Updated: February 10, 2026, 10:03 AM IST
|
Inquilab News Network
| Mumbai
جھارکھنڈ کو ہراکر اتراکھنڈبھی پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچا ، جبکہ ۴۲؍ مرتبہ چمپئن رہنے والی ممبئی کی ٹیم کرناٹک سے شکست کھاکرباہر ہوگئی
جمو ں کشمیر کے عاقب نبی نے مدھیہ پردیش کے خلاف ۱۲؍ وکٹ لئے۔ تصویر:آئی این این
۲۶-۲۰۲۵ء رنجی ٹرافی کے ۴؍ کوارٹر فائنل میچوں کے نتائج سامنے آگئے ۔ جموں کشمیر نے مدھیہ پردیش کو شکست دے کر پہلی بار ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ کر تاریخ رقم کی ہے جبکہ ۴۲؍ مرتبہ چمپئن رہنے والی ممبئی کی ٹیم کرناٹک سے شکست کھاکرباہر ہوگئی ہے ۔کرناٹک نے ممبئی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ ٹیم انڈیا کے اسٹار اوپنر کے ایل راہل نے شاندار سنچری اسکور کی اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پہلاکوارٹر فائنل : اتراکھنڈ بمقابلہ جھارکھنڈ
جمشید پور میں پہلے بازی کرنے اتری گھریلو ٹیم صرف۲۳۵؍ رن ہی بنا سکی۔ آدتیہ سنگھ نے ۸۳؍ رن بنائے۔ اتراکھنڈ نے اونیش سودھا، کپتان کنال چنڈیلا، اور جگدیش سچیت کی نصف سنچریوں کی بدولت۳۷۱؍رن بنائے۔ جھارکھنڈ تیسرے دن صرف۱۳۰؍ رن بنا سکی۔ اس کے ساتھ ہی اتراکھنڈ نے یہ میچ ایک اننگز اور۶؍رن سے جیت لیا۔اتراکھنڈ کی ٹیم پہلی بار رنجی ٹرافی کے سیمی فائنل میں داخل ہوئی ہے۔
دوسرا کوارٹر فائنل: جموں کشمیر بمقابلہ مدھیہ پردیش
جموں کشمیر نے کوارٹر فائنل میں مدھیہ پردیش کو۵۶؍ رن سے شکست دے کر تاریخ رقم کی۔ جموں کشمیر پہلی بار رنجی ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ اس میچ میں عاقب نبی نے پہلی اننگز میں۷؍اور دوسری اننگز میں۵؍ وکٹیں لے کر مجموعی طور پر۱۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں پلیئر آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔ اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جموں کشمیر ۱۹۴؍ پر آل آؤٹ ہوگئی۔ شبھم کھجوریا نے۶۰؍ ا ور اور یودھویر سنگھ چرک نے۴۱؍ رن بنائے۔ کلدیپ سین نے۵؍ وکٹ لئے۔ مدھیہ پردیش اپنی پہلی اننگز میں۱۵۲؍ رن تک محدود رہی۔ یش دوبے نے ففٹی اسکور کی۔ جموں کشمیر کی جانب سے عاقب نبی نے۴۰؍ رن دے کر۷؍ وکٹیں حاصل کیں۔ سنیل کمار نے۳؍وکٹ لئے ۔
دوسری اننگز میں جموں کشمیر نے ایک بار پھر نچلے درجے کے بلے بازوں کی مددسے۲۴۸؍رن بنائے۔ ونشراج شرما نے۵۴؍ رن بنائے اور کلدیپ سین نے۴؍ وکٹ لئے۔ مدھیہ پردیش کو۲۹۱؍ رن کا ہدف دیا گیا تھا۔ جواب میں ٹیم۲۳۴؍ پر آل آؤٹ ہوگئی۔
تیسرا کوارٹر فائنل: بنگال بمقابلہ آندھرا پردیش
کلیانی میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آندھرا پردیش نے۲۹۵؍ رن بنائے۔ کپتان رکی بھوئی نے۸۳؍ رن بنائے۔ بنگال کی جانب سے مکیش کمار نے۵؍ اور آکاش دیپ نے۴؍ وکٹ لئے۔ اس کے بعد بنگال ۶۲۹؍ رن پر آل آؤٹ ہو گیا۔ سدیپ کمار۲۹۹؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حبیب گاندھی نے۹۵؍ اور سمنتھ گپتا نے۸۱؍ رن بنائے۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک آندھرا پردیش۶۴؍رن پر۳؍ وکٹیں گنوا چکا تھا۔
چوتھاکوارٹر فائنل : کرناٹک بمقابلہ ممبئی
ممبئی اور کرناٹک کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ممبئی پہلی اننگز میں۱۲۰؍رن پر سمٹ گئی ۔ کرناٹک بھی زیادہ اسکور کرنے میں ناکام رہا اور۱۷۳؍ رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ ممبئی نے پھر دوسری اننگز میں واپسی کرتے ہوئے۳۷۷؍ رن بنائے اور کرناٹک کو۳۲۵؍رن کا ہدف دیا۔کے ایل راہل نے کرناٹک کیلئے۱۳۰؍ رن کی پاری کھیلی۔ اس کے بعد سمرن روی چندرن نے ناقابل تسخیر۸۲؍رن بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ کرناٹک نے ۳۲۵؍ رن کا ہدف ۶؍ وکٹ پر حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ پکی کر لی۔ کے ایل راہل کو بھی میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔