صبح ۴؍ بجے مکان اپنی جگہ تھا، ۴؍ بج کر ۵؍ منٹ پر ملبے کا ڈھیر بن گیا ، خوف کے مارے آس پاس کے مکینوں نے علاقہ خالی کرنا شروع کر دیا
EPAPER
Updated: July 07, 2026, 12:03 AM IST | Pune
صبح ۴؍ بجے مکان اپنی جگہ تھا، ۴؍ بج کر ۵؍ منٹ پر ملبے کا ڈھیر بن گیا ، خوف کے مارے آس پاس کے مکینوں نے علاقہ خالی کرنا شروع کر دیا
پیر کے رو زریاست بھر میں ہو رہی زور دار بارش کے دوران پونے کے ماول تعلقے میں واقع پاٹھن گائوں میں ایک درد ناک حادثہ پیش آیا جس میں چٹان کا تودہ گرنے کے سبب پورا مکان اپنے مکینوں کے ساتھ ملبے کے نیچے دب گیا۔ فی الحال ۳؍ لوگوں کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ریسکیو ٹیم دیگر افراد کی تلاش کر رہی ہے۔
اطلاع کے مطابق پونے کے ماول تعلقے میں قلعے کے نیچے آباد پاٹھن گائوں میں صبح ۴؍ بج کر ۵؍ منٹ پر چٹان کا تودہ گرنے کے سبب ملبے کے نیچے دب گیا۔ مکان کے اندر سو رہے مکین بھی اسی میں دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ماول تحصیلدار وکرم دیشمکھ فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی انتظامیہ، محکمہ ریونیو، پولیس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم نے فوری طور پر ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پونے میں نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ۵؍ویں بٹالین کی مدد لی گئی۔ اس کے مطابق، ۳۰؍ ار اکین کی ایک خصوصی ٹیم( ایک افسر، ۲؍ سینئر افسر اور ۲۷؍ جوان) انسپکٹر رویندر کی قیادت میں اور اسسٹنٹ کمانڈنٹ چندرکیتو شرما کی زیر نگرانی صبح ضروری آلات کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ اطلاع کے مطابق اس حادثے میں مکان کے مالک نندو دتو تکونے (۵۵) ان کی اہلیہ انیتا نندو تکونے(۵۰) اور بیٹے گیانیشور نندو تکونے( ۲۶) کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ خبر لکھے جانے تک ریسکیو ٹیم ملبے کے نیچے تلاش کر ہی تھی کہ کوئی اور بھی تو اس میں دبا ہوا نہیں ہے؟ اس دوران مقامی رکن پارلیمان سنیل شیلکے نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے افسران سے معلومات حاصل کی اور انتظامیہ کو راحت رسانی کا کام جلد از جلد پورا کرنے کی ہدایت دی ساتھ ہی سب سے مہلوکین کے اہل خانہ کی مدد کرنا کا مشورہ دیا۔ ساتھ آس پاس کے علاقے میں چٹان کھسکنے کے خدشات کے مطابق اقدامات کرنے کی تلقین کی۔
صبح ۴؍ بجے مکان تھا، ۴؍ بج کر ۵؍ منٹ پر ملبے میں تبدیل ہو گیا
تکونے خاندان کا مکان جو اب ملبے میں تبدیل ہو گیا ہے، اسی کے بغل میں ایک مکان ہے جہاں ۱۵؍ لوگ رہتے ہیں۔ یہ سب کے سب ڈرے ہوئے ہیں اور وہاں سے کسی اور مقام پر منتقل ہونا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ اب رہنے کے لائق نہیں ہے کیونکہ یہاں کبھی بھی کوئی حادثہ پیش آ سکتا ہے۔ صبح سویرے پیش آئے اس حادثے کے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ صبح ۴؍ بجے میری نظر پڑی تو یہ مکان موجود تھا لیکن صبح ۴؍ بج کر ۵؍ منٹ پر ایک زور دار دھماکے کی آواز آئی اور میں نے پلٹ کر دیکھا تو یہی مکان ملبے میں تبدیل ہو چکا تھا۔ اطلاع کے مطابق آس پاس کے مکانات میں رہنے والے کئی مکین علاقے کو خالی کر چکے ہیں۔
مولسی تعلقے میں بھی مکانات دب گئے
پونے کے مولسی تعلقے میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا ہے جہاں پہاڑ کا تودہ گر جانے سے ۳؍ مکانات مٹی تلے دب گئے۔ خبر لکھے جانے تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی کہ ان مکانات میں کل کتنے لوگ موجود تھے۔ اطلاع کے مطابق مولسی تعلق کے دھاوڑی گائوں کے پاس پہاڑ کا ایک بڑا سا تودہ نیچے اور ۳؍ مکانات اس کے نیچے دب گئے۔ پتھروں اور مٹی کے ملبے کو دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل تھا کبھی یہاں کوئی مکان بھی موجود تھا۔ یہاں بھی ریسکیوٹیم پہنچ گئی ہے اور ملبے کو ہٹانے کا کام کیا جا رہا ہے۔