ایک دن میں ۱۰۰؍ سے زائد اور ۱۶؍ دنوں میں ۵۰۰؍ سے زائد دھمکیاں دینے والے ملزم کا تعلق ناگپور سے ہے جو دہشت گردی کے موضوع پر کتاب کا مصنف بھی ہے
EPAPER
Updated: October 30, 2024, 11:56 PM IST | New Delhi
ایک دن میں ۱۰۰؍ سے زائد اور ۱۶؍ دنوں میں ۵۰۰؍ سے زائد دھمکیاں دینے والے ملزم کا تعلق ناگپور سے ہے جو دہشت گردی کے موضوع پر کتاب کا مصنف بھی ہے
گزشتہ ۱۵؍ دنوں سے ملک بھر میں کہرام مچانے والے ایک اور ملزم کی شناخت ہوگئی جو ہوائی جہازوں میں بم کی افواہ اڑایا کرتا تھا۔ اس کا تعلق ناگپور سے ہے اور وہ دہشت گردی کے موضوع پر ایک کتاب کا مصنف بھی ہے۔ فی الحال وہ فرار ہے جسے پکڑنے کیلئے پولیس کی کئی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ خیال رہے کہ ۲۹؍ اکتوبر کو صرف ایک دن میں ۱۰۰؍ سے زائد طیاروں کو دھمکیاں دی گئی تھیںجن میں ایئر انڈیا کی ۳۶؍، انڈیگو کی۳۵؍ اور وستارا کی۳۲؍ پروازیں شامل ہیں جبکہ گزشتہ ۱۶؍ دنوں میں ۵۰۰؍ سے زائد ہوائی جہازوں میں بم رکھنے کی افواہ اُڑائی جاچکی ہےتاہم تفتیش کے دوران تمام دھمکیاں جعلی پائی گئیں۔
ناگپور پولیس کے مطابق اس معاملے میں شناخت کئے گئے ملزم کا تعلق گوندیا علاقے سے ہے۔۳۵؍ سالہ مذکورہ ملزم کا نام ’جگدیش اوئیکے‘ ہے۔ڈی سی پی شویتا کھیڈکر نے کہا کہ پولیس ٹیم نے فرضی ای میل کی جانچ کرکے ملزم کا سراغ لگالیا ہے لیکن ملزم تاحال مفرور ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کی گرفتاری کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اسے۲۰۲۱ء میں ایک کیس میں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ۱۶؍ دنوں میں۵۰۰؍ سے زائد پروازوں میں بم ہونے کی دھمکیاں دینے والے دو نوجوان پہلے ہی پکڑے جا چکے ہیں۔
اس سلسلے میں دہلی پولیس نے۲۵؍ سالہ شبھم اپادھیائے کو ۲۶؍ اکتوبر کو گرفتار کیا تھا۔ اس نے۲۵؍ اکتوبر کو آئی جی آئی ایئرپورٹ پر ایک فلائٹ میں بم کی ۲؍ جھوٹی دھمکیاں پوسٹ کی تھیں۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ اس نے مشہور ہونے کیلئے ایسا کیا تھا۔اس سے قبل ممبئی پولیس نے چھتیس گڑھ کے راج ناندگاؤں سے ایک۱۷؍ سالہ نابالغ کو حراست میں لیا تھا۔ اس نے پیسوں کے لین دین میں تنازع کے بعد اپنے ایک دوست کو پھنسانے کیلئے اس کے نام سے ’ایکس‘ اکاؤنٹ بنایا اور اس کے ذریعہ۱۴؍ اکتوبر کو ایک دن میں ۴؍ فلائٹس میں بم ہونے کی افواہ اُڑائی تھی۔
اس حوالے سے ناگپور پولیس کے ایک سینئرعہدیدار نے بتایا جگدیش اوئیکے نے مختلف سرکاری اداروں بشمول وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او)، وزیر ریلوے، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور مہاراشٹر کے نائب وزرائے اعلیٰ، ایئر لائنز کے دفاتر، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) اور ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کو اس طرح دھمکیوں بھرے ای میل بھیجے۔
ناگپور پولیس نے شہر میں نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ دیویندر فرنویس کی رہائش گاہ کے باہر حفاظتی انتظامات بڑھا دیئے جب اوئیکے نے ایک ای میل بھیج کر یہ دھمکی دی تھی کہ اسے خفیہ دہشت گردی کے کوڈ کے بارے میں اپنی معلومات پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔ ناگپور پولیس کے عہدیدار نے مزید بتایا کہ اس نے ای میل بھیج کر وزیر اعظم مودی سے بھی ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی تاکہ دہشت گردی کے خطرات کے بارے میں ان سے تبادلہ خیال کرسکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ۲۱؍ اکتوبر کو وزیر ریلوے اشونی ویشنو کوبھی اوئیکے کی جانب سے ای میل بھیجے گئے۔ اسی طرح ڈی جی پی اور آر پی ایف کو بھی ای میل بھیجے گئے، جس کے بعد ریلوے اسٹیشنوں پر حفاظتی اقدامات بڑھا دیئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ جگدیش اوئیکے کو گرفتار کرنے کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے،اسلئے امید کی جانی چاہئے کہ وہ بہت جلد پولیس کی گرفت میں ہوگا۔
واضح رہے کہ ۲۹؍ اکتوبر تک۱۶؍ دنوں میں۵۰۰؍ سے زائد پروازوں کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔تفتیشی ایجنسیوں نے بتایا کہ ان میں سے زیادہ تر دھمکیاں سوشل میڈیا کے ذریعے جاری کی گئیں۔ ذرائع نے پہلے بتایا کہ۲۹؍ اکتوبر سے قبل ۲۲؍ اکتوبر کو صرف ایک دن میں۵۰؍ سے زائد پروازوں، بشمول انڈیگو اور ایئر انڈیا کی۱۳۔۱۳؍ فلائٹس کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔
ان دھمکیوں کے بعد مرکزی حکومت کی جانب سے۲۶؍ اکتوبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کیلئے ایک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ آئی ٹی کی وزارت کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق اگر وہ اس طرح کی غلط معلومات کو فوری طور پر نہیں ہٹائیں گے تو آئی ٹی ایکٹ کے تحت انہیں حاصل مراعات فوری طور پر واپس لے لئے جائیں گے۔ مذکورہ وزارت نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کی معلومات کو فوری طور پر ہٹانے کے ساتھ ہی اس کی معلومات متعلقہ حکام کو بھی دینی ہوں گی۔