Inquilab Logo

لکھنؤ اوراطراف کے اضلاع میں موسلادھار بارش

Updated: June 11, 2021, 4:05 PM IST | Agency/Inquilab News Network | Lucknow

دارالحکومت میںمسلسل بارش سے چار باغ اسٹیشن اور اسمبلی کے سامنے گھٹنوں تک پانی جمع ہوگیا جس سے آمدورفت میں  شدید دشواری ہو ئی ۔ بریلی ،ہردوئیلکھیم پور کھیری، پیلی بھیت،شاہجہاں پور، فرخ آباد، سیتاپور، بہرائچ، گونڈہ، رائے بریلی، بارہ بنکی، امیٹھی، ایودھیا اور سلطان پور و غیرہ بھی جل تھل

Lucknow: A view outside the Charbagh Railway during rains.Picture:PTI
لکھنؤ :بار ش کے دوران چارباغ ریلوے اسٹیشن کے باہر کا ایک منظر۔۔تصویر : پی ٹی آئی

):  جمعرات کو  دارالحکومت اور اطراف کے اضلاع میں موسلاھار بارش ہوئی جس سے  سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ۔ پیدل کے سا تھ ساتھ گاڑیوں سےآمد ورفت میں دشواری ہوئی۔  ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق  آج   اتر پردیش میں مانسون دستک دے سکتا ہے اور کئی اضلاع میں بھاری بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے اس سال ایک ہفتے پہلے مانسون سرگرم ہوجائے گا۔
  جمعرات کو محکمہ موسمیات کے  ڈائریکٹر جے پی گپتا نے بتایا کہ آج جو بارش کا سلسلہ شروع ہوا ہے یہ پری مانسون بارش ہے اور ۴۸؍ گھنٹے کے اندر مشرقی اترپردیش میں مانسون پہنچ جائے گا۔  ان کے مطابق جمعرات کی صبح لکھنؤ کے علاوہ پوروانچل، روہیل کھنڈ اور ترائی کے کئی اضلاع میں بارش ہوئی ۔ لکھنؤ میں  بھاری بارش کی وجہ چارباغ ریلوے اسٹیشن  کے باہر  اور اسمبلی کے آس پاس کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع  ہونے سے  مقامی افراد کو پریشانی اٹھانی پڑی۔اس کے علاوہ لکھیم پور کھیری، بریلی،پیلی بھیت،شاہجہاں پور، فرخ آباد، سیتاپور، ہردوئی، بہرائچ، گونڈہ، رائے بریلی، بارہ بنکی، امیٹھی، ایودھیا اور سلطان پور وغیرہ اضلاع میں بھی بارش ہوئی۔
 محکمہ موسمیات  کے مطابق ۱۱؍سے ۱۳؍جون کے درمیان مغربی اور مشرقی اترپردیش کے سہارنپور  اور میرٹھ ڈویژن کے اضلاع کے علاوہ لکھیم پور کھیری، بہرائچ، شراوستی، ہردوئی، سیتاپور، گونڈہ،اناؤ، لکھنو، بارہ بنکی، رائے بریلی، امیٹھی،ایودھیا، سلطان پور، امبیڈکر نگر، جونپور، اعظم گڑھ، مئو، پرتاپ گڑھ، پریاگ راج، شاہجہاں پور، پیلی بھیت، بریلی، رامپوروغیرہ اضلاع میں سے ۳۰؍سے۴۰؍کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا، گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کے امکانات ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے  مطابق ۱۱؍جون کو مانسون ریاست میں دستک دے گا۔ پوروانچل کے اضلاع میں ۱۱؍جون سے مانسون کی بارش شروع ہو جائےگی۔ ۱۲؍جون تک پوروانچل سے سینٹرل یوپی تک کے اضلاع مانسون کی بارش سے جل تھل ہو جائیں گے۔    محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر جے پی گپتا نے بتایا کہ اترپردیش میں اس مرتبہ مانسون  وقت سے پہلے پہنچ رہا ہے، گزشتہ سال کے مقابلہ ایک ہفتہ پہلے مانسون یوپی میں دستک دینے جا رہا ہے۔  و اضح  رہےکہ ہر سال ۲۰؍جون کے آس پاس مانسون دستک دیتا ہے۔  
 واضح رہے کہ خلیج بنگال میں ایک کم دباؤ کا حلقہ بن رہا ہے، ۱۱؍جون سے بنگال، بہار، جھارکھنڈ اور مشرقی اترپردیش میں اس کا اثر نظر آنے لگےگا۔ مشرقی یوپی میں اس کا اثر سون بھدر، چندولی، غازی پور، وارانسی یا یوں کہیں کہ بہار کی سرحد سے متصل اضلاع میں نظر آئےگا۔ ۱۲؍جون تک لکھنؤ اور اس کے اطراف کے اضلاع میں بھی مانسون کا اثر نظر آنے لگےگا۔وقت گزرنے کے ساتھ ہی بارش کا سلسلہ مغربی یوپی میں بھی شروع ہو جائےگا۔ ۱۲؍اور ۱۳؍جون کو پوری ریاست میں مانسون کی بارش کی امید ہے۔ خلیج بنگال سے اُٹھنے والا یہ دباؤ جب تک کمزور پڑے گا تب تک بحرہندسے چلنے والی مانسون کی ہوائیں ریاست کی سرحد میں داخل ہوجائیںگی یعنی مانسون جون کے مہینے میں سکون دینے والا ضرور ہے لیکن بارش اور بادلوں کی آمد و رفت کی وجہ سے کسی کسی دن زبردست حبس بھی ہو گا۔

lucknow Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK