Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلسطینیوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں اور فائرنگ

Updated: May 11, 2023, 11:18 AM IST | Ramallah

اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یا ہو کادھمکی آمیز بیان ، کہا: ہم حالت جنگ میں ہیں اور کسی بھی صورتحال کیلئے تیار ہیں ۔ جبکہ ا سلامی جہاد اور حماس نے بھی بدلہ لینے کااعلان کیا اور مزاحمت بڑھنے کا انتباہ دیا

Smoke is rising from the Gaza Strip in the Israeli bombardment. (AP/PTI)
اسرائیلی بمباری میں غزہ پٹی سے دھواں اٹھ رہا ہے۔ ( اےپی / پی ٹی آئی)

: جہاں ایک طر ف غزہ پٹی میں فلسطینیوں اوراسرائیلی فوجیوں کے درمیان  شدید جھڑپیں ہورہی ہیں، وہیں دوسری جانب  اسرائیل کے حملوں  میں  جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد  ۲۰؍ ہوگئی ہے۔ اسی دوران  اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یا ہو نے دھمکی آمیز بیان جاری کیا ہے جبکہ ا سلامی  جہاد  نے  بدلہ لینے کااعلان کیا ۔ 
  میڈیارپورٹس کےمطابق  غزہ  پٹی میں سلسلے وار اسرائیلی حملوں میں اسلامی  جہاد گروپ کے۳؍  لیڈروںسمیت ۲۰؍ افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد  سے علاقے کی کشیدگی میں اضافہ جاری ہے۔گنجان آباد ساحلی پٹی میں اسرائیل کا پہلا فضائی حملہ  منگل او ربدھ کی درمیانی شب ۲؍ بجے  ہوا  ۔غزہ کی وزارت صحت  نے کہا کہ شہید ہونے   ہونے والوں میں۴؍ بچے بھی شامل ہیں ۔۲۰؍ افراد زخمی  ہوئے ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔حملوں کے نتیجے میں کچھ  عمارتوں کو آگ لگ گئی  اور ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔
  ادھر  اسرائیل کے مذکورہ حملے کے بعد اسلامی جہاد اور حماس  نے  بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا۔  اسلامی جہاد کے ترجمان داؤد  شہاب نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی گہرائی تک  تمام شہر اور بستیاں اس کی آگ کی زد میں ہوں گی۔دوسری جانب غزہ کی  حکمراں جماعت حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ قیادت کو قتل کرنے  سے زیادہ مزاحمت ہو گی۔دوسری جانب  سلامتی  کابینہ کے اجلاس سے پہلے  نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے کے راکٹ  حملے کے بعد  اسلامی جہاد کے  لیڈروں کو نشانہ بنانے کا حکم دیا تھا۔
 اسرائیلی  وزیراعظم کا کہنا تھا ،’’ جو کوئی ہمیں نقصان پہنچاتا ہے، اسے ہم سے نقصان  پہنچے گا جس کے وقت اور مقام کا انتخاب ہم کریں گے۔‘‘
 انہوں نے مزید کہا ،’’  ہم حالت جنگ میں ہیں اور کسی بھی صورتحال کیلئے تیار ہیں، ہمارے دشمنوں کو میرا مخلصانہ مشورہ  ہے کہ  ہم سے جھگڑا مول نہ لیں۔ ‘‘ دوسری جانب بدھ کو غزہ پٹی کے ساتھ ساتھ مغربی کنارےمیںبھی اسرائیل  اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہیں۔  شمال مغربی کنارے کے شہر جنین کے قریب واقع قصبہ قبطیہ میں بدھ کوعلی الصباح اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں۲؍فلسطینی  جاں بحق ہو گئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ بکتر بند گاڑیوں سے کے ساتھ اسرائیلی فوجیوں کے ایک دستے نے مطلوبہ فلسطینیوں کی گرفتاری کیلئے قبطیہ کے مرکز پر دھاوابول دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں اور فائرنگ ہوئی۔ قصبے میں دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک تیسرا فلسطینی شہری شدید زخمی ہوا۔ اسے اسرائیلی فوجیوں نے شہر سے باہر نکلنے سے پہلے ہی گرفتار کر لیا۔ 
 یاد رہےکہ جنوری کے آغاز سے اسرائیلی فوج روزانہ کی بنیاد پر فلسطینی شہروں، دیہاتوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر حملے کر رہی ہے۔ جنوری سے لے کر اب تک فلسطینی علاقوں پر روزانہ حملوں کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں ۱۰۰؍ سے زائد فلسطینیوں کا قتل ہوچکا ہے ۔

gaza Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK