• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہند رجب فاؤنڈیشن کا امریکہ سے سابق اسرائیلی وزیرِدفاع کے خلاف جنگی جرائم پر مقدمہ چلانے کا مطالبہ

Updated: November 18, 2026, 6:33 PM IST | Gaza

ہند رجب فاؤنڈیشن نےحال ہی میں امریکی محکمئہ انصاف سے سابق اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف غزہ اور لبنان میں مبینہ جنگی جرائم اور بالخصوص فلسطینی علاقے میں نسل کشی کے الزام میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ حالانکہ ان کے خلاف نومبر ۲۰۲۴ء سے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی ) کی جانب سے بھی گرفتاری وارنٹ جاری ہو چکے ہیں۔

Former Israeli Defense Minister Yoav Gallant. Photo: INN.
سابق اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ۔ تصویر: آئی این این۔

ہند رجب فاؤنڈیشن (ایچ آر ایف) نے امریکی محکمۂ انصاف میں ایک درخواست دائر کرکے سابق اسرائیلی وزیرِ دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف غزہ اور لبنان میں مبینہ جنگی جرائم اور فلسطینی علاقے میں نسل کشی کے الزام میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ فاؤنڈیشن نے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ یہ درخواست ان جرائم سے متعلق ہے جن کی مبینہ طور پر گیلنٹ نے اکتوبر ۲۰۲۳ء سے نومبر ۲۰۲۴ء کے درمیان اپنے دورِ اقتدار میں اجازت دی یا حکم جاری کیا تھا۔ یہ اقدام گیلنٹ کے بدھ کو نیویارک سٹی کے مجوزہ دورے سے عین قبل سامنے آیا ہے، جہاں ان کے ایک اسرائیل نواز غیر منافع بخش تنظیم مریام انسٹی ٹیوٹ کے سالانہ اجلاس میں کلیدی خطاب کی توقع ہے۔

یہ بھی پرھئے: اسرائیلی پارلیمنٹ میں نئے اسپیکر کا انتخاب، نیتن یاہو کی گرفت کمزور

ایچ آر ایف نے بڑے پیمانے پر شہریوں کی ہلاکتوں، رہائشی علاقوں کی تباہی، جبری نقل مکانی اور صحت کے مراکز پر حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غزہ اور لبنان میں اسرائیل کی فوجی پالیسیوں کی ذمہ داری گیلنٹ پر عائد ہوتی ہے۔ فاؤنڈیشن کے مطابق، نومبر ۲۰۲۴ء میں گیلنٹ کی برطرفی تک غزہ میں ۴۳؍ ہزارسے زائد فلسطینی شہید ہو چکے تھے، جبکہ ۹۰؍ فیصد رہائشی مکانات تباہ ہو گئے تھے اور تقریباً پوری آبادی بے گھر ہو چکی تھی۔ فاؤنڈیشن نے گیلنٹ کی کمان میں اسرائیلی افواج پر لبنان میں بھی ۲؍ ہزار ۶۰۰؍ سے زائد افراد کو ہلاک کرنے، صحت کے مراکز اور ایمرجنسی گاڑیوں کو نشانہ بنانے اور ستمبر ۲۰۲۴ء میں پیجر دھماکے کرنے کا الزام عائد کیا ہے جن میں ۱۲؍افراد ہلاک اور ۳؍ ہزارسے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ فاؤنڈیشن نے اکتوبر ۲۰۲۳ء میں گیلنٹ کی جانب سے غزہ کے ’’مکمل محاصرے‘‘ کے اعلان کو نسل کشی پر اکسانے کے مبینہ ثبوت کے طور پر پیش کیا ہے، جس میں بجلی، پانی، خوراک اور ایندھن کی فراہمی منقطع کرنا وغیرہ شامل تھا۔ درخواست میں دلیل دی گئی ہے کہ امریکی قوانین، بشمول وار کرائمز ایکٹ اور جینوسائیڈ اسٹیچوٹ، گیلنٹ کے امریکی سرزمین پر داخل ہونے کی صورت میں ان کے خلاف مقدمہ چلانے کی قانونی بنیاد فراہم کرتے ہیں، قطع نظر اس کے کہ مبینہ جرائم کہیں بھی سرزد ہوئے ہوں۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی ناکہ بندی کے سبب غزہ کے خاندان کیروسین چولھے کے استعمال پر مجبور

ایچ آر ایف نے واشنگٹن پر زور دیا کہ وہ جنیوا کنونشنز کے تحت سنگین خلاف ورزیوں کے مشتبہ افراد کی تحقیقات اور ان پر مقدمہ چلانے کی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور یہ مؤقف اختیار کیا کہ بین الاقوامی قانون کی مبینہ خلاف ورزیوں پر گیلنٹ خود بخود استثنیٰ کا دعویٰ نہیں کر سکتے۔ واضح رہے کہ غزہ میں مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں نومبر ۲۰۲۴ء سے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی ) کی جانب سے بھی گیلنٹ کےخلاف گرفتاری وارنٹ جاری ہو چکے ہیں۔ فاؤنڈیشن نے امریکی قانون سازوں سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ وہ امریکن سروس ممبرز پروٹیکشن ایکٹ کو منسوخ یا اس میں ترمیم کریں تاکہ فلسطین سے متعلق آئی سی سی کی تحقیقات میں تعاون کی راہ ہموار ہو سکے۔ یہ پیش رفت اکتوبر ۲۰۲۵ء میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی اسرائیل کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیوں کے درمیان سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں غزہ کے محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق کم از کم ۱یک ہزار ۶۵۰؍ فلسطینی شہید اور ۵؍ ہزار ۹۷۵؍ زخمی ہو چکے ہیں۔ ۸؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے غزہ پر مسلط کی گئی اسرائیلی جنگ میں اب تک ۷۴؍ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ ۷۶؍ ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK