Inquilab Logo

’’میرے پاس لندن سے لکھنؤ تک ساری فائلیں ہیں، سارے راز فاش کردوں گا‘‘

Updated: April 25, 2024, 9:11 AM IST | Mumbai

ایکناتھ شندے کا ایک اور انٹرویو، ادھو ٹھاکرے کو دھمکی ، کہا ’’ حد میں رہیں ورنہ منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔‘‘ وزیراعلیٰ نے راج ٹھاکرے کو ’بڑے دل کاآدمی‘ قرار دیا

Eknath Shinde: Another Interview, Another Allegation (File Photo)
ایکناتھ شندے: ایک اور انٹرویو، ایک اور الزام ( فائل فوٹو)

شیوسینا( ادھو) کے آدتیہ ٹھاکرے اور سنجے رائوت کی جانب سے ایک روز قبل یہ  انکشاف  کیا گیا تھا کہ ایکناتھ شندے مہا وکاس اگھاڑی کے دور حکومت میں روزانہ ماتوشری آکر گڑگڑایا کرتے تھے کہ بی جے سے ہاتھ ملالیا جائے ورنہ انہیںجیل جانا ہوگا۔اب خود ایکناتھ شندے نے شیوسینا (ادھو) پر جوابی حملہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس لندن سے لکھنؤ تک ساری فائلیں موجود ہیں۔ اگر ادھو ٹھاکرے اپنی حد میں نہ رہے تو وہ سارے راز کھول کر رکھ دیں گے۔ 
 ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ایکناتھ شندے نے آدتیہ ٹھاکرے کے الزام کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا ’’ ایک ترقی پسند مہاراشٹر سبھی نے دیکھا ہے لیکن آج لوگوں کے درمیان سطحی الفاظ کے ذریعے الزام تراشی  کا سلسلہ جاری ہے۔  لوگوں کو یہ سب پسند نہیں ہے ۔ عوام کو ترقی چاہئے۔‘‘  شندے نے کہا ’’حکومت چلے جانے کے بعدکچھ لوگ بوکھلا گئے اور ان کا دماغی توازن کھو گیا ہے۔ ‘‘ آدتیہ ٹھاکرے کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا ’’ میں بچوں کے بارے میں بات نہیں کرتا۔ ان کی عمر کتنی ہے اور ان کا کام کتنا ہے؟  آج ان کی عمر سے زیادہ عرصے تک پارٹی کیلئے کام کرنے والے لوگ موجود ہیں۔  لوگوں کا ان کے پیر چھونا انہیں راس نہیں آ رہا ہے۔ بالاصاحب اپنے کارکنان کو اپنے برابر سمجھتے تھے لیکن یہ لوگ کارکنان کو گھریلو ملازم سمجھتے ہیں۔ اس لئے یہ تاریخ لکھی گئی ہے۔‘‘ 
  آدتیہ ٹھاکرے نے الزام لگایا تھا کہ ایکناتھ شندے کے گودام سے نقدی ملی تھی۔ اس کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا ’’دنیا کو معلوم ہے کہ  ایکناتھ شندے کون ہے اوراس کی کمائی کیا ہے۔کسی نے کہا تھا کہ کھوکھے( کروڑ) نہیں بلکہ کنٹینر لگتا ہے۔ جن لوگوں کو کھوکھے گنے بغیر نیند نہیں آتی وہ ہم پر الزام لگا رہے ہیں۔‘‘  انہوں نے کہا ’’ ہمارے پاس کوئی پراپرٹی نہیں ہے، کچھ نہیں ہے، ہم صرف عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ مجھے زیادہ بولنے پر آمادہ نہ کریں۔‘‘ایکناتھ شندے نے متنبہ کیا کہ ’’ اگر کوئی حد سے باہر گیا تو ہمارے پاس بھی بہت کچھ ہے۔ ان سے پوچھئے کہ لند ن میں آرام کرنے والی بات کی جائے تو وہ اتنے بے چین کیوں ہو جاتے ہیں؟ لکھنؤ  میں چترویدی کی ۲۰۰؍ ایکڑ زمین لی ، اس کے پیچھے کون ہے؟۲؍ سال میں ہم نے بہت کچھ معلوم کیا ہے۔ ہمارے پاس سارے کاغذات ہیں۔‘‘ ایکناتھ شندے نے کہا کہ بالا صاحب نے اور آنند دیگھے   نے ہمیں ذاتیات پر حملے کرنا نہیں سکھایا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے راج ٹھاکرے کی تعریف کی۔  انہوں نے کہا ’’ راج ٹھاکرے بڑے دل کے آدمی ہیں۔ وہ ادھو ٹھاکرے کی طرح تنگ دل نہیں ہیں۔  ان کے آنے سے ہماری طاقت بڑھ گئی ہے۔ ان کے ساتھ جو بھی توڑ جوڑ کرنی ہے اس کیلئے ابھی وقت ہے۔  ان کے آنے سے مہایوتی کی طاقت میں اضافہ ہوگا۔  ‘‘  ایک سوال کے جواب میں ایکناتھ شندے نے کہا اقتدار کا غلط استعمال مہایوتی کے زمانے میں نہیں ہوا بلکہ مہا وکاس اگھاڑی کے زمانے میںہوا کرتا تھا۔ یاد رہے کہ الزام تراشی کا یہ سلسلہ ایکناتھ شندے ہی نے ایک انٹرویو کے ذریعے کیا تھا۔ اب آدتیہ کے الزام کے جواب میں انہوں نے ایک اور انٹرویو دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK