• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیلی پارلیمنٹ میں نئے اسپیکر کا انتخاب، نیتن یاہو کی گرفت کمزور

Updated: November 18, 2026, 3:35 PM IST | Tel Aviv

اسرائیل میں وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کو پارلیمنٹ میں بڑا سیاسی دھچکا لگا ہے، جہاں اپوزیشن کے حمایت یافتہ متان کہانا کو نیا اسپیکر منتخب کر لیا گیا۔ اس انتخاب کے بعد اپوزیشن کو پارلیمانی کارروائی، قانون سازی اور حکومتی نگرانی میں زیادہ اختیار حاصل ہوگیا ہے۔ تاہم نیتن یاہو کی جگہ نئی حکومت تشکیل دینے کی کوششوں کو اب بھی کئی سیاسی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

Gadi Eisenkot and Netanyahu. Photo: X
گادی آئزنکوٹ اور نیتن یاہو۔ تصویر: ایکس

اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) نے منگل کے روز گادی آئزن کوٹ کی جماعت یاشار سے تعلق رکھنے والے متان کہانا کو ۲۶؍ واں اسپیکر منتخب کیا۔ انہوں نے نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کے عامر اوہانا کی جگہ لی ہے۔ کنیسٹ کے ترجمان کے مطابق متان کہانا کو ۶۶؍ ارکان کی حمایت حاصل ہوئی، جبکہ لیکوڈ کے امیدوار اور حکومتی اتحاد کے چیف وہپ اوفیر کاتز کو الگ ووٹنگ میں ۵۲؍ ارکان نے حمایت دی۔ دونوں امیدواروں کے درمیان براہِ راست مقابلے کے بجائے الگ الگ ووٹنگ کرائی گئی۔ یہ انتخاب آئزن کوٹ کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد کی پارلیمنٹ میں اہم پیش رفت ہے۔ ۲۷؍ اکتوبر کے انتخابات کے بعد نیتن یاہو اور ان کے دائیں بازو اور انتہائی قدامت پسند مذہبی جماعتوں پر مشتمل اتحاد ۱۲۰؍ رکنی پارلیمنٹ میں صرف ۵۳؍ نشستوں تک محدود رہ گیا، جبکہ اپوزیشن کو ۶۷؍ نشستیں حاصل ہوئیں۔ اپوزیشن کی نشستوں میں چار یہودی جماعتوں کی ۴۸؍ اور دو عرب جماعتوں، جوائنٹ لسٹ اور رعم، کی مجموعی ۱۹؍ نشستیں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل میں اقتدار کی تبدیلی کیلئےسرگرمیاں تیز، فلسطین پرمظالم شدید

صدر اسحاق ہرزوگ نے رواں ماہ آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ انہیں نیتن یاہو کی جگہ حکومت بنانے کے لیے ساڑھے چار ہفتے مزید مل سکتے ہیں، تاہم اس راستے میں سیاسی اختلافات اور اتحاد سازی کی پیچیدگیاں موجود ہیں۔ فی الحال اپوزیشن پارلیمنٹ کے اہم عہدوں، کمیٹیوں اور قانون سازی کے ایجنڈے پر زیادہ اختیار حاصل کرکے نیتن یاہو کی عبوری حکومت کی نگرانی اور اس کے فیصلوں کو محدود کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ آئزن کوٹ نے متان کہانا کے انتخاب کو ’’جمہوری لحاظ سے درست اقدام‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تبدیلی ان ارکان کی واضح اکثریت کی عکاسی کرتی ہے جنہوں نے تبدیلی کے حق میں ووٹ دیا۔

اپوزیشن نے مالیات اور دفاع سمیت اہم پارلیمانی کمیٹیوں کے عبوری سربراہ بھی مقرر کیے ہیں۔ اپوزیشن جماعت اسرائیل بیتینو کے رہنما اویگدور لیبرمین، جو خارجہ امور اور دفاعی کمیٹی کی سربراہی کر رہے ہیں، تمام سکیورٹی سربراہان کو بریفنگ کے لیے طلب کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ اپوزیشن کی اہم ترجیحات میں نیتن یاہو کی سابقہ حکومت کے عدالتی اصلاحات کے منصوبوں کو واپس لینا بھی شامل ہے۔ ان اصلاحات کے خلاف ۲۰۲۳ء میں اسرائیل میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا تھا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے جمہوری ادارے کمزور اور حکومت پر عدالتی نگرانی محدود ہوجائے گی۔ اپوزیشن نے ججوں کے انتخاب کے طریقہ کار میں تبدیلی اور اٹارنی جنرل کے اختیارات محدود کرنے والے قوانین کو واپس لینے کے لیے کمیٹیاں قائم کی ہیں۔ میڈیا قوانین میں تبدیلیوں کو واپس لینے اور ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کے حملے سے متعلق ناکامیوں کی تحقیقات کے لیے ریاستی تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا منصوبہ بھی اس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ نے غزہ پر اپنی اخلاقی بلندی کھودی ہے: وزیراعظم ا ینڈی برنہم

نیتن یاہو کے حامیوں نے متان کہانا کے انتخاب کی مخالفت کی اور عرب جماعتوں کی حمایت پر اعتراض کیا۔ لیکوڈ پارٹی نے انتخاب کے بعد اسے کنیسٹ کی تاریخ کا ایک افسوسناک مرحلہ قرار دیتے ہوئے عرب جماعتوں کو ’’دہشت گردوں کے حامی‘‘ قرار دیا۔ تاہم نیتن یاہو کو ہٹانے کے لیے نئی حکومت تشکیل دینا آسان نہیں۔ آئزن کوٹ چار یہودی اپوزیشن جماعتوں کی ۴۸؍ نشستوں پر مشتمل حکومت بنانے کے خواہاں ہیں، جسے عرب جماعتیں باہر رہ کر حمایت فراہم کریں۔ دوسری جانب لیبرمین عرب جماعتوں کی حمایت پر انحصار کرنے والی حکومت کے مخالف ہیں اور شاس اور یونائیٹڈ تورہ یہودیت جیسی مذہبی جماعتوں سے مذاکرات کے حامی ہیں۔ سابق وزیر اعظم نفتالی بینیٹ بھی نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کے ساتھ اتحاد کے امکانات پر غور کر رہے ہیں، تاہم نیتن یاہو نے وزیر اعظم کا عہدہ برقرار رکھنے کی شرط رکھی ہے، جسے آئزن کوٹ مسترد کر چکے ہیں۔ اس صورت حال نے نئی حکومت کی تشکیل کے امکانات کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK