اندھیری، سانتا کروز، کھار، باندرہ، کرلا، وکھرولی، پوائی، گھاٹ کوپر، بھانڈوپ اور ملنڈ میں سڑکوں پر پانی بھرگیا ۔ محکمہ موسمیات نے ۷؍ جولائی تک زبردست بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی وارننگ دی۔
EPAPER
Updated: July 02, 2026, 10:16 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
اندھیری، سانتا کروز، کھار، باندرہ، کرلا، وکھرولی، پوائی، گھاٹ کوپر، بھانڈوپ اور ملنڈ میں سڑکوں پر پانی بھرگیا ۔ محکمہ موسمیات نے ۷؍ جولائی تک زبردست بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی وارننگ دی۔
جولائی مہینے کے پہلے ہی دن ممبئی شہر و مضافات اور اطراف کے علاقوں میں موسلادھار بارش ہونے سے پورا شہر جل تھل ہوگیا اور عوام کو گرمی سے راحت ملی۔ تاہم شدید بارش کی وجہ سے متعدد علاقوں میں پانی بھرنے سے ٹریفک جام اور دیگر چھوٹے موٹے حادثات سے عوام کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے ۷؍ جولائی تک تیز بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بدھ کو ایک پریس ریلیز جاری کرکے اطلاع دی کہ خلیج بنگال اور بحر عرب کے شمال مشرقی حصہ میں طوفانی اثرات سے مہاراشٹر اور کوکن کے علاقے متاثر ہوں گے جس کی وجہ سے ۷؍ جولائی تک مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں اور گھن گرج کے ساتھ شدید سے شدید تر بارش ہونے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے ممبئی کیلئے ۵؍جولائی تک کیلئے اورینج الرٹ جبکہ تھانے میں ۴؍ جولائی ، پال گھر میں آج اور رائے گڑھ کیلئے ۳؍ اور ۴؍ جولائی کو بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ باقی دنوں کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سنیل تٹکرے نے ایساہی ٹویٹ کبھی سنگرام جگتاپ کے بیان پر کیوں نہیں کیا؟
منگل کی رات سے شروع ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے حسب معمول بدھ کو اندھیری سب وے میں دو سے ڈھائی فٹ پانی بھر جانے کی وجہ سے اسے چند گھنٹوں کیلئے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا ۔ شہری انتظامیہ کے مطابق بدھ کو شدید بارش اور مدو جزر ایک ساتھ ہونے کی وجہ سے دوپہر کے وقت اندھیری، سانتا کروز، کھار، باندرہ، کرلا، وکھرولی، پوائی، گھاٹ کوپر، بھانڈوپ اور ملنڈ میں سڑکوں پر پانی بھر جانے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔
محکمہ موسمیات کی تھانے میں واقع مشاہدہ گاہ میں بدھ کو ۱۱۰ء۴؍ ملی میٹر جبکہ سانتا کروز میں ۱۰۷ء۹؍ ایم ایم اور قلابہ میں ۲۹ء۶؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اس کے علاوہ نوی ممبئی کے کھار گھر میں بدھ کی شب ۸؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ریکارڈ ۴۵۶؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
البتہ بی ایم سی کے ذریعہ مختلف علاقوں میں نصب کئے گئے ویدر گیج میں کم از کم ۱۰؍ مقامات پر ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ بی ایم سی کے مطابق یکم جولائی کو صبح ۸؍ بجے سے رات ۹؍ بجے کے درمیان مشرقی مضافات میں ملنڈ میں ۱۶۶؍ ملی میٹر، بھانڈوپ ۱۵۵، پوائی ۱۵۲، وکھرولی کے ٹیگور نگر اسکول پر ۱۵۲؍ ملی میٹر، پاسپولی پوائی میونسپل اسکول ۱۴۲ء۸، ایس وارڈ آفس ۱۴۱ء۶، اور گَوَن پاڑہ فائر اسٹیشن پر ۱۲۸ء۶؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: غیر قانونی آئی وی ایف مراکز پر کارروائی کا مطالبہ
اس کے بعد مغربی مضافات میں سانتا کروز ۱۴۱، ناریل واڑی اسکول سانتا کروز پر ۱۳۹ء۲، سانتا کروز ایس ڈبلیو ایم ورکشاپ پر ۱۳۶ء۴، اندھیری ۱۳۵، اندھیری فائر اسٹیشن ۱۲۷، اندھیری مالپا ڈونگری میونسپل اسکول ۱۲۶ء۴؍ اور کوپر اسپتال ۱۲۲ء۲؍ ایم ایم بارش ہوئی۔ اس کے بعد شہر میں لوور پریل ۸۴، ماٹونگا ۸۲، وڈالا ۷۸، دادر ۷۴، ایف نارتھ وارڈ پر ۷۶ء۸، جی سائوتھ وارڈ ۷۵ء۸، وڈالا بی ناڈکرنی پارک اسکول ۷۳ء۶، ایف سائوتھ وارڈ ۶۹ء۸؍ اور دادر ایس ڈبلیو ڈی ورکشاپ پر ۶۸ء۴؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ صبح ساڑھے ۸؍ بجے سے شام ساڑھے ۵؍ بجے کے درمیان محکمہ موسمیات کے آٹومیٹک رین گیج (اے آر جی) پر جوہو ایئرپورٹ کے علاقے میں ۱۱۶؍ ایم ایم، رام مندر پر ۹۶ء۵، باندرہ ۹۲ء۵، ودیا وہار میں ۹۱، سائن ۶۵ء۵، چمبور ۴۲؍ اور بائیکلہ ۳۶ء۵؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔اس روز شہر و مضافات میں کُل ۴۵؍ مقامات پر درخت اور شاخیں گرنے کے واقعات ہوئے، شارٹ سرکٹ کے ۷؍ حادثات اور گھر اور دیواریں گرنے کے ۳؍ حادثات ہوئے تاہم کسی بھی معاملے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
اطلاع کے مطابق ۲۹؍ جون کو واشی کی کھاڑی میں گر کر بہہ جانے والے ۳۳؍ سالہ محمد علی خان کی لاش بدھ کو ٹرامبے جیٹی کے پاس ملی۔ لاش کو پولیس نے مقامی افراد کی مدد سے باہر نکال کر کوپر اسپتال پہنچایا۔