• Tue, 10 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آ ج سے ایچ ایس سی بورڈ امتحانات کا آغاز

Updated: February 10, 2026, 8:12 AM IST | Mumbai

ممبئی ڈویژن میں۳؍ لاکھ ۵۰؍ہزار ۱۵؍طلبہ شرکت کریں گے۔ امتحان کو بدعنوانی سے پاک ماحول میں منعقد کرنے کیلئے وسیع مشینری تعینات۔پہلی مرتبہ ریاستی سطح کی ویجیلنس کمیٹی بنائی گئی

Students must be present at the examination center by 10:30 AM for the morning session and 2:30 PM for the afternoon session.
طلبہ کو صبح کے سیشن میں ساڑھے ۱۰؍بجے اور دوپہر کے سیشن میں ڈھائی بجے تک امتحانی مرکز میں حاضر ہونالازمی ہے

مہاراشٹراسٹیٹ بورڈآف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن ( ایم ایس بی ایس ایچ ایس ای) کی نگرانی میں بارہویں کے امتحانات کاآج (منگل) سے آغاز ہورہاہے۔ بارہویں  کے امتحانات میںریاست سے ۱۵؍ لاکھ  ۳۲؍ہزار ۸۶۲؍ طلبہ شریک ہو رہے ہیںجن میں ممبئی ڈویژن کے ۳؍ لاکھ ۵۰؍ہزار ۱۵؍ طلبہ بھی شامل ہیں۔ امتحان میں شفافیت برقرار رکھنےکیلئےپرانے طریقوں کےعلاوہ ہر کلاس روم میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنےکی ہدایت کےتحت ۸۵؍ فیصد سینٹروں میں کیمرے نصب کئے گئےہیں جبکہ ۱۵؍فیصد کمروں میں اضافی عملہ اچانک دورہ کرے گا۔علاوہ ازیں پہلی مرتبہ ریاستی سطح کی ویجیلنس کمیٹی بنائی گئی ہے۔ سوالیہ اور جوابی پرچوں کی حفاظت کیلئےممبئی ڈویژن میں ۶۸؍ کسٹڈی سینٹر بنائیں گےاور ۲۹؍ فلائنگ اسکواڈ بدعنوانی کی نگرانی کریں گے۔ گزشتہ سال کے مقابلہ امسال ۲۸؍ہزار کم طلبہ امتحان شریک ہورہےہیں۔ ممبئی ڈویژنل بورڈ نے امتحان کو معمول کےمطابق اور بدعنوانی سے پاک ماحول میں منعقد کرنے کیلئے وسیع مشینری کو تعینات کیا ہے۔
تھانے ضلع کےسب سے زیادہ طلبہ امتحان میں شریک
 ممبئی ڈویژنل بورڈ کے دائرہ اختیار میںجنوبی ،مغربی اور شمالی ممبئی کے علاوہ ۳؍ ڈویژن  تھانے، رائے گڑھ اور پال گھرشامل ہیں۔ ان تمام ڈویژن کے ایک ہزار ۷۴۷؍جونیئر کالجوں کے تقریباً ۳؍لاکھ ۵۲؍ہزار طلبہ نے رجسٹریشن کرایا ہے جن میں سے۳؍ لاکھ ۲۲؍ہزار طلبہ ریگولر ہیں۔ تھانے ضلع کے سب سے زیادہ ایک لاکھ ۸؍ہزار ۵۴؍طلبہ امتحان میں شریک ہوں گے۔ رائے گڑھ سے ۳۳؍ہزار ۱۲۱، پال گھر سے ۵۶؍ ہزار ۷۵۶، جنوبی ممبئی سے ۳۹؍ ہزار ۴۲۹، مشرقی مضافات سے ۷۰؍ہزار ۸۹۰؍اور شمالی ممبئی سے ۴۱؍ہزار ۷۶۵؍طلبہ امتحان میں شریک ہوں گے۔
 فیکلٹی کے لحاظ سے سب سے زیادہ ایک ۶۸؍ ہزار ۸۸۰؍طلبہ نے کامرس ، ایک لاکھ ۳۱؍ہزار ۵۲۲؍ نے سائنس اور ۴۶؍ہزار ۲۶؍ نے آرٹس  فیکلٹی سے درخواستیں دی ہیں۔ امسال ممبئی ڈویژن میں ۶۷۰؍امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔طلبہ کو صبح کے سیشن میں ساڑھے ۱۰؍بجے اور دوپہر کے سیشن میں ڈھائی بجے تک امتحانی مرکز میں حاضر ہونا لازمی ہے۔ مقررہ وقت کے بعد داخلہ نہیں دیا جائے گا۔ امتحانی مراکز پر تعینات افسران اور عملے کی تکنیکی تصدیق کے بعد ہی داخلہ دیا جائے گا۔سوالیہ پرچوں اور جوابی پرچوں کی حفاظت کیلئے ۶۸؍کسٹڈی سینٹروں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہر ۱۰؍سینٹرکیلئے ایک کسٹڈی سینٹر بنایاگیاہے۔ امتحان کے دوران کسی بھی قسم کی بدنظمی کو روکنے کیلئے ۲۹؍فلائنگ اسکواڈ تعینات کئے گئے ہیں اور ۶؍ حساس مراکز پر خصوصی نگرانی رکھی جائے گی۔
 نقل کی روک تھام کیلئے ضلع کلکٹر کی صدارت میں ضلع سطح کی تحقیقاتی کمیٹیاں کام کریں گی۔ سوالیہ پرچوں کے سیٖل بند پیکٹ مراکز تک پہنچانےکی ویڈیوگرافی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ دریں اثنا، یہ بات سامنے آئی ہے کہ ممبئی ڈویژن کے ۶۷۰؍ مراکز میں سے ۵۸؍ مراکز نے ابھی تک کلاس رومز میں سی سی ٹی وی سسٹم نہیں لگائے ہیں۔ بورڈ نے ان مراکز پر عملے کے تبادلے کے ذریعے بدعنوانی کو روکنے کے اقدامات کئے ہیں۔
 ۳؍سال سے طلبہ کی تعدادمیں کمی 
  ریاست میں بارہویں جماعت کے امتحانات میںہر سال تقریباً ساڑھے۱۵؍لاکھ سے زیادہ طلبہ شریک ہوتے ہیںلیکن گزشتہ ۳؍سال سے ممبئی ڈویژن میں طلبہ کی تعداد میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔ ۲۰۲۴ء کے مقابلے ۲۰۲۶ءمیں رجسٹرڈ طلبہ کی تعداد میں ۲۸؍ہزار کی کمی واقع ہوئی ہے۔ اس میں آرٹس اور کامرس فیکلٹی  کے طلبہ کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK