Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہماچل، گجرات، مدھیہ پردیش میں زبردست بارش

Updated: July 04, 2026, 11:42 AM IST | New Delhi

کہیں  سیلابی صورتحال تو کہیں  لینڈ سلائیڈنگ سے راستے مسدود۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون ۵؍جولائی تک ملک بھر میں  پھیل جائیگا۔

These are some of the conditions after the landslide on National Highway No. 5 in Kinnaur, Himachal Pradesh. Photo: INN
ہماچل پردیش کے کِنّور میں  قومی شاہراہ نمبر ۵؍ پر لینڈسلائیڈنگ کے بعد کچھ یہ حالات ہیں۔ تصویر: آئی این این

کئی ریاستوں  میں  مانسون کی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس باعث کہیں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے تو کہیں  لینڈ سلائیڈنگ کے سبب راستے مسدود ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جنوب مغربی مانسون ۵؍ دن کی تاخیر سے دہلی پہنچا اور اب راجدھانی میں ۷؍ جولائی تک بارش سے متعلق الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اسی طرح اتر پردیش، بہار سمیت کئی دیگر ریاستوں میں بھی جمعہ کو بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ مہاراشٹر، اتراکھنڈ اور مغربی ساحلی ریاستوں میں موسلادھار بارش اب راحت کے بجائے پریشانی کا سبب بنتی جا رہی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے آئندہ چند دنوں کے دوران کئی ریاستوں میں انتہائی شدید بارش کا انتباہ جاری کیا ہے۔ 
رپورٹ کے مطابق ہماچل پردیش کے ضلع کنّور میں جمعرات کی رات شدید بارش ہوئی۔ کنّور کے چولنگ علاقے میں بارش کے بعد ملبہ نیشنل ہائی وے پر آ گیا، جس کے نتیجے میں دو گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں۔ ریاست بھر میں اس وقت۶۰؍ سڑکیں بند ہیں۔ ادھر اتر پردیش میں جمعہ کی صبح تقریباً۳؍ بجے لکھنؤ، بارہ بنکی، اناؤ، جالون سمیت پانچ شہروں میں زبردست بارش ہوئی۔ اناؤ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ 
گجرات کے ولساڈ میں بھی زوردار بارش کے سبب سڑکیں زیر آب آ گئیں، جس سے چلتی ہوئی کئی گاڑیاں بند ہو گئیں۔ جام نگر میں دو بچے تیز بہاؤ میں بہہ گئے، تاہم مقامی لوگوں نے بروقت انہیں بچا لیا۔ سومناتھ کے سوتراپاڑا علاقے میں بھی بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

یہ بھی پڑھئے: جنتر منتر پر سی جے پی کے احتجاجی مقام پر لائبریری کا ٹینٹ لگانےوالے طلبہ پر دہلی پولیس کا مبینہ تشدد

مدھیہ پردیش میں مانسون صرف نو دن کے اندر پورے صوبے میں پھیل گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے دھار، بڑوانی، کھرگون اور دیواس اضلاع میں آئندہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران۴؍ سے۸؍ انچ تک بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اجین میں دریائے شِپرا کی سطحِ آب بڑھنے سے رام گھاٹ کے قریب واقع کئی مندر زیرِ آب آ گئے۔ 
راجستھان کے جے پور میں گزشتہ دو روز سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے جمعہ کے لیے کوٹا، باراں اور جھالاواڑ اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اتراکھنڈ میں رودر پریاگ، چمولی سمیت کئی اضلاع میں لینڈ سلائیڈ کے باعث سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ بدری ناتھ اور کیدارناتھ ہائی ویز پر مسلسل پتھر گرنے کے واقعات پیش آئے، جس کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت کیدارناتھ یاترا عارضی طور پر روک دی گئی تھی۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون نے یکم جون کے بجائے تین دن کی تاخیر سے۴؍جون کو ہندوستان میں داخلہ لیا تھا۔ اس دوران کئی ریاستوں میں مانسون کی رفتار سست رہی، جبکہ وقفے وقفے سے ’بریک مانسون‘ جیسی صورتحال بھی پیدا ہوئی، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اس بار مانسون معمول سے دیر سے پورے ملک میں پھیلے گا۔ تاہم جولائی کے آغاز میں خلیجِ بنگال میں بننے والے موسمی نظام اور سازگار حالات کے باعث مانسون نے دوبارہ رفتار پکڑ لی۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق ۵؍جولائی تک مانسون کے پورے ملک میں پھیل جانے کا امکان ہے، جبکہ اس کی معمول کی تاریخ۸؍جولائی سمجھی جاتی ہے۔ یعنی ابتدائی سستی کے باوجود مانسون اب اپنی معمول کی رفتار کے قریب پہنچ چکا ہے۔ محکمہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں شمال مغربی ہندوستان کے باقی علاقوں میں بھی مانسون تیزی سے آگے بڑھے گا۔ ۴؍جولائی کو چھتیس گڑھ، تلنگانہ، اڈیشہ، کیرالہ، گوا، تمل ناڈو، اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، مغربی بنگال اور سکّم میں شدید بارش کا امکان ہے۔ بہار، مدھیہ پردیش، ادیشہ، مشرقی راجستھان، تمل ناڈو سمیت کئی ریاستوں میں تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ راجستھان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ مشرقی اتر پردیش کے بعض علاقوں میں ہیٹ ویو برقرار رہ سکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK