Inquilab Logo

ہنڈن برگ خاموش نہیں، ایک اور کمپنی نشانہ پر

Updated: March 24, 2023, 10:04 AM IST | new Delhi

اعلان کیا کہ دوسری سنسنی خیز رپورٹ تیار ہے، جلد جاری کی جائے گی ، مارکیٹ میں ہلچل ، ارب پتی کے نام پر افواہوں کا بازار بھی گرم

Nathan Anderson, the founder of the Hindenburg Company, has created a sensation with his announcement
ہنڈن برگ کمپنی کے بانی ناتھن اینڈرسن نے اپنے اعلان سے سنسنی مچادی ہے

پنی رپورٹ کے ذریعے اڈانی گروپ کو آسمان سے اٹھاکر زمین پر پٹخ دینے والی امریکی کمپنی  ہنڈن برگ لگتا ہے کہ شیئر مارکیٹ میں موجود کمپنیوں کو پوری طرح سے آزمانے پر تل گئی ہے کیوں کہ اس کے ایک ٹویٹ نے بازار میںنہ صرف ہلچل پیدا کردی ہے بلکہ اس کی وجہ سے افواہوں کا بازار بھی گرم ہو گیا ہے۔  اپنے ٹویٹ میں اس مشہور امریکی ریسرچ فرم نے اعلان کیا ہے کہ  وہ جلد ہی کسی نئی شخصیت کے حوالہ سے رپورٹ جاری  کرے گی۔ اپنے ٹویٹ میں ہنڈن برگ نے لکھا کہ ’’جلد ہی ایک  اور سنسنی خیز ،نئی اور بڑی رپورٹ جاری جاری کی جائے گی۔‘‘ اگرچہ اپنے ٹویٹ میں فرم نے اگلی رپورٹ کے اجراء کے وقت یا رپورٹ کس سے متعلق ہے اس بارے میں کوئی معلومات نہیں دی ہے، تاہم اس ٹویٹ کے بعد دنیا کے بڑے صنعت کاروں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
  خیال رہے کہ ہنڈن برگ  نے اسی سال ۲۴؍جنوری اپنی سنسنی خیز تحقیقی  رپورٹ  میں اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی کے وسیع سامراج کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ اس رپورٹ سے قبل وہ دنیا کے امیر ترین لوگوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر تھے لیکن اس رپورٹ کے بعد گوتم اڈانی کو۳؍ ہزار کروڑ روپے کا خطیر نقصان برداشت کرنا پڑا  اور وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں ٹاپ ۱۰؍ تو کیا ٹاپ ۲۰؍سے بھی باہر ہو گئے۔ واضح رہے کہ ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ میں اڈانی گروپ کے بہی کھاتوں اور شیئرس میں بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ اگرچہ گروپ نے ان الزامات کو یکسر مسترد کر دیا تھا لیکن اس کی وجہ سے گروپ کمپنیوں کے حصص میں زبردست گراوٹ آئی۔  اس ایک رپورٹ کی وجہ سے آج تک ملک میں معاشی اور سیاسی سطح پر ہنگامہ مچا ہوا ہے۔اپوزیشن پارٹیاں پارلیمنٹ میں حکومت کا ناطقہ بند کئے ہوئے ہیں اور اس رپورٹ کی ہی بنیاد پرگوتم اڈانی کی کمپنی کے خلاف مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سے جانچ کا مطالبہ کررہی ہیں جبکہ حکومت ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں ہے۔ 
 بہر حال  ہنڈن برگ نے اپنے ٹویٹ کے ذریعے دنیا بھر کے شیئر بازاروں میں جو دھماکہ کیا ہے اس نے کئی مارکیٹس میں ہلچل مچ گئی ہے۔ یہ ہلچل اور ہنگامہ صرف شیئر بازاروں کی سطح پر نہیں ہے بلکہ بڑی بڑی کمپنیوں کے مالکان اور ارب پتیوں کے درمیان بھی یہی بات گشت کررہی ہے کہ اب ہنڈن برگ کسے نشانہ بنائے گی۔ اسی وجہ سے مارکیٹس میں افواہوں کا بازار بھی گرم ہے۔ خود اڈانی گروپ کے باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ہنڈن برگ  نے بھلے ہی کہا ہے کہ ایک نئی رپورٹ ہو گی لیکن ان کا بھروسہ نہیں کہ وہ پھر سے ہمارے تعلق سے کوئی نئی بات پیش کردیں جس سے مارکیٹ میں دوبارہ ہماری شیئرس کی درگت بری ہو جائے۔ اسی لئے اڈانی گروپ سمیت سبھی رئیس افراد اور ان کی کمپنیاں احتیاط برت رہی ہیں۔ 

Hindenburg Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK