راج ٹھاکرے کا ممبرا ٹرین سانحہ پر برہمی کا اظہار ، شرد پوار نے ٹرینوں میں خود کار دروازے لگانے کا مشورہ دیا، ہر شوردھن سپکال کا وزیر ریل کے استعفے کا مطالبہ
EPAPER
Updated: June 09, 2025, 11:49 PM IST | Mumbai
راج ٹھاکرے کا ممبرا ٹرین سانحہ پر برہمی کا اظہار ، شرد پوار نے ٹرینوں میں خود کار دروازے لگانے کا مشورہ دیا، ہر شوردھن سپکال کا وزیر ریل کے استعفے کا مطالبہ
ممبرا میں پیش آئے ٹرین سانحہ نے ملک بھر کو دہلا دیا ہے۔ اس حادثے میں کم از کم ۵؍ لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس پر جہاں عوام میں بے چینی ہے وہیں سیاسی حلقوں میں بھی برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ معمر لیڈر شرد پوار سے لے کر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار تک نے ریلوے پر تنقید کی ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے اسے مسافروں کا قتل قرار دیا تو مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے اس سانحہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ اس ملک میں انسانوں کی کوئی قیمت نہیں ہے۔‘‘
میں نے خود ریل سے سفر کیا ہے : راج ٹھاکرے
مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے ممبرا کے ٹرین سانحہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ میں نے خود ریل میں سفر کیا ہے۔ حالانکہ اس وقت بھیڑ بہت کم ہوتی تھی لیکن مجھے معلوم ہے کہ بھیڑ میں کیا حالت ہوتی ہے۔ ‘‘ انہوں نےکہا ’’ ممبئی میں مونو ریل، میٹرو ریل، ہر چیز بن رہی ہے ، کون کیا استعمال کر رہا ہے اس پر کسی کا دھیان نہیں ہے۔ شہر میں بلڈنگیں بنائی جا رہی ہیں۔ چلنے کیلئے راستہ نہیں ہے۔ فائر بریگیڈ کے گلی میں جانے کا راستہ نہیں ہے۔ بس ہر طرف بھیڑ بڑھ رہی ہے۔ باہر سے آنے والوں پر کوئی قدغن نہیں ہے۔ ‘‘ ایم این ایس سربراہ نےکہا ’’ لوگ وزیر برائے ریلویز سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ استعفیٰ مت مانگئے ان سے کہئے کہ جائے حادثہ پر جا کر وہاں کی حالت دیکھیں۔ اس ملک میں انسانوں کی جان کی کوئی قیمت نہیں رہ گئی ہے۔ لوگ ٹرینوں میں لٹک کر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ سب باہر سے آنے والی بھیڑ کے سبب ہو ا ہے۔
ٹرینوں میں بند دروازے لگائے جائیں: شرد پوار
این سی پی کے بانی شرد پوار نے اس موقع پر سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ مرکزی حکومت کو اس جانب توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ مقامی سطح پر ٹرینوں کی پھیریاں بڑھائی جائیں، ساتھ ہی ٹرینوں میں خود کار دروازے لگائے جائیں تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔ شرد پوار نے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور زخمیوں کے جلد اچھا ہونے کیلئے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔
اس حادثے کیلئے ریلوے ذمہ دار ہے: اجیت پوار
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے مذکورہ سانحہ کیلئے واضح طور پور ریلوے کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ اجیت پوار نے کہنا ہے کہ ’’ اس حادثے کی ذمہ داری ریلوے ڈپارٹمنٹ کی ہے ۔ اس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ ہم مرکزی وزارت برائے ریل سے رابطے میں ہیں۔ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں اس کیلئے کیا کیا جا سکتا ہے ، اس تعلق سے اقدامات کئے جائیں گے۔ ‘‘ نائب وزیراعلیٰ نے بتایا کہ مقامی سطح پر حادثے کی تحقیقات ہو رہی ہے۔ جانچ میں جو بھی سامنے آئے گا اس کے اعتبار سے آگے کی کارروائی کی جائے گی۔
وزیر برائے ریل کو برطرف کیا جائے: ہرشوردھن سپکال
اس دوران کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے ٹرین سانحہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر برائے ریلوے اشونی ویشنو کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’ گزشتہ ۱۱؍ سال سے عوام مسافروں کی بنیادی سہولیات اورممبئی واسیوں کے سفر کو خوشگوار بنانے کے کھوکھلے دعوے سن رہے ہیں، مگر سہولیات کے نام پر ٹینڈر دیجئے اور کمیشن کمائیے یہی کھیل مہاراشٹر میں چل رہا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ اس بدعنوانی کا خمیازہ عام آدمی کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ حکومت کو کم از کم اب تو بیدار ہوجانا چاہئے اور ایونٹ بازی چھوڑ کر مسافروں کی سہولیات کیلئے اقدامات کرنے چاہئے۔ ‘‘
ٹرینوں میں بھیڑ کم کرنے کے اقدامات ضروری: سپریہ سلے
این سی پی (شرد) کی کارگزار صدر سپریہ سلے نےسانحہ میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ساتھ ہی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نےکہا کہ لوکل ٹرین میں شدید بھیڑ تھی، جسکے باعث مسافر دروازے پر لٹک کر سفر کر رہے تھے۔ اس طرح کا سفر نہایت خطرناک ہے شہری اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر سفر نہ کریں۔‘‘ سپریہ سلے مزید کہا کہ’’ صرف عوامی بیداری کافی نہیں ہے، بلکہ انتظامیہ کو بھی چا چاہئے کہ وہ ٹرینوں کی بھیڑ کو کم کرنے کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنائے اور ایسے حفاظتی اقدامات کرے جن سے مستقبل میں انسانی جانوں کا نقصان نہ ہو۔