Inquilab Logo

نہ مجھے اپنے بیان پر افسوس ہے، نہ ہی میں معافی مانگوں گا: اجیت پوار

Updated: January 05, 2023, 1:13 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

این سی پی لیڈر نے کہا کہ’’ بی جے پی اپنے لیڈروں کے ذریعے کی گئی شیواجی مہاراج کی توہین کو چھپانے کیلئے میرے خلاف ہنگامہ کر رہی ہے‘‘

Opposition Leader Ajit Pawar`s statement in Maharashtra Assembly has created a commotion
مہاراشٹر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اجیت پوار کے بیان پر ہنگامہ مچا ہوا ہے

 چھترپتی سنبھا جی  کے تعلق سے بیان دینے پر اپوزیشن لیڈر اجیت پوار کے خلاف ریاست بھر میں مظاہرے کئے جا رہے ہیں اور ان سےاستعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ، لیکن اجیت پوار نے بدھ کو ممبئی کے ودھان بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ انہوںنے کوئی متنازع بات نہیں کہی  اور وہ اب بھی  اپنے قول پر قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا سوال ہے تو انہیں بی جے پی نے نہیں مہا وکاس اگھاڑی  نے اپوزیشن لیڈر بنایا ہے۔ اسلئے انہیں بی جے پی کو استعفیٰ مانگنے کا کوئی حق نہیں ۔
 واضح رہے کہ اجیت پوار نے ناگپور اسمبلی اجلاس میں کہا تھا کہ’’ چھترپتی سنبھا جی مہاراج دھرم ویر نہیں بلکہ سوراجیہ کے محافظ  تھے۔‘‘ ۲؍ دن بعد بی جے پی نے   پوار کے اسی بیان پر ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ اور ان کے خلاف ریاست بھر میں مظاہرے کئے جارہے ہیں۔  اجیت پوار نے کہا کہ ’’سوراج کی تشکیل میں سماج، تہذیب اور مختلف مذاہب کا تحفظ شامل ہے۔ اسی لئے سنبھا جی کو سوراج کا محافظ کہنا درست ہے۔ ویسے موبائل پر بھی سرچ کرنے پر کئی دھرم ویر مل جائے گا لیکن ہر کوئی سنبھا جی جیسا نہیں ہوتا۔‘‘ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ’’ بی جے پی  قیادت  نے ورکروںکو مظاہرہ کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ گورنر اور بی جے پی کےجن لیڈروں نے  شیواجی مہاراج کی توہین کی ہے۔ان پر سے توجہ ہٹائی جا سکے ۔
بی جے پی لیڈروں کی تصویر پر بھی چپل ماروگے؟
  اجیت پوار نے کہاکہ ’’ بی جے پی لیڈران نے چھتر پتی شیواجی  اور دیگر عظیم شخصیات کی توہین کی ہے  جو مظاہرے آج میرے خلاف کئے جارہے ہیں کیا ان لیڈروںکیلئے خلاف بھی کئے جائیں گے اور ان کی تصویر پر بھی چپل او ر جوتے مارے جائیں گے ؟‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ مَیں نے اپنی رائے رکھی ہے اور یہ ضروری نہیں کہ دیگر افراد میری رائے سے متفق ہوں گے ۔ جنہیں میرے خیال سے اتفاق نہیں وہ اسے نہ مانیں۔ مگر مجھے نہ اپنے بیان پر افسوس ہے نہ ہی میں اس پر معافی مانگوں کا ۔‘‘ اجیت پوار نے مہاوکاس اگھاڑی کے دور اقتدار میں چھتر پتی شیواجی اور مراٹھوںکیلئے کئے گئے کاموں کو بھی گنوایا ۔ ساتھ ہی یاد دلایا کہ شیواجی مہاراج کا مجسمہ نصب کرنے کیلئے ۸؍سال قبل وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھا گیا تھا لیکن اب تک اس کا کام مکمل نہیں ہو سکا ہےکیا  یہی چھتر پتی شیواجی مہاراج  کے ساتھ ان کی عقیدت ہے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK