• Wed, 28 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کشمیر میں بھاری برف باری نے وادی کو سفیدچادر میں ڈھانپ دیا، سیاحوں میں خوشی کی لہر

Updated: January 27, 2026, 11:13 PM IST | Srinagar

بھاری برف باری کے باعث ایک جانب ٹریفک اور ہوائی نقل و حمل میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں، تو دوسری جانب سیاحوں اور مقامی ہوٹل انڈسٹری نے اسے ایک خوشگوار موقع کے طور پر دیکھا

Tourists enjoying snowfall in Kashmir
کشمیر میںبرف باری سے لطف و اندوز ہوتے ہوئے سیاح

 وادی کشمیر میں جاری تازہ برف باری نے جہاں روزمرہ زندگی کو متاثر کیا ہے، وہیں سری نگر سمیت گل مرگ، پہلگام اور سون مرگ جیسے اہم سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بھاری برف باری نے پوری وادی کو سفید چادر میں ڈھانپ دیا ہے، جس کے باعث ایک جانب ٹریفک اور ہوائی نقل و حمل میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں، تو دوسری جانب سیاحوں اور مقامی ہوٹل انڈسٹری نے اسے ایک خوشگوار موقع کے طور پر دیکھا۔ 
 سری نگر میں ڈل جھیل کے کناروں پر پڑنے والی برف نے شہر میں ایک دلکش منظر پیش کیا، جہاں دور دور تک آنے والے مہمان برف میں کھیلتے، تصاویر اور ویڈیوز بناتے دکھائی دیئے۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی دنوں سے برف باری کا انتظار کر رہے تھے اور آج کی برف باری نے ان کا سفر یادگار بنا دیا ہے۔ کئی سیاحوں نے بتایا کہ سری نگر پہنچنے کے بعد انہیں اطلاع ملی تھی کہ موسم خراب ہو سکتا ہے، لیکن انہوں نے پھر بھی اپنا سفر جاری رکھا، اور اب انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے وادی نے ان کا استقبال اپنے خاص انداز میں کیا ہو۔ 
 ادھر گل مرگ میں برف کی نئی تہہ نے اسکینگ کے شوقین افراد کی خوشی کو دوبالا کر دیا ہے۔ مقامی ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ تازہ برف نے سیاحتی سرگرمیوں میں نئی جان ڈال دی ہے اور کمرے تقریباً بھر چکے ہیں۔ گل مرگ گنڈولہ کے اطراف دن بھر لوگوں کا رش رہا، جبکہ کئی سیاحوں نے پہلی بار اسکینگ اور اسنو بورڈنگ کا تجربہ بھی کیا۔ پہلگام میں بھی ماحول کچھ ایسا ہی رہا جہاں وادی لدر دونوں جانب پھیلی ہوئی برف نے ایک شاندار، خوبصورت اور سحر انگیز منظر پیدا کیا اور سیاح برف میں چہل قدمی سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ہر طرف  سیاحوں کو  فوٹو گرافی کرتے ہوئے دیکھا جارہا ہے۔
 اسی کے ساتھ مقامی لوگوں کیلئے اس مسلسل برف باری نے کچھ مشکلات بھی کھڑی کی ہیں۔ سری نگر اور مضافاتی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن کے سبب ٹریفک کی رفتار انتہائی سست ہوگئی ہے جبکہ کئی مقامات پر بجلی کی فراہمی بھی وقفے وقفے سے متاثر ہو رہی ہے۔ ان ساری وجوہات کے باوجود، مقامی دکانداروں اور سیاحتی کاروبار سے وابستہ افراد نے اس برف باری کو’سیزن کے لیے مفید‘ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ کئی ہفتوں سے خشک موسم کی وجہ سے سیاحوں کی آمد میں واضح کمی ہوگئی تھی لیکن تازہ برف نے حالات کو یکسر بدل دیا ہے۔ وادی کے مختلف حصوں میں لوگوں نے شدید برف باری کے باوجود باہر نکل کر اس موسم کا لطف اٹھایا، خاص طور پر نوجوانوں نے برف کے گولے کھیلتے اور تصاویر بناتے ہوئے موسم کو انجوائے کیا ۔
  دوسری جانب سری نگر ایئرپورٹ پر اگرچہ کچھ پروازیں تاخیر کا شکار رہیں، تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رن وے کی صفائی کا کام جاری ہے اور موسم بہتر ہوتے ہی فضائی ٹریفک معمول پر آ جائے گا۔ اس دوران پولیس اور ٹریفک حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ بلا ضرورت سفر سے گریز کریں اور پھسلن والی سڑکوں پر احتیاط برتیں۔ 
 سیاحتی مقامات پر مجموعی طور پر ایسا ماحول رہا جس نے ثابت کیا کہ برف باری وادی کشمیر کیلئے ایک طرف قدرتی چیلنج ضرور ہے، لیکن دوسری طرف یہی برف اس سرزمین کی خوبصورتی اور دلکشی کا سبب بھی ہے، جس کے باعث دنیا بھر سے لوگ یہاں آنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK