• Sat, 29 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مجھے ۲؍ دسمبر تک اتحاد قائم رکھنا ہے ، ابھی میں کچھ نہیں کہوں گا

Updated: November 28, 2025, 10:52 PM IST | Mumbai

مہایوتی کے درمیان جاری نوک جھونک اب کشیدگی کی حد تک پہنچ گئی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں یہاں تک کہہ دیا کہ ’’ مجھے ۲؍ دسمبر تک اتحاد (مہایوتی) کو قائم رکھنا ہے اس لئے میں اس وقت کچھ نہیں کہوں گا

Ravinder Chauhan: What did I just say?
رویندر چوہان: یہ کیا کہہ گیا میں؟

مہایوتی کے درمیان  جاری نوک جھونک اب کشیدگی کی حد تک پہنچ گئی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں یہاں تک کہہ دیا کہ ’’ مجھے ۲؍ دسمبر تک اتحاد (مہایوتی) کو قائم رکھنا ہے اس لئے  میں اس وقت کچھ نہیں کہوں گا۔‘‘ ان کے بیان کا یہ مطلب نکلتا ہے کہ ۲؍ دسمبر کے بعد شیوسینا (شندے) اور بی جے پی کے درمیان ختم ہو جائے گا یا کم از کم اس کا امکان ہے۔  حالانکہ ہنگامہ کھڑا ہونے  کے بعد دونوں پارٹیوں کی جانب سے اس پر صفائی بھی دی گئی۔ 
 یاد رہے کہ ایک روز قبل سندھو درگ میں شیوسینا (شندے) کے رکن اسمبلی نلیش رانے نے بی جے پی کے ایک کارکن کے گھر جا کر اسٹنگ آپریشن کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ ان کے گھر میں ۲۵؍ لاکھ روپے نقد رکھے ہوئے تھے جو ووٹروں میں تقسیم کرنے کیلئے لائے گئے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان نے پیسے لے کر آئے تھے۔ وہ جب یہاں آتے ہیں ووٹروں میں تقسیم کرنے کیلئے پیسے لے کر آتے ہیں۔ ان کے اس بیان پر جمعہ کو رویندر چوہان سے ردعمل ظاہر کرنے کیلئے کہا۔  وہ اس وقت اپنی گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہو رہے تھے۔ انہوں نے کہا ’’ مجھے ۲؍ دسمبر تک اتحاد ( مہایوتی کو قائم رکھنا ہے ۔ اس کے بعد میں نلیش رانے کی بات کا جواب دوں گا۔  اس وقت میں کچھ نہیں کہوں گا۔ بعد میں کہوں گا۔ ویسے نلیش رانے جو کہہ رہے ہیں جھوٹ کہہ رہے ہیں۔‘‘   
 رویندر چوہان کا بیان فوراً سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور لوگ پوچھنے لگے ’’ تو کیا ۲؍ دسمبر کے بعد مہا یوتی ٹوٹ جائے گی؟‘‘ اس پر دونوں ہی پارٹیوں کے سامنے رد عمل بھی سامنے آیا۔ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے بیٹے اور رکن پارلیمان شری کانت شندے نے کہا کہ ’’دوست پارٹیوں کو ایک دوسرے کے تعلق سے بات کرتے ہوئے شائستگی کو برقرار رکھنا چاہئے۔ سبھی کو ایک دوسرے کے تئیں ضابطۂ اخلاق کا پاس رکھنا چاہئے۔  ہمارا مرکز میں بھی اتحاد ہے اور ریاست میں بھی اتحاد ہے۔ ایکناتھ شندے اور دیویندر فرنویس بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ دوست پارٹیوں کے خلاف انتخابی مہم میں سطحی زبان کا استعمال نہ کریں۔‘‘ شری کانت شندے نے کہا ’’ مجھے نہیں معلوم کہ رویندر چوہان نے کیا کہ لیکن اگر انہوں نے ایسا کہا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آگے بھی انہیں اتحاد برقرار رکھنا ہے یا نہیں؟‘‘ 
  شندے اور نائیک کی طرف سے وضاحت
 البتہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے وضاحت کی یہ اتحاد قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا ’’ ہمارا اتحاد بہت پرانا ہے۔ آنجہانی بالا صاحب ٹھاکرے، اٹل بہاری واجپئی، اور لال کرشن اڈوانی نے مل کر یہ اتحاد قائم کیا تھا ، یہ اتحاد ’نظریات ‘ کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔اب وزیر اعظم مودی کی قیادت میں این ڈی اے کی حکومت کام کر رہی ہے۔  ہمارا اتحاد ایک زمانے سے نظریات کی بنیاد پر کام کر رہا ہے ۔ یہ آگے بھی قائم رہے گا۔‘‘ دوسری طرف بی جے پی کے گنیش نائیک نے بھی چوہان کے بیان پر صفائی دی۔ نائیک  نے کہا ’’ انہوں نے بات کرتے وقت غلطی سے ایسا کہہ دیا ہوگا۔ اس بیان کو اتنی سنجیدگی سے لینے کے ضرورت نہیں ہے۔‘‘ لیکن نائیک نے یہ بھی کہا ’’گاڑی میں ہمیں خود بیٹھنے  میں دقت ہو رہی ہے ہم کسی طرح انہیں (شندے گروپ کو ) لے کر بیٹھے ہیں لیکن کل کو اگر آپ ہمیں ہی دھکیلنے کی کوشش کریں تو کون کسے دھکیلتا ہے یہ معلوم ہو جائے گا۔‘‘ گنیش نائیک کے بیان سے یہ معلوم نہیں ہو رہا ہے کہ وہ رویندر چوہان کے بیان کا دفاع کر رہے ہیں یا پھر ان کی طرح شیوسینا (شندے) کو انتباہ دے رہے ہیں۔  بی جے پی کے ایک اور وزیر گریش مہا جن نے کہا کہ ’’ رویندر چوہان کے کہنے کا مطلب یہ ہوگا کہ  ۲؍ دسمبر تک جھگڑا نہ کریں، آپس میں نہ لڑیں۔‘‘ 
ادھو ٹھاکرے کا طنز  
  اس تعلق سے میڈیا نے ادھو ٹھاکرے سے بھی سوال کیا ۔ اس پر انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا ’’ اس کا مطلب یہی ہوتا ہے کہ ’استعمال کرو اور پھینک دو۔‘ انہیں ’یوز اینڈ تھرو‘ کہنا ہوگا شاید ،  اب یہ ’تھرو ‘ کتنی دور تک جاتا ہے یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK