Inquilab Logo

ایچ ایس سی کے نتائج جاری،۹۹ء۶۳؍فیصد طلبہ کامیاب

Updated: August 04, 2021, 8:51 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

بورڈ امتحان کے بغیر کالج کی سطح پر دئیے جانے والے مارکس کی بنیاد پر تیار کردہ رزلٹ میں کامرس فیکلٹی کے نتائج سب سے بہتر

Students checking results on their mobile phones. (File photo)
طلبہ اپنے موبائل پر رزلٹ چیک کرتے ہوئے۔(فائل فوٹو)

طویل انتظار کے بعد مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن (ایم ایس بی ایس ایچ ایس ای) کی جانب سےہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایچ ایس سی) ( بارہویں) کے تنائج منگل ۳؍  اگست کو شام ۴؍ بجے آن لائن جار ی کئے گئے ۔ یہ رزلٹ ایچ ایس سی کے بورڈ امتحان لئے بغیر کالج کی سطح پر دیئے گئے مارکس کی بنیاد پر جاری کئے گئے ہیں۔ اگر کسی طلبہ کو رزلٹ دیکھنے کے بعد لگتا ہے کہ اسے کم مارکس ملے ہیں تو  اسے   اس تعلق سے دعویٰ کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ ریاست کے ۹؍ ڈویزل بورڈ کا فریش طلبہ کا  رزلٹ ۹۹ء۶۳؍  فیصد رہا۔ سبھی ۹؍ ڈویزن کا رزلٹ ۹۹؍ فیصد سے زیادہ ہی رہا ۔ اس امتحان میں کوکن ڈویزن۹۹ء۸۱؍ فیصدکے ساتھ سر فہرست جبکہ اورنگ آباد  ۹۹ء۳۴؍فیصد کے ساتھ سب سے نیچے رہا۔ ممبئی ڈویزن ۹۹ء۷۹؍فیصد کے ساتھ دوسری پوزیشن پر رہا۔
کامرس  کا رزلٹ سب سے بہتر
  شعبہ کے اعتبار سے جائزہ لیں تو  پتہ چلتا ہے کہ سائنس فیکلٹی میںسب سے زیادہ  ۵؍ لاکھ ۴۴؍ ہزار طلبہ نے ایچ ایس سی کے امتحان میں شرکت کی تھی جن میں سے ۵؍ لاکھ ۴۱؍ ہزار ۸۰۸؍ طلبہ کامیاب ہوئے۔ اس طرح سائنس کا رزلٹ ۹۹ء۴۵؍فیصد رہا ۔ سائنس کے بعد آرٹس فیکلٹی سے ۳؍ لاکھ ۷۶؍ ہزار ۴۱۲؍ طلبہ نے امتحان میں شرکت کی تھی جن میں سے ۳؍ لاکھ ۷۵؍   ہزار ۷۹۱؍ طلبہ کامیاب ہوئے۔ اس طرح آرٹس کا رزلٹ ۹۹ء۸۳؍ فیصد رہا۔ کامرس سے کل ۳؍ لاکھ ۴۹؍ ہزار ۳۵۴؍ طلبہ نے شرکت کیا تھا جن میں سے ۹۹ء۹۱؍ فیصد یعنی ۳؍ لاکھ ۴۹؍ ہزار ۶۲؍ طلبہ پاس ہوئے۔  ایچ ایس سی ووکیشنل سے ۴۸؍ ہزار ۸۸۶؍ طلبہ نے امتحان میں شرکت کیا تھا جن میں سے ۹۸ء۸۰؍ فیصد یعنی ۴۸؍  ہزار ۳۰۴؍ طلبہ کامیاب ہوئے۔ اس طرح کامرس کا رزلٹ سب سے بہتر رہا۔
آرٹس میں ۱۷؍ فیصد کی بہتری آئی
  آرٹس فیکلٹی میں گزشتہ برس ۸۲ء۶۳؍ فیصد طلبہ پاس ہوئے تھے جبکہ امسال  ۹۹ء۸۳؍فیصد کامیاب ہوئے لہٰذا کامیاب ہونے طلبہ میں  ۱۷ء۲۰؍ فیصد کی بہتری آئی جو دیگر فیکلٹی کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔
 گزشتہ برس سائنس کا رزلٹ ۹۶ء۹۳؍ فیصد تھا جبکہ امسال ۹۹ء۴۵؍ فیصد کامیاب ہوئے۔ اس طرح کامیابی کے فیصد میں ۲ء۵۳؍  فیصد کا اضافہ ہوا۔  اسی طرح گزشتہ برس بائی فوکل میں ۸۶ء۰۷؍ فیصدطلبہ کامیاب ہوئے تھے جبکہ امسال  ۹۸ء۸۰؍ فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں اسی طرح ایچ ایس سی امتحان میں پاس ہونے والے طلبہ کے  ووکیشنل کورس  میں بھی ۱۲ء۷۳؍   فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ 
 پرائیویٹ طور پر  ۲۶؍ ہزار ۳۳۲؍ طلبہ نے امتحان دیا تھا جن میں سے ۹۹ء۴۴؍ فیصد طلبہ کامیاب ہوئے۔ 
کلاس امپرومنٹ اسکیم میں اس امتحان کو
 شامل نہیں کیا جائے گا 
 ایجوکیشن بورڈکے مطابق ۲؍ جولائی ۲۰۲۱ ء کے ریاستی حکومت کے فیصلے کے مطابق ۲۰۲۱ء میں منعقدہ کئے گئے ایچ ایس سی میں کلاس امپرومنٹ کیلئے اندراج کرنے والے طلبہ کا رزلٹ جاری نہیں کیا گیا ہے لہٰذا طلبہ کو جو ۲؍ مرتبہ بورڈ امتحان میں شرکت کرنے کا موقع فراہم کیاجاتا ہےان میں سے اس امتحان کو شامل نہیں کیا جائے گا۔ 
 امسال مجموعی کامیابی کے فیصد میں   ۹؍ فیصد کا اضافہ 
  گزشتہ برس فروری ۔مارچ ۲۰۲۰ء میں منعقد کئے گئے ایچ ایس سی کےرزلٹ  سے موازنہ کرنے پر پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے  امسال ایچ ایس سی کے رزلٹ میں ۸ء۹۷؍ فیصد کی بہتری آئی ہے۔  
ا س بار بھی امتحان میں لڑکیاں آگے
  اس مرتبہ بھی ایچ ایس سی کے رزلٹ میں لڑکیوں نےاپنی سبقت برقرار رکھی ہے۔ کالج کے سطح پر منعقد کئے  گئے اس امتحان میں کل ۶؍ لاکھ ۹؍ ہزار ۳۵؍فریش طالبات نے شرکت کی تھی جن میں  سے ۶؍ لاکھ ۷؍ہزار ۴۴۷؍ طالبات کامیاب ہوئیں یعنی ۹۹ء۷۳؍ فیصد طالبات کامیاب ہوئیں۔ دوسری جانب ۷؍ لاکھ ۱۰؍ ہزار ۷۱۹؍ طلبا میں سے ۷؍ لاکھ ۷؍ ہمار ۵۱۸؍ طلبا کامیاب ہوئے یعنی طلبا کارزلٹ ۹۹ء۴۵؍ فیصد رہا۔ اس اعتبار سے طالبات کا رزلٹ طلبا سے ۰ء۱۹؍فیصد بہتر رہا۔
  ریاست کے ۹؍ ڈیویژن کے نتائج 
 ریاستی ایجوکیشن بورڈ کے مطابق ریاست کے ۹؍ ڈیویژن کا مجموعی رزلٹ ۹۹ء۶۳؍ فیصد رہا ۔ ان میں کوکن ڈویزن کا رزلٹ ۹۹ء۸۱؍  فیصد آیا جس کے سبب کوکن سرفہرست رہا جبکہ رونگ آباد( ۹۹ء۳۴؍فیصد)  کا رزلٹ سب سے کم رہا۔ 

hsc result Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK