• Sat, 27 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی کانگریس کا مہایوتی پربدعنوانی کا الزام، ’چارج شیٹ‘ جاری کی

Updated: December 27, 2025, 3:53 PM IST | Bandra

ممبئی کانگریس نے مہایوتی پربدعنوانی اور بدانتظامی کا الزام عائد کرتے ہوئے جمعہ کو اس کے خلاف ’چارج شیٹ‘ جاری کی جسے پیش کرتے ہوئے ممبئی کانگریس کے لیڈروں نے بتایاکہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی) پر ۳؍سال اور ۹؍ماہ تک ایڈمنسٹریٹر کی حکومت رہی، وہاں کوئی عوامی نمائندہ نہیں تھا۔

Ajit Pawar, Eknath Shinde and Devendra Fadnavis. Photo: INN
اجیت پوار، ایکناتھ شندے اور دیویندر فرنویس۔ تصویر: آئی این این

ممبئی کانگریس نے مہایوتی پربدعنوانی اور بدانتظامی کا الزام عائد کرتے ہوئے جمعہ کو اس کے خلاف ’چارج شیٹ‘ جاری کی جسے پیش کرتے ہوئے ممبئی کانگریس کے لیڈروں نے بتایاکہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی) پر ۳؍سال اور ۹؍ماہ تک ایڈمنسٹریٹر کی حکومت رہی، وہاں کوئی عوامی نمائندہ نہیں تھا۔ مہایوتی نے اس ایڈمنسٹریٹر کے ذریعے ممبئی پر حکمرانی کی۔ مہا یوتی کی اسی بدانتظامی کی وجہ سے ممبئی کے شہریوں کو بنیادی سہولتیں بھی میسر نہیں ہیں۔ انہوں نے ممبئی کو صرف ٹھیکیداروں اور اپنے چہیتے صنعتکاروں کو بیچنے کا کام کیا ہے اور ملک کی مالیاتی راجدھانی پر قبضہ کیا ۔ ممبئی ایک بدعنوان مہایوتی کارپوریشن بن گئی ہے۔ ممبئی کانگریس نے آج ان کی بدعنوانیوں پر چارج شیٹ جاری کی ہے۔ 
میونسپل کارپوریشن الیکشن کے پیش نظر ممبئی کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ کی طرف سے حکمراں پارٹی کے خلاف والمیکی نگر، باندرہ مشرق میں چارج شیٹ جاری کی گئی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی امین پٹیل، اسلم شیخ، ڈاکٹر جیوتی گائیکواڑ، سابق ایم ایل سی بھائی جگتاپ، سابق وزیر محمد عارف نسیم خان، چرنجیت سپرا، نیشنل سیکریٹری اور ممبئی کانگریس کے چیف ترجمان سچن ساونت اور دیگر پارٹی عہدیدار موجود تھے۔ 
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ مہایوتی نے ممبئی میونسپل کارپوریشن کے بینک ڈپازٹس کو لوٹا، ممبئی میں آج سڑکوں کی حالت خراب ہے، ان پر گڑھے ہیں، برسر اقتدارپارٹیوں نے ٹریفک، فضائی آلودگی، پبلک ٹرانسپورٹ، پانی، صحت، تعلیم جیسے تمام مسائل کو نظر انداز کردیا ہے۔ میونسپل اسکول پرائیویٹ لوگوں کو دیئے جا رہے ہیں، سالیڈ ویسٹ کا مسئلہ ہے، سب جانتے ہیں کہ میٹھی ندی کا کام کس نے دیا ہے۔ دھاراوی ری ڈیولپمنٹ اڈانی کو، میٹھی ندی پروجیکٹ اڈانی کو۔ کیا ممبئی کو اڈانی سٹی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے؟ ہم یہ سوال مہا یوتی حکومت سے کر رہے ہیں۔ ممبئی میں زمین بیچنے کا ہنگامہ ہوا ہے، کئی پروجیکٹوں میں بہت زیادہ کرپشن ہوا ہے۔ ممبئی کانگریس نے اس کے خلاف مسلسل آواز اٹھائی ہے۔ وہ جلد ہی اپنا منشور جاری کرے گی لیکن ہم نے اس چارج شیٹ کے ذریعے عوام کے سامنے یہ لایا ہے کہ مہایوتی نے کیا کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK