Inquilab Logo

بارش کا قہرہماچل پردیش اورکشمیرمیں بادل پھٹےبڑی تباہی کئی مکانات منہدم عوام کو محفوظ مقامات پر

Updated: July 12, 2021, 11:25 PM IST | dharamshala

ملک کی کئی ریاستوں میں تیز بارش ہورہی ہے جس کی وجہ سے ان ریاستوں میں سیلابی کیفیت کا سامنا ہے۔ د

Houses and vehicles have been severely damaged in a flood-like situation after the cloudburst in Dharamshala.Picture:PTI
دھرم شالہ میں بادل پھٹنے کے بعد سیلاب جیسی صورتحال میں مکانات اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے تصویرپی ٹی آئی

 ملک کی کئی ریاستوں میں تیز بارش ہورہی ہے جس کی وجہ سے ان ریاستوں میں سیلابی کیفیت کا سامنا ہے۔  دوسری طرف ہماچل پردیش اور کشمیر میں بادل پھٹنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں ،جس میں کئی مکانات کے گرنے اور گاڑیوں کے تباہ ہونے کی خبریں ہیں ۔ اچھی بات یہ ہے کہ فی الحال انسانی جانوں کے اتلاف کی اطلاع نہیں ہے۔ ہماچل پردیش کی کئی ندیوں میں طغیانی جیسی کیفیت ہے جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کی کوشش ہورہی ہے۔ 
 سیلاب کی وجہ سے کے ندی کے کناروں پر تعمیر متعدد مکان، جھگی جھوپڑیاں اور سڑکوں پر کھڑی گاڑیاں پانی میں بہہ گئی ہیں۔اسی کے ساتھ کئی پلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ وہیں سڑکوں پر کئی مقامات پر تودے گرنے سے گاڑیوں کا آمد و رفت متاثر ہوئی ہے، جنہیں متبادل راستوں پر روانہ کیا جارہا ہے۔ قدرت کے اس قہر سے ندی نالوں کے آس پاس تباہی کا منظر ہے۔ کسی دیگر آفت کے خدشے سے لوگوں میں خوف ہے۔
 ریاست کے بیشتر علاقوں بشمول ضلع کے بالائی اضلاع میں اتوار کی شام ہی سے موسلا دھار بارش ہورہی ہے ، جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی ہے۔ بارش اور سیلاب کی وجہ سے دھرم شالہ میں سڑکوں پر کھڑی گاڑیوں کو  شدید نقصان پہنچا ہے۔ دھرم شالہ میں۱۸۵؍ ملی میٹر ، پالم پور میں۱۵۵؍ ملی میٹر جبکہ بیج ناتھ اور مالا میں۱۰۵؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ منڈی اورپٹھان کوٹ شاہراہ پر راجول میں   پل کو ہونےوالے نقصان کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے اور پولیس فورس کو تعینات کردیا گیا ہے۔ شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ کانگڑا میں سیلاب کی وجہ سے بہت سے مکانات بہہ گئے ہیں اور کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ پانی کا تیز بہاؤ  مینڈ میں جھونپڑیوں کے ساتھ ساتھ ان کا سامان  بھی  بہا کر لے گیا۔
 اسی طرح کشمیر میں بھی بادل پھٹنے کی وجہ سے علاقے میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ کئی دکان، مکان بہہ گئے ہیں، حتیٰ کہ بعض سڑکوں پر بھی گہرا شگاف پڑگیا ہے۔ بعض راستوں پر پتھر اور تودے گرنے سے راستے بند ہوگئے ہیں اور وہاں پر فوج تعینات کردی گئی ہے۔
   کانگڑا کے ضلعی ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نپون جندل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مانسون کے موسم میں ندی نالوں اور وادیوں کے قریب نہ جائیں اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکان کے پیش نظر حساس مقامات سے دور رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ جگہوں پر زیادہ پانی آنے کی وجہ سے لوگوں کو  دوسری جگہوں پر منتقل کیا گیا ہیں۔ انہوں نے محکمہ ریونیو کے افسران کو امداد اور بحالی میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آفات سے نمٹنے کیلئے ضلعی اور سب ڈویژنل سطح پر کنٹرول روم قائم کردیئے گئے ہیں جو۲۴؍ گھنٹے کھلے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK