔ دوپہرکے وقت تیز دھوپ اور بڑھتے درجہ حرارت نے شہریوں کو گرمی کا احساس کرادیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو کم سے کم درجہ حرارت۱۴؍ ڈگری اور زیادہ سے۳۱؍ ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ اسی طرح آنے والے۷؍دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں ایک سے۲؍ ڈگری سلسیس کا اضافہ متوقع ہے۔ اس مدت کے دوران بارش کی توقع نہیں ہے اورآسمان صاف رہنے سے تیز دھوپ رہے گی۔ پیش گوئی کے مطابق مغربی طلاطم کے اثرات سے پہاڑی ریاستوں کے موسم میں تبدیلی آئے گی۔ جموں کشمیرمیں ۲۶، ۲۷؍ فروری کو، ہماچل پردیش اوراتراکھنڈ میں ۲۷، ۲۸؍ فروری کو ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جنوبی ہندوستان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ انڈمان اورنکوبارجزائرمیں ایک دو دن میں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کے آثار ہیں۔ اس دوران ۳۰؍سے۴۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: مظفرنگر فساد: ۳۲؍ ملزموں کے بری ہونے پر سماجی تنظیموں اور شخصیات کا اظہار شویش
اُدھر کرناٹک اور تلنگانہ میں بھی ان دنوں کچھ مقامات پر ہلکی بارش کی پیشگوئی ہے۔ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت بتدریج بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی اور وسطی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں اگلے ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں ۲؍ سے۳؍ڈگری سلسیس کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ ابتدائی۲؍ دنوں کے بعد مہاراشٹر اور مشرقی ہندوستان میں بھی درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے۔ راجستھان میں موسم اس وقت خشک ہے اور دن کے وقت درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ باڑمیر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۶ء۳؍ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ لونکرنسر میں کم سے کم درجہ حرارت ۱۰ء۵؍ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔